سینئر صحافی و کالم نویس رحمت علی رازی انتقال کر گئے


سینئر صحافی و کالم نویس رحمت علی رازی حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کرگئے۔

تفصیلات کے مطابق رحمت علی رازی فیصل آباد سے ایک شادی میں شرکت کے بعد لاہور واپس رہے تھے تو انہیں راستے میں ہی دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ رحمت علی رازی کی نماز جنازہ آج (ہفتہ کو) لاہور میں ادا کی جائے گی۔

رحمت علی رازی طویل عرصے تک روزنامہ جنگ میں کالم لکھتے رہے ہیں اور کچھ عرصہ قبل وہ روزنامہ 92 نیوز سے وابستہ ہوگئے تھے۔ ان کے لاہور میں 2 ذاتی اخبارات بھی تھے جو روزنامہ عزم اور روزنامہ طاقت کے نام سے شائع ہوتے ہیں۔

رحمت علی رازی بہاولپور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے صحافتی کیرئیر کا آغاز 1974 میں کیا۔ رحمت علی رازی تحقیقاتی صحافت اور کالم نویسی کے میدان میں شہرت رکھتے تھے۔ انہوں نے 1987 سے 1996 کے دوران تحقیقاتی رپورٹنگ میں 7 اے پی این ایس ایوارڈز حاصل کر کے صحافت کی تاریخ میں ایک سنہرا باب رقم کیا۔

رحمت علی رازی کو 23 مارچ 2000 میں “صدراتی تمغہ برائے حسن کارکردگی ”سے بھی نوازا گیا۔ رحمت علی رازی سینئر صحافی اور دی نیوز کے رپورٹر احمد نورانی کے چچا تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).