ریلو کٹے مت کھلاؤ: کپتان کا میچ جیتنے کے لئے سرفراز کو مشورہ


پاکستان کے وزیراعظم عمران خان صاحب نے کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان سرفراز کو بھارت سے جیتنے کے لئے اپنے نہایت وسیع تجربے کی روشنی میں اہم مشورے دیے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے پانچ ٹویٹس کی ہیں اور سرفراز کو کہا ہے کہ ٹیم میں ریلو کٹے رکھنے کی بجائے ماہر باؤلر اور بیٹسمین رکھیں۔ ان کی ٹویٹس کا ترجمہ ذیل میں پیش کیا جا رہا ہے۔

جب میں نے اپنا کرکٹ کیرئیر شروع کیا تھا تو میرا یہ مفروضہ تھا کہ کامیابی ستر فیصد ٹیلنٹ اور تیس فیصد ذہن کا نتیجہ ہوتی ہے۔ جس وقت میں نے کرکٹ کھیلنا ختم کیا تو میرا احساس تھا کہ یہ شرح ففٹی ففٹی ہے۔ لیکن اب میں گواسکر سے اتفاق کرنے کی طرف مائل ہوں کہ یہ ساٹھ فیصد ذہنی طاقت اور چالیس فیصد ٹیلنٹ ہوتا ہے۔ آج ذہن کا کردار ساٹھ فیصد سے زیادہ ہو گا۔

آج کے میچ کی شدت کو دیکھتے ہوئے، دونوں ٹیمیں شدید ذہنی دباؤ میں ہوں گی اور ذہن کی طاقت آج کے میچ کا فیصلہ کرے گی۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ سرفراز کی شکل میں ہمارے پاس ایک بولڈ کپتان ہے اور آج وہ اپنی بہادری کے عروج پر ہو گا۔

ہار کے تمام خیالات دماغ سے نکال دینے چاہئیں کیونکہ دماغ ایک وقت میں صرف صرف ایک خیال کو ہی پراسیس کر سکتا ہے۔ شکست کا خوف ایک منفی اور دفاعی حکمت عملی کی طرف لے جاتا ہے اور حریف کی فیصلہ کن غلطیوں سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکتا۔ تو یہ سرفراز اور پاکستانی ٹیم کے لئے میرے مشورے ہیں۔

ایک جارحانہ حکمت عملی کے لئے سرفراز کو سپیشلٹ بیٹسمینوں اور باؤلروں کا انتخاب کرنا چاہیے کیونکہ ”ریلو کٹے“ شاذ و نادر ہی پریشر میں پرفارم کرتے ہیں، خاص طور پر اس شدید قسم کے (پریشر میں) جو آج پیدا ہو گا۔ اگر پچ نم نہیں ہے تو سرفراز کو ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنی چاہیے۔

آخر میں، گو کہ انڈیا فیورٹ ہو سکتا ہے، شکست کے تمام خیالات کو جھٹک دو۔ اپنی بہترین کوشش کرو اور آخری بال تک فائٹ کرو۔ اس کے بعد جو بھی نتیجہ نکلتا ہے اسے ایک سچے سپورٹس مین کی طرح قبول کرو۔ قوم کی دعائیں تمہارے ساتھ ہیں۔ گڈ لک۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).