تحریک انصاف حکومت نے 11 ماہ میں 5 ارب ڈالر نہیں بلکہ نو ارب پچاس کروڑ ڈالر قرض لیا


تحریک انصاف کی حکومت اپنے ابتدائی 11 ماہ میں 9 ارب 50 کروڑ ڈالر کے غیر ملکی قرض لے چکی ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق گزشتہ 11 ماہ کے دوران حکومت نے 9 ارب 50 کروڑ ڈالر کے غیر ملکی قرض لئے ہیں ان میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے کیش ڈپازٹ کی صورت میں لئے گئے 5 ارب ڈالر شامل نہیں۔

حکومت نے صرف مئی کے مہینے میں مشرق وسطیٰ اور یورپ کے بینکوں سے 54 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے مہنگے قرضے لیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت رواں ماہ بیرونی قرضوں کی ادائیگی کرے گی، جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر 6 ارب 50 کروڑ ڈالر تک رہ جائیں گے۔

یاد رہے کہ مریم نواز نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ن لیگ نے پانچ سال میں دس ہزار ارب روپے قرض لیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے پہلے 10 ماہ میں ہی پانچ ہزار ارب روپے قرض لے لیا جو تیز ترین قرضوں کا ریکارڈ ہے لیکن اب موجودہ حکومت کی طرف سے حاصل کیے قرضوں کی ناقابل یقین تفصیلات منظرعام پرآئی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).