بے غیرت، بے حیا، ناقص العقل


والدین کو اپنے بچوں کی اچھی تربیت کرنی چاہیے، رشتہ سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے، اگر شوہر مارپیٹ کرے تو فوراً طلاق لے لینی چاہیے، دولت دیکھ کر شادی کریں گے تو یہ ہی ہو گا، پہلے سے چھان پھٹک کرنی چاہیے، محبت کی شادی کا یہ ہی انجام ہو نا تھا۔ یہ سارے مشورے، نصیحتیں اور باتیں عورت کے ساتھ ہونے والے کسی بھی بھیانک واقعے کے بعد سب ہی لوگ کرتے ہیں۔ امیر ہوں یا غریب، اعلیٰ تعلیم یافتہ ہوں یا، ان پڑھ، ملحدین ہوں یا کٹر مذہبی گھرانے، مہذب معاشروں میں بھی خواتین قتل ہوتی ہیں۔

عورت کا سوال کرنا، حق مانگنا، جواب دینا یہ کسی کو کسی صورت نہیں بھاتا۔ ایک ذرا سا ڈمپل مار دیا، کسی کے سر کو کاٹ کر فٹ بال بنا کر ذرا دیر کھیل لیا، بہن، بیوی، بیٹی، کو غیر مرد کے ساتھ دیکھ کر ذرا غیرت آ گئی۔ شاباشی بھی ملی اور تھوڑی سی قید بھی۔ غیرت کی وجہ سے فوری اشتعال پر جو دفعہ لگتی ہے اس نے کتنے ہی غیرت مندوں کو تحفظ اور آئیڈیا دے رکھا ہے۔ یہ غیرت صرف اپنی عورت کو پرائے مرد کے ساتھ شک یا یقین پر ہی جاگتی ہے۔ پرائی عورت کو ننگا دیکھنے اور کرنے پر نہیں جاگتی۔ وہ تو ٹھیک ہے مگر عورت میں غصہ، ڈر، اور غیرت کیوں نہیں۔ وہ اپنے شوہر کی کھانے میں زہر کیوں نہیں ملاتی، وہ اپنے شوہر کے سر پر کوئی راڈ کیوں نہیں مارتی کہ مجھے اس سے جان کا خوف تھا یا میرے شوہر کے کسی دوسری عورت سے تعلقات تھے۔

عورت کے اندر بھی غیرت کا کوئی مادہ ہے کہ نہیں؟ تو سیدھا جواب ہے کہ عورت انتہائی بے غیرت ہوتی ہے۔ یہی تو وجہ ہے کہ کبھی کبھی محض رعب میں لینے کے لیے وہ بیوی کو بتا یا کرتا ہے کہ کتنی عورتیں اس پر عاشق ہیں۔ اور تن، من دھن وارنے کو تیار ہیں۔ اور کبھی جو دریا دلی پر اتریں تو کمال دریا دلی سے اعتراف۔

یار! صورت حال ہی ایسی تھی میں کیا، کوئی ولی بھی ہوتا تو بچ نہیں سکتا تھا۔

ایک صاحب نے اپنی بیوی کو عاشق بن کر خط لکھا بیوی نے پڑھا، گھبرا گئی، چھپا دیا۔
شوہر نے خط کی بابت پوچھا بیوی گھبرا گئی کہا، نہیں کوئی خط نہیں آیا۔
اسے بہت مارا کہ میں نے تیرا امتحان دینے کے لیے تجھے آزمایا تھا کہ تو مجھ پر کتنا اعتبار کرتی ہے۔

بے غیرت ہونے کے ساتھ ساتھ عورت ناقص العقل بھی ہوتی ہے، کہ ایسے عجیب شخص کے ساتھ بھی زندگی گزار ہی لیتی ہے۔

مگر کچھ عورتیں بے حیا بھی ہوتی ہیں۔ شوہر سے طلاق کا مطالبہ کر دیتی ہیں۔ نہ دے تو عدالت سے خلع لے لیتی ہیں۔
بس اب کیا کیا جائے معاشرے میں بگاڑ کا باعث یہ ہی بے غیرت، بے حیا اور ناقص العقل عورتیں ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments