نئے پاکستان کی شان میں چند تعریفی کلمات


آج میں نئے اور پرانے پاکستان میں فرق تلاش کر رہا ہوں تاکہ نئے پاکستان کی تعریف میں چند تعریفی کلمات لکھ کر ثواب دارین کما سکوں۔ مگر پرانے پاکستان کی نحوست ہی ایسی ہے جہاں جہاں نئے پاکستان کا ذکر کرنے لگتا ہوں پرانا پاکستان بھی ساتھ پہنچا ہوتا ہے۔

انتہائی غوروخوض کے بعد کچھ بات سمجھ آئی کہ دیکھیں نئے پاکستان میں معیشت بہتر کی جا رہی ہے۔ عوام پر ٹیکسز بڑھا کر اور تنخواہوں میں معمولی سا اضافہ کرکے معاشی منصوبہ پیش کیا گیا ہے یہی تو نیا پاکستان ہے۔ ابھی تعریف مکمل نہیں ہوتی کہ پرانا پاکستان عرض کرتا ہے جناب! یہ معاشی منصوبہ تو میرے دور میں بھی ہوسکتا تھا۔ مگر جب جب ٹیکسز بڑھانے کا بجٹ پیش کیا جاتا یا تنخواہوں میں خاطرخواہ اضافہ نہ ہوتا تو عمران خان دھرنا دینے کا اعلان کردیتا۔ اگر یہی معاشی منصوبہ ہے تو پھر میرے ( پرانے پاکستان کے ) دور میں یہ ناجائز کیوں تھا؟

ایک مرتبہ پھر میری کوشش ہوتی ہے کہ دیکھیں! عمران خان باہمت بندہ تھا دھرنے دیتا، احتجاج کرتا، بڑے بڑے شہر بند کرتا تھا۔ مگر نئے پاکستان میں یہ نہیں ہوتا تو مطلب لوگ خان صاحب کی مہنگائی سے خوش ہیں۔ پرانا پاکستان مخاطب ہوتا ہے جناب! پرانے پاکستان میں تو دھرنے والوں کو ڈی چوک تک رسائی حاصل تھی۔ عمران خان جمہوریت پسند کہتا رہتا ہے ہم خود انہیں کنٹینرز مہیا کریں گے۔ مگر نئے پاکستان میں تو معمولی سے احتجاج پر بھی گولیاں برسنے لگتی ہیں۔ اگر اسی طرح دھرنے روکنے ہیں یہ طریقہ تو پھر پرانے پاکستان میں بھی آزمایا گیا۔ مگر اس وقت تو آپ سب نے اسے ظلم سمجھا جبکہ اب جواز بخششا جارہا ہے۔

ایک طویل مکالمہ کے بعد میں نے پوچھا۔ اچھا مسٹر پرانے پاکستان یہ تو بتاؤ تمہارے دور میں تمام ادارے حکومتی مؤقف کے ساتھ کھڑے تھے؟ کیا تمام ادارے ایک پیچ پر تھے؟

پرانا پاکستان میرے اس سوال کا جواب نہ دے سکا اور خاموشی سے اٹھ کر جانے لگا۔ جاتے جاتے یہ کہتے ہوئے چلا گیا کہ کاش پرانے پاکستان میں بھی سبھی ادارے ایک پیج پر ہوتے۔ اور حکومت کی اتنی ہی مدد کرتے جتنی نئے پاکستان کی بڑھ چڑھ کر کی جارہی ہے تو آج نئے پاکستان کی نوبت ہی نہ آتی سب لوگ پرانے پاکستان میں ہی خوش رہتے۔ اتنا کہنے کے بعد ایک مرتبہ پھر مخاطب ہوا سنیے آپ کئی دنوں سے نئے پاکستان کی تعریف میں کچھ لکھنا چاہتے تھے ناں! تو آج کھل کر لکھیں کہ نئے پاکستان کا سب سے بڑا کارنامہ یہی ہے کہ تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔ تمام ادارے حکومت کو مکمل سپورٹ کر رہے ہیں۔ جبکہ پرانے پاکستان میں ادارے اور حکومت اکثر ایک دوسرے سے ناراض رہتے تھے۔

اس مکالمہ میں میری جیت ہوئی اور پرانا پاکستان اپنی ہار تسلیم کرتے ہوئے چلا گیا۔ اب نئے پاکستان کی شان میں چند تعریفہ کلمات لکھنا تو بنتے ہیں۔ نیا پاکستان زندہ باد


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).