انڈیا، پاکستان ٹاکرا: کیریئر کے آغاز میں مشکلات کے بعد روہت شرما نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا


روہت

روہت شرما کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ ون ڈے انٹرنیشنل میں تین ڈبل سنچریاں بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں

کرکٹ میں ہر دور میں سپر اسٹارز کے ہی چرچے رہتے ہیں اور ایسے میں دوسرے کھلاڑی بہت کچھ کر کے بھی سپر اسٹارز کی طرح شہ سرخیوں میں دکھائی نہیں دیتے۔

سنیل گواسکر جس دور میں کھیلے اس میں گنڈاپا وشواناتھ اور دلیپ وینگسارکر بھی بہت بڑے کھلاڑی تھے۔ سچن تندولکر نے جس دور میں کرکٹ کھیلی اس میں سارو گنگولی اور راہل ڈراوڈ بھی کچھ کم نہ تھے۔

آج کا دور ویراٹ کوہلی کا ہے لیکن کوئی مانے یا نہ مانے، انڈین بیٹنگ لائن میں ایک اور بڑا نام روہت شرما کا بھی ہے۔

مزید پڑھیں

کرکٹ ورلڈ کپ: بارشوں کا کیا کریں؟

’بولر کوئی بھی ہو مجھے صرف گیند ہی نظر آتی ہے‘

ایسے پرستار جن کے دم سے کرکٹ کے میدانوں میں رونقیں ہیں

یوں تو روہت شرما نے تینوں فارمیٹس میں انڈیا کی نمائندگی کر رکھی ہے اور وہ اپنے ٹیسٹ کریئر کی پہلی تین اننگز میں تین سنچریاں بھی بنا چکے ہیں لیکن محدود اوورز کی کرکٹ میں انھوں نے جس طرح انڈین ٹیم کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کر رکھی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

https://twitter.com/Rehan_ulhaq/status/1140231752436408322

روہت اپنے بعد آنے والے بیٹسمین کا کام بڑی حد تک آسان کر دیتے ہیں کیونکہ وہ بڑی آسانی اور بڑے اعتماد سے حریف بولرز کے ابتدائی وار کو جھیل لیتے ہیں۔

روہت شرما کا کھیل بہت سادہ لیکن شائقین کے دلوں کو بھانے والا ہے۔ ان کے پاس اسٹروکس کی خوبصورت رینج موجود ہے۔ ان کی بیٹنگ کے بارے میں اگر ویراٹ کوہلی جیسا کرکٹر یہ کہہ دے کہ وہ صرف سوچ ہی سکتے ہیں کہ روہت شرما جیسے شاٹس کھیل سکیں تو اس سے بڑھ کر کیا بات ہوسکتی ہے۔

وراٹ

ان کی بیٹنگ کے بارے میں اگر ویراٹ کوہلی جیسا کرکٹر یہ کہہ دے کہ وہ صرف سوچ ہی سکتے ہیں کہ روہت شرما جیسے شاٹس کھیل سکیں تو اس سے بڑھ کر تعریف کیا ہو سکتی ہے؟

ایک روزہ میچوں میں روہت کے ابتدائی چند سال تگ و دو میں گزرے تھے لیکن جب کمزوریوں پر قابو پالیا تو پھر انھیں روکنے والا کوئی نہ تھا اور یہ اس وقت ہوا جب انھیں اوپنر کی حیثیت سے کِھلانے کا فیصلہ ہوا۔

روہت شرما کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ ون ڈے انٹرنیشنل میں تین ڈبل سنچریاں بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں۔

انھیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ ون ڈے انٹرنیشنل کی تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے بیٹسمین ہیں۔

انھوں نے 2014 میں سری لنکا کے خلاف کولکتہ میں 173 بولز میں 264 رنز بنائے تھے۔

روہت شرما کو زندگی میں سب سے بڑا افسوس 2011 کے عالمی کپ میں نہ کھیلنے کا ہے جو انڈیا نے جیتا تھا۔

https://twitter.com/sanjaymanjrekar/status/1140240759041482752

اس ورلڈ کپ میں روہت شرما نے جس طرح آغاز کیا ہے اس نے کپتان ویراٹ کوہلی کے حوصلے بڑھا دیے ہیں کیونکہ انھیں پتا ہے کہ بھارتی ٹیم کو سیمی فائنل تک لے جانے میں روہت شرما کی بیٹنگ کتنا اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

روہت شرما نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے میچ میں ناقابل شکست سنچری بنائی جس کے بعد آسٹریلیا کے خلاف وہ نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے۔ پاکستان کے خلاف ہائی وولٹیج گیم میں روہت نے جس اعتماد سے پاکستانی بولنگ کو بے بس کردیا اس نے بھارتی ٹیم کے لیے ایک بڑے اسکور تک پہنچنے کا پلیٹ فارم بھی مہیا کردیا۔

روہت

پاکستان کے خلاف ہائی وولٹیج گیم میں روہت نے جس اعتماد سے پاکستانی بولنگ کو بے بس کردیا اس نے بھارتی ٹیم کے لیے ایک بڑے اسکور تک پہنچنے کا پلیٹ فارم بھی مہیا کردیا

روہت شرما نے اس سے قبل گذشتہ ستمبر میں پاکستانی بولرز کے خلاف ایشیا کپ میں بھی سنچری بنائی تھی جس کا مطلب یہ ہے کہ انھیں پاکستانی بولرز سے نمٹنے کا فن آتا ہے۔

انھوں نے دو سال قبل چیمپینز ٹرافی کے گروپ میچ میں بھی 91 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی لیکن فائنل میں وہ محمد عامر کی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوئے تھے جس کے بارے میں یہی کہا جاسکتا ہے کہ وہ روہت شرما کا اچھا دن نہیں تھا لیکن ان کا ہر دن برا بھی نہیں ہوتا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32541 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp