بشکک میں عمران خان کی مودی سے ملاقات و مصافحہ


کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں وزیراعظم عمران خان کی بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات بھی ہوئی اوردونوں میں مصافحہ بھی ہوا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں میں ملاقات طے شدہ نہیں تھی، دنیا داری تھی، وہ ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لیے کوئی عجلت نہیں نہ کوئی گھبراہٹ ہے۔ بھارت جب بھی مذاکرات کے لیے تیار ہو گا، پاکستان کو تیار پائے گا۔ پاکستان کی سوچ بڑی حقیقت پسندانہ اور مدبرانہ ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا ہےکہ بھارت کے ساتھ برابری اور باوقار طریقے سے مذاکرات کریں گے۔ ہمیں نہ کسی کے پیچھے دوڑنے کی ضرورت ہے نہ ہی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم مودی مجھے کھوئے کھوئے سے نظر آئے۔ ایسا لگ رہا تھا مودی جی عمران خان سے آنکھیں نہیں ملا پا رہے۔ وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے موقع پر مودی کی آنکھیں بند تھیں۔ انہوں نے کہا تعجب ہوا کہ روسی اور چینی زبان میں تقریریں سننے کے لیے مودی نے ہیڈ فون نہیں لگائے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل میں امریکا کی مدد کررہا ہے،پاکستان کے مثبت رویے پر امریکا بھی مثبت ردعمل کا مظاہرہ کرے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا کو چاہیے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری قربانیوں کا اعتراف کرے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی وزیرخارجہ سےملاقات میں آئی ایم ایف معاہدے اور ایف اے ٹی ایف پر بات ہوگی جبکہ انہیں ایف اے ٹی ایف سےمتعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان ،روسی صدرکےدرمیان پاک روس دو طرفہ تعاون پر بہت مثبت گفتگو ہوئی۔ روسی صدر سے ڈیڑھ گھنٹے سے زائد ملاقات میں افغانستان اور گلف کی صورت حال پر بات ہوئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایسا نہیں ہوتا کہ روس کے ساتھ تعلقات سے کسی اورملک سے تعلقات خراب ہوں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).