علیحدگی کے بعد شوہر کے ساتھ بچہ پیدا کرنے کی خواہش مند خاتون نے عدالت سے رجوع کر لیا


بھارتی ریاست مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی کی عدالت میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا مقمہ سامنے آیا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ممبئی کی ایک 35 سالہ خاتون کا اپنے شوہر سے طلاق کا مقدمہ 2017 سے عدالت میں چل رہا تھا۔ اس دوران اس خاتون نے اپنے اسی شوہر کے بچے کی ماں بننے کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ عدالت نے خاتون کی درخواست منظور کرتے ہوئے اس کے شوہر کو حکم دے دیا ہے کہ طلاق سے قبل اپنی بیوی کے ساتھ ایک اور بچہ پیدا کرے۔اور اگر شوہر براہ راست جسمانی تعلق سے گریز چاہتا ہے تو مصنوعی بارآوری کے ذریعے خاتون کی خواہش پوری کرے۔

رپورٹ کے مطابق خاتون نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ ”ہمارا ایک بچہ اس سے پہلے ہے اور میں چاہتی ہوں کہ ایک اور بچہ پیدا کروں، اس سے پہلے کہ عمر زیادہ ہو جانے کے باعث میری افزائش نسل کی صلاحیت ختم ہو جائے۔ اگر میرا شوہر چاہے تو کچھ عرصے کے لیے ہم تعلق بحال کر سکتے ہیں اور اگر وہ تعلق بحال نہیں کرنا چاہتا تو آئی وی ایف (مصنوعی طریقہ افزائش) کے ذریعے بچہ پیدا کر لے۔

رپورٹ کے مطابق خاتون کے شوہر نے اس کی اس درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ میں اس خاتون کے ساتھ مزید بچہ پیدا نہیں کرنا چاہتا تاہم عدالت نے خاتون کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے اس کے شوہر کو حکم دیا ہے کہ اگر تم اپنی بیوی کے ساتھ دوبارہ تعلق قائم نہیں کرنا چاہتے تو اس کے ساتھ کسی کلینک پر جاﺅ اور آئی وی ایف کے لیے ڈاکٹر سے مشورہ کرو۔ عدالت نے 26جون تک ڈاکٹر سے مشورہ کر کے اس کی مصدقہ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).