کم جونگ ان کو ٹرمپ کی جانب سے ’شاندار‘ خط موصول


کم جونگ ان

کم جونگ ان کو صدر ٹرمپ کا خط پڑھتے ہوئے دکھایا گیا۔

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ اس کے رہنما کم جونگ ان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایک ذاتی خط موصول ہوا ہے۔

سرکاری نیوز ایجنسی کے سی این اے کے مطابق کم جونگ ان نے خط کو ‘بہترین’ قرار دیا اور کہا کہ وہ اس کے دلچسپ مواد پر ‘سنجیدگی سے غور کریں گے۔’

اس کے علاوہ انہوں نے صدر ٹرمپ کی ‘غیر معمولی ہمت’ کی بھی داد دی۔

رواں ماہ کے اوائل میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہیں شمالی کوریا کے رہنما کی جانب سے ایک خوبصورت خط بھیجا گیا ہے۔

یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ٹرمپ کا خط کم جونگ ان کو کب یا کیسے ملا اور اس کے مواد کی تفصیلات بھی نہیں دی گئیں۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے بھی اس پر تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

فروری میں کم جونگ ان اور ٹرمپ کے درمیان ویتنام میں ہونے والی ملاقات کے دوران امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان مذاکرات جمود کا شکار ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

کم جونگ ان ٹرین سے ہی سفر کیوں کرتے ہیں؟

جوہری ہتھیار چلانے کا بٹن ہر وقت میز پر ہوتا ہے: کم جونگ ان

ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ ان کی تاریخی ملاقات

سیؤل سے بی بی سی کی نامہ نگار لورا بیکر کے مطابق یہ خط تب سے اب تک دونوں ممالک کے درمیان پہلی بڑی پیش رفت ہے۔

امریکہ نے شمالی کوریا پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے نیوکلیئر پروگرام سے دستبردار ہوجائے جبکہ شمالی کوریا نے پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ کیا ہے۔

مگر حالیہ مہینوں میں ٹرمپ نے کم جونگ ان کا تذکرہ گرم جوشی سے کیا ہے۔

جون میں ہی ٹرمپ نے کہا تھا کہ کم جونگ ان کی قیادت میں شمالی کوریا میں آگے بڑھنے کی ‘زبردست صلاحیت’ موجود ہے۔

اور مئی میں جاپان کے دورے کے دوران ٹرمپ نے کم جونگ ان کو ایک ‘نہایت ذہین شخص’ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ شمالی کوریا سے ‘بہت سی اچھی چیزوں’ کی امید رکھے ہوئے ہیں۔

جب مئی میں شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربات کا دعویٰ کیا تھا تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنا ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کم جونگ اُن بہتر تعلقات کی راہ کو خطرے میں نہیں ڈالیں گے۔

انھوں نے مزید کہا تھا کہ ‘شمالی کوریا کے سربراہ جانتے ہیں کہ میں ان کے ساتھ ہوں، میں نہیں چاہتا کہ وہ اپنا وعدہ توڑیں، معاہدہ ہو کر رہے گا۔ مجھے یقین ہے کہ کم جونگ اُن کو مکمل طور پر شمالی کوریا کی بڑی اقتصادی صلاحیت کا پورا احساس ہے اور وہ اس میں مداخلت یا اسے ختم کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں کریں گے۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32289 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp