وینا ملک اور ثانیہ مرزا پاکستان، انڈیا میچ کے بعد ٹوئٹر پر کیوں الجھیں؟


ورلڈ کپ کے دوران انڈیا پاکستان کے میچ کا شاخسانہ سوشل میڈیا پر وینا ملک اور ثانیہ مرزا کے درمیان تلخ کلامی کی صورت نکلا اور اس نے نئی بحث کو جنم دے دیا۔ اس بحث کے کئی پہلو ہیں اور ہر پہلو پر سوشل میڈیا کے لوگ اپنی اپنی سمجھ کے اعتبار سے رائے دینے سے گریز نہیں کر رہے ہیں۔

میچ میں پاکستان کی شکست کے بعد اپنی خراب کارکردگی کے لیے سینيئر کرکٹر شعیب ملک تو پہلے سے ہی لوگوں کے نشانے پر تھے لیکن جب سے ایک ریستوران میں ثانیہ مرزا کے ساتھ ان کی تصویر وائرل ہوئی ہے، ثانیہ بھی اس کی زد میں آ گئیں۔

کسی نے انھیں انڈیا کا بارھواں کھلاڑی، کسی نے را (انڈیا کی خفیہ ایجنسی) کا ایجنٹ، کسی نے انڈر کور، تو کسی نے انڈیا کی جیت میں ان کے کردار پر بات کی۔

اس سے قبل کسی ریستوران کے باہر کسی نے ثانیہ کی ان کے بیٹے کے ساتھ ویڈیو بھی بنائی جو وائرل ہوئی اور اس پر ثانیہ مرزا نے برہمی کا اظہار کیا۔ ویڈیو ڈالنے والے نے ویڈیو ہٹا تو لی لیکن ابھی اس کے متعلق ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی تلخی کم نہیں ہوئی تھی کہ پاکستانی اداکارہ وینا ملک نے ایک نصیحت آموز ٹویٹ کر ڈالا جو شاید جلتی پر تیل کا کام کر گیا۔

دراصل وینا ملک نے جنک فوڈ ریستوران آرچیز میں ثانیہ کو اپنے بچے کے ساتھ جانے کے بارے میں تادیبی قسم کا ٹویٹ کیا تھا۔

 

https://twitter.com/iVeenaKhan/status/1140662185955332096

انھوں نے لکھا: ‘ثانیہ، میں آپ کے بچے کے بارے میں واقعی متفکر ہوں۔ آپ لوگ اسے شیشہ پینے والی جگہ لے گئے۔ کیا یہ صحت کے لیے مضر نہیں؟ جہاں تک مجھے علم ہے آرچی جنک فوڈ کے لیے جانا جاتا ہے جو کہ ایتھلیٹ/بچوں کے لیے ٹھیک نہیں۔ آپ کو یہ بہتر طور پر معلوم ہونا چاہیے کیونکہ آپ خود ایک ماں اور ایک ایتھلیٹ ہیں؟’

ثانیہ نے اس کے جواب میں لکھا: ‘وینا، میں اپنے بچے کو شیشے کی جگہ نہیں لے گئی تھی۔اس سے نہ آپ کو اور ناں ہی دنیا کے باقی لوگوں کو سروکار ہونا چاہیے کیونکہ میرے خیال سے میں اپنے بیٹے کا کسی سے بھی زیادہ خیال رکھتی ہوں۔ دوسرے یہ کہ ناں میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ڈائٹیشین ہوں، ناں ہی ان کی ماں یا پرنسپل یا ٹیچر ہوں۔’

 

ان دو ٹویٹس سے سوشل میڈیا کو مصالحہ مل گیا اور انھوں نے اپنی پسند کے اعتبار سے حمایت اور مخالفت شروع کر دی۔ پاکستان اور انڈیا دونوں جگہ ثانیہ مرزا ٹرینڈ کرنے لگیں۔

بقول وینا ملک ثانیہ مرزا ان کی بات پر اس قدر بھڑکیں کہ انھوں نے ان کے ماضی کو لے کر ذاتی کمنٹس کر ڈالے لیکن بعد میں انھوں نہ صرف ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی بلکہ وینا ملک کو بلاک بھی کر دیا۔

اس پر وینا نے ٹویٹ کیا: ‘تو ایسا ہوا۔ پہلے انھوں نے ٹویٹ کیا پھر ٹویٹ کو ڈلیٹ کر دیا اور مجھے بلاک کردیا۔ میں نے اپنے خدشات کو انتہائی مہذب، ٹھنڈے اور سلیقے سے ظاہر کیا تھا۔ اس پر صحت مندانہ بحث ہو سکتی تھی۔’

خیال رہے کہ اتوار کو پاکستان کی شکست کے بعد سے ایک ریستوران کی تصویر وائرل ہے جس میں ثانیہ مرزا، ان کے شوہر شعیب ملک کے ساتھ کرکٹر انعام الحق، وہاب ریاض، عماد وسیم وغیرہ دیکھے جا سکتے ہیں۔ ان کے درمیان ایک بوتل ہے اور دھوئیں کے مرغولے اٹھ رہے ہیں۔

اس ویڈیو کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ سنیچر اور اتوار کی شب کی بات ہے۔ لیکن پاکستانی کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ جمعے اور سنیچر کے درمیانی شب کی بات ہے۔

ان سب کے باوجود بہت سے لوگ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی فٹنس کے بارے میں لاپروائی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔

شعیب ملک نے بھی ایک ٹویٹ کے ذریعے معاملہ ٹھنڈا کروانے کی کوشش کی۔۔۔

 

سوشل میڈیا پر ردِعمل

انڈیا میں زیادہ تر لوگ ثانیہ کے حق میں نظر آتے ہیں لیکن بہت سے ایسے ہیں جو ثانیہ کے دوسرے ٹویٹ پر زیادہ ناراض ہیں جس میں ثانیہ نے وینا ملک کے ماضی کو کریدنے کی کوشش کی ہے۔

ایک نے لکھا: ’ثانیہ نے وینا کو انھیں کے انداز میں جواب دیا۔ بہت اچھا تھا۔‘

اس کے جواب میں ’سانو کی‘ نامی صارف نے لکھا: ’ثانیہ نے ایک انتہائی معمولی بحث جیتنے کے لیے وینا کو اخلاق باختہ کہہ کر شرمندہ کیا۔ مجھے اس کی کبھی امید نہ تھی۔ آج انھوں نے بہت سے لوگوں کے درمیان اپنا وقار کھو دیا۔‘

جبکہ مہوش بھٹی نے ایک ٹویٹ نے لکھا: ‘ثانیہ، وینا ملک تنخواہ پر ہیں اور وہ کسی بھی چیز پر کسی کو بھی ٹرول کریں گی۔ انھیں نظر انداز کریں۔’

 

مریم نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا: ‘وینا ملک نے انتہائی سمجھداری کے ساتھ ثانیہ مرزا کو اپنے بچے کو شیشے کی جگہ لے جانے کے خطرات کے بارے میں بتایا۔ اسے ایسا نہیں کرنا چاہیے۔ وہ ان کا بچہ نہیں تھا۔ لیکن پھر عالمی شہریت یافتہ ایتھلیٹ بھابھی اپنے پر اتر آئیں اور وینا کو ان کے ماضی کی یاد دلائی، ایسا ماضی جسے وہ پیچھے چھوڑ چکی ہیں۔ ثانیہ مرزا کی جانب سے یہ بہت نیچے اترنا تھا۔’

 

آدم بیزار نامی صارف نے لکھا: ‘ثانیہ مرزا نے وینا ملک کو سلٹ کہہ کر شرمسار کرنے کی کوشش کی جبکہ برسوں سے انھوں نے خود کو بیدار شخص کے طور پر پیش کیا ہے۔ میں ان (ثانیہ) کی مداح تھی لیکن اب میں متنفر ہوں۔

 

https://twitter.com/adambeyzaar/status/1140725593388060673

‘اگر ان کا حال بھی ویسا ہی ہوتا جیسا کہ ماضی تھا تو بھی سلٹ کہہ کر شرمسار کرنا اچھا نہیں۔۔۔’

‏عائشہ نواز نے مریم کا جواب دیتے ہوئے لکھا: ‘ثانیہ مرزا کے لیے اپنے ہی سلیبریٹی کی تضحیک اور تنقید خالصتاً غیر اخلاقی ہے۔ وینا ملک اپنے ٹویٹ میں غلط نہیں تھیں۔ لیکن دوسری جانب ثانیہ نے بہت نیچے گر کر اپنی اصلیت کو واضح کر دیا ہے۔ وہ ہمارے لیے سلیبریٹی نہیں ہیں۔ وہ منھ پھٹ اور مغرور خواتون کے علاوہ کچھ نہیں۔’

 

جبکہ انڈیا کی معروف صحافی برکھا دت نے ثانیہ کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا: ‘ثانیہ نے بے سرو پا جنسیت پر ٹھیک کہا جو انھیں دوسرے ملک کی شکست کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے۔’

 

جبکہ مانو پروہت نامی صارف نے لکھا: ‘وینا ملک، ثانیہ مرزا نے اصل ٹویٹ کو تبدیل کرکے آپ کو غیر ضروری ٹرول سے بچا لیا لیکن آپ اس کی مستحق نہیں۔ ثانیہ بہت مہربان رہیں لیکن ہم سب نہیں ہیں۔’

دراصل ڈلیٹ کیے ہوئے ٹویٹ میں ثانیہ نے وینا ملک کے ایک میگزن پر شائع ہونے والی تصویر کا ذکر کرکے اسے بچوں کے لیے نقصاندہ قرار دیا تھا۔

 

ایس ایس اسالٹ کے نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا: ‘ثانیہ مرزا نے اپنی گھٹیا ذہنیت کا مظاہرہ کیا جبکہ وینا ملک نے طنز کرتے ہوئے بھی صحیح بات کہی۔ اور اس گولی سے بچنے کے لیے انھوں نے سلٹ شیمنگ کارڈ کھیلا۔ اور پھر ٹویٹ ڈلیٹ کر دیا اور اس کا مختصر روپ پیش کیا۔ لیکن ایس ایس نے اسے لے لیا۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp