انڈین ہوکر پاکستانی کرکٹ ٹیم کی حمایت؟ کیوں نہیں!


کرکٹ ورلڈ کپ میں انڈیا اور پاکستان کا میچ بس اتوار کو ہونے ہی والا ہے۔ دونوں ممالک میں کرکٹ کے شائقین اس میچ کا بےصبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

کرکٹ کے میچ ویسے ہی مزےدار ہوتے ہیں لیکن انڈیا پاکستان رائولری کی بات ذرا الگ ہے۔ جو جوش، جو جذبہ، جو شدت ان دونوں ممالک کے درمیان کھیلے جانے والے میچز کے دوران فینز میں نظر آتی ہے، اس سے تو ہم سب واقف ہیں۔

لیکن کیا کھیل اور حب الوطنی کا تعلق ناگزیر ہے؟ کیا ایسا ہو سکتا ہے کہ ایک انڈین پاکستانی ٹیم کے لیے تالیاں بجائے؟ یا ایک پاکستانی انڈین ٹیم کی حمایت کرے؟ چلیں انڈیا پاکستان میچ میں نہ صحیح، دوسرے میچز میں؟

ٹوٹر پر بابا گلوکل کے نام سے ایک ہینڈل نے انڈین مسلمانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’بااثر مسلمانوں کو اگر پاکستان کی ٹیم اور ان کا کھیل پسند ہے تو انہیں اپنی آواز بلند کرنی ہوگی۔۔۔۔ حراساں ہونا بند کریں۔ کوئی کسی کو حب الوطنی کا سرٹیفیکیٹ دینے کا اہل نہیں۔‘

https://twitter.com/BabaGlocal/status/1138853470650413058

انہوں نے مزید لکھا کہ، ’آپ ایک ملک میں رہتے ہیں، وہاں ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ آپ کی شہریت کی وجہ سے وہ ملک آپ کو کچھ سہولیات فراہم کرتا ہے اور آپ کا خیال رکھتا ہے۔ آپ اس ملک سے پیار کریں یا اس پر تنقید کریں، یہ آپ پر ہے۔‘

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ویسے تو پاکستان ان کی پسندیدہ ٹیم نہیں ہے، لیکن وہ چاہتے ہیں کہ انڈیا ہارے تاکہ وہ ایک بار پھر ندامت کی قیمت سمجھ سکے۔ ’فتح، انتہا پسندی کی حد تک قوم پرستی، گھمنڈ اور بےانتہا پیسہ، اس سب سے ہم اوروں کی نظروں میں چھوٹے ہوتے جا رہے ہیں۔ اور اگر ہم فیلڈ پر معمول کی سپورٹس مینشپ کا مظاہر کریں تو وہ بھی بڑی خبر بن جاتی ہے۔‘

https://twitter.com/BabaGlocal/status/1138860426333237248

بابا گلوکل کی ان باتوں سے ہمیں لگا کہ کیوں نہ سوشل میڈیا پر کچھ ایسے لوگوں کو تلاش کریں جو ایک دوسرے کی ٹیموں کو سپورٹ کرتے ہیں۔ اور ایک نہیں ہمیں ایسے بہت سے لوگ ملے۔۔ اتنے کی سب کا ذکر اس مختصر سٹوری میں ممکن نہیں۔ کچھ سے آپ کو ملواتے ہیں۔۔

ہمیں ثناء ملیں، جو پاکستانی ہیں، اور جن کے شوہر بِکرم انڈین ہیں۔ پاکستان آسٹریلیا میچ میں ان کے شوہر ان کے ساتھ سٹیڈیم میں انڈین ٹیم کی جرسی پہن کر پاکستان کی پرزور حمایت کرتے رہے۔ ثناء کہتی ہیں کہ پاکستانی شائقین ان سے بہت خوش تھے اور ان کے شوہر ’کم آن جیجا جی‘ کہہ کہہ کر شعیب ملک کی حوصلہ افزائی کرتے رہے!

https://twitter.com/sanaajatoi/status/1139252662778695686

ہمیں پربھات ہنڈو ملے جو انڈین ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ نوے کی دہائی میں پاکستانی ٹیم کے بہت بڑے فین تھے۔ انڈیا پاکستان میچ میں نہیں لیکن پاکستانی ٹیم کو کھیلتا دیکھنے میں بہت مزہ آتا تھا۔

ہمیں زبیدہ جعفری ملیں، جو پاکستانی ہیں، اور کہتی ہیں کہ سیاست کو الگ کر دیں تو انڈین ٹیم ان کی نظر میں اس وقت کی بہترین ٹیم ہے اور انڈیا نے کھیل کو ہمیشہ عمدہ کھلاڑی دیے ہیں۔

ہمیں یہ بھی پتا چلا کہ پاکستانی ٹیم کے فینز کے علاوہ انڈیا میں بہت سارے لوگ آج بھی وسیم اکرم کے مداح ہیں۔

پرشیل جو انڈیا سے ہیں، نے لکھا، کہ وسیم اکرم کے اِن سوِنگر سے رونگٹے کھڑے ہو جاتے تھے۔ کس قدر عمدہ بالر! انڈیا کے پاس ویسا بالر کبھی نہیں تھا۔‘

نیرجا گوگوئی بھی انڈیا سے ہیں اور ان کی امی وسیم اکرم کی بہت بڑی فین ہیں۔

https://twitter.com/Herzlichefeuer/status/1139436028211523584

اروِند نے لکھا کہ وہ بچپن سے وسیم اکرم اور عمران خان کے مداح ہیں۔ 92 کے ورلڈ کپ کی بہت میٹھی یادیں ہیں جب انہوں نے پاکستان کو سپورٹ کیا تھا۔۔ ’ایک کرکٹ فین کی حیثیت سے کبھی کوئی نفرت نہیں، صرف ستائش ہی کی ہے۔‘

ہمیں یہ بھی پتہ چلا کہ بہت سارے پاکستانی موجودہ انڈین ٹیم اور کھلاڑیوں کے بہت بڑے مداح ہیں۔

پاکستان سے خرم اقبال نے لکھا کہ ’کوہلی اور انڈین ٹیم کے لیے صرف پیار ہے۔ اگر پاکستان اس مقابلے سے باہر ہو جائے تو میں یہ امید کروں گا کہ انڈیا ورلڈ کپ جیت جائے۔‘

https://twitter.com/adeelahmad2/status/1139326442058211329

پاکستان سے ہی عدیل نے کہا ’یہ انڈین ٹیم بہت ہی اچھی ہے اور قوم پرستی سے پرے اس کی پذیرائی کی جانی چاہیے۔‘

تو بات یہ ہے کہ کرکٹ ایک کھیل ہے اور انڈیا پاکستان کا مقابلہ مزےدار اور پرجوش تو ہمیشہ رہا ہے، اور رہے گا لیکن اس جوش کے پیچھے نفرت ہو یہ ضروری نہیں۔ اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتے ہوئے بھی دوسری ٹیم کی اچھائیں دیکھی جا سکتی ہیں۔ اور شاید ایسے کھیل کا مزہ اور بھی بڑھ جاتا ہے!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32467 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp