بشکیک اجلاس: کیا پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان انڈیا کے مودی پر بازی لے گئے؟


کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقدہ شنگھا‏ئی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سربراہی اجلاس کئی لحاظ سے سرخیوں میں رہا۔

انعقاد سے پہلے تو اس پر انڈیا کی سوشل میڈیا میں وزیر اعظم مودی کے لیے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت پر گرما گرم بحث رہی۔

اس کے بعد انڈین وزیر اعظم نے پاکستانی فضائی حدود کا استعمال کیے بغیر ایران اور عمان کے راستے بشکیک جانے کا فیصلہ کیا۔ ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ انڈیا نے ‘پہلے اجازت مانگ کر غلطی کی اور پھر اسے خود مسترد کرکے دوسری غلطی کر ڈالی۔’

ا س کے بعد پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان کے تعلق سے یہ مباحثہ شروع ہو گیا کہ انھوں نے روایتی سفارتی آداب کا خیال نہیں کیا۔

جب دوسرے سربراہان مملکت کھڑے ہو کر آنے والے مہمانوں کا ابھی استقبال کر ہی رہے تھے تو اس وقت عمران خان اپنی نشست پر بیٹھے تسبیح گنتے رہے۔

ان سب سے قطع نظر، انڈیا میں سوشل میڈیا پر کئی دنوں سے وزیر اعظم نریندر مودی کی بھی کئی تصاویر کے ساتھ ایک ویڈیو بھی گردش کر رہی ہیں اور انھیں تبصروں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انڈیا کی وزارت خارجہ نے ایک تصویر پوسٹ کی جس پر سویڈن میں مقیم ’کنفلکٹ سٹڈیز‘ کے پروفیسر اشوک سوائیں نے طنز کرتے ہوئے لکھا: ‘دنیا کے سب سے طاقتور لیڈر کو کنارے لگا دیا؟’

 

https://twitter.com/ashoswai/status/1139408836635156480

اس کے بعد انھوں نے یہ سوال بھی کیا کہ انڈیا کی آبادی پاکستان سے ایک ارب زیادہ ہے جبکہ معیشت آٹھ کھرب زیادہ ہے پھر بھی سمجھ میں نہیں آتا کہ انڈیا کے عظیم رہنما نریندر مودی کو کرغستان کے نائب وزیر اعظم لینے کے لیے آئے جبکہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو لینے وہاں کے وزیر اعظم پہنچے!

 

https://twitter.com/ashoswai/status/1139536980448952322

اشوک سوائیں نے ایک اور سوال پوچھ لیا: ‘بشکیک میں شی (جن پنگ)، پوتن اور یہاں تک کہ عمران خان کو کرغستان کے صدر سورنبے جینبےکوف کے الآرکا صدارتی محل میں ٹھہرایا گیا۔ لیکن انڈیا کے عظیم رہنما مودی کو 30 کلومیٹر دور سینٹرل بشکیک کے اورین ہوٹل میں ٹھہرایا گیا۔ کیوں؟’

جبکہ دوسری طرف وکاس تومر نامی ایک صارف نے ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: ‘جب بارش آئی تو کرغستان کے صدر نے مودی کے لیے چھتری تانی۔۔۔’

 

آر کے ہوریا نامی ایک ٹوئٹر ہینڈ ل سے ایک دوسری تصویر پوسٹ کی گئی اور اس کے ساتھ یہ سوال کیا گیا کہ بشکیک میں واقعی مودی نے عمران خان کو دانستہ خفیف کیا اور تنہا کر دیا، جو کہ گودی میڈیا ہمیں کبھی بھی نہیں بتاتی ہے۔’

 

انڈیا میں مودی کی حمایت کرنے والی میڈیا کو طنزیہ طور پر ‘گودی میڈیا’ کہتے ہیں۔

لیکن جو ویڈیو وائرل ہوئی ہے وہ بشکیک کے عشائیے کی تقریباً ڈیڑھ منٹ کی ویڈیو ہے اور اس کو بہت سے لوگوں نے ٹویٹ کیا ہے اور فیس بک پر پوسٹ کیا ہے۔ اور سب نے اس کے ساتھ اپنی اپنی رائے پیش کیا ہے۔

اشعر جاوید نامی ایک صارف نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: ‘بشکیک میں اجلاس کے دوران عمران تقریباً سارے وقت پوتن کے ساتھ مرکز میں رہے جبکہ مودی سستی سے منھ پھلائے بیٹھے رہے۔ انڈیا خود کو مغرب کے سامنے چین کے خلاف توازن کے طور پر پیش کرتا ہے جب کہ اس کے عزائم ایس سی او یوریشین مقاصد کے مخالف ہیں۔ جبکہ دوسری جانب پاکستان امریکی مدار سے باہر نکل رہا ہے۔’

 

بی ایل یادو نامی ایک صارف نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے تنبیہ کی ہے کہ بھکت اس ویڈیو کو نہ دیکھیں۔ (بھکت انڈیا میں ان لوگوں کے لیے ان دنوں استعمال ہو رہا ہے جو مودی اور بی جے پی کی اندھی تقلید کرتے ہیں)

اس کے ساتھ انھوں نے طنزاً لکھا: ’اس ویڈیو کو دیکھ کر لگتا ہے کہ سچ مچ اپنے مودی جی کی دنیا میں بہت دھاک ہے۔ دنیا کا بڑے سے بڑا رہنما مودی جی کی بہت عزت کرتا ہے!! یہ ویڈیو بیشکیک سربراہی اجلاس کے دوران دینے جانے والے ڈنر کی ہے۔ بھکت اس ویڈیو کو نہ دیکھیں۔’

 

ان کی اس پوسٹ کو پونے تین سو بار شیئر کیا گیا ہے جبکہ سینکڑوں افراد نے اس پر اپنے تاثرات پیش کیے ہیں۔

کنورجیت سنگھ نامی صارف نے لکھا: وہاں بھائی اور بہنوں سننے والا کوئی نہیں۔ (یہ مودی جی کا انداز خطاب ہے)

ایک نے لکھا: ‘انڈیا میں آ کر پھینکے گا (شیخی بگھاڑے گا) مودی کا ڈنکا دنیا میں بج رہا ہے۔’ چند مزید جوابات مندرجہ ذیل تصویر میں دیھکیں۔

روندر کمار نے لکھا: ‘وشو گرو کو سانپ سونگھ گیا ہے کیا۔’ (وشو گرو یعنی دنیا کو راہ دکھانے والا، انڈیا میں بہت سے لوگ ایسا کہتے اور چاہتے ہیں)۔

ارجن شرما نے لکھا: ‘وہ انڈیا کے ہیرو ہیں۔ سبزی خور ہونے کی وجہ سے وہ کچھ کھا نہیں رہے ہیں صرف لوگوں کو کھاتے اور باتیں کرتے دیکھ رہے ہیں۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp