کرکٹ ورلڈ کپ 2019: اظہر محمود کہتے ہیں کہ اچھی کارکردگی دکھانے والی ہر ٹیم پر ایک برا دن ضرور آتا ہے


اظہر محمود

اظہر محمود کہتے ہیں کہ وہ فی الحال ایک وقت میں ایک میچ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود کو امید ہے کہ ’کسی بھی ٹیم کا ایک دن برا ضرور ہوتا ہے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم کا برا دن بدھ (آج) کو ہو سکتا ہے۔‘

کرکٹ ورلڈ کپ کے 33ویں میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آج ایجبسٹن میں مدِ مقابل ہوں گی۔

سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے پاکستانی ٹیم کے لیے یہ میچ جیتنا بہت ضروری ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم ابھی تک چھ میں سے پانچ میچز جیت کر گیارہ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرِفہرست ہے۔

ٹورنامنٹ کی دوسری ناقابل شکست ٹیم انڈیا کے خلاف ان کا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا۔

اظہر محمود یہ تسلیم کرتے ہیں کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بہت ہی مضبوط ہے اور اس کے پاس میچ ونر کھلاڑی موجود ہیں لیکن ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم اگر کھیل کے تمام شعبوں میں نظم و ضبط کا مظاہرہ کرے تو وہ کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ کسی بھی ٹورنامنٹ میں لگاتار اچھی کارکردگی دکھانے والی ہر ٹیم کا ایک برا دن ضرور آتا ہے اور ہو سکتا ہے نیوزی لینڈ کی ٹیم کا برا دن بدھ (آج) ہو۔

اظہر محمود

اظہر محمود اور مکی آرتھر

ان کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی تاریخ ہے کہ وہ لگاتار میچز جیتنے کے بعد کوارٹر فائنل یا سیمی فائنل میں پہنچ کر ہار جاتی ہے۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ورلڈ کپس کی تاریخ میں ایک فائنل اور چھ سیمی فائنلز کھیل چکی ہے۔

اظہر محمود نے مزید کہا کہ وہ فی الحال ایک وقت میں ایک میچ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور انھیں معلوم ہے کہ پاکستانی ٹیم کے لیے اب تینوں میچز جیتنا ضروری ہیں جس کے بعد ہی پتا چلے گا کہ پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے یا نہیں؟

ان کے خیال میں پاکستانی بولرز کے لیے ضروری ہو گا کہ وہ نئی گیند کے ساتھ ابتدا میں ہی وکٹیں حاصل کریں جبکہ بیٹنگ میں ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو ذمہ داری دکھانی ہو گی۔

اظہرمحمود نے شاہین شاہ آفریدی کی جگہ محمد حسنین کو کھلائے جانے کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے گذشتہ میچ میں اچھی بولنگ کی ہے تاہم میچ میں چار فاسٹ بولرز کھلانے کا فیصلہ میچ کی صبح وکٹ دیکھ کر کیا جائے گا۔

پاکستان ٹیم

پاکستان ٹیم ایجبیسٹن میں پریکٹس کرتے ہوئے

پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ کے بارے میں اظہر محمود کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ فیلڈنگ اچھی ہے لیکن 13 کیچز ڈراپ ہوئے ہیں تاہم اگر انگلینڈ کی ٹیم کو بھی دیکھیں تو اس نے بھی اس ٹورنامنٹ میں اب تک دس کیچز گرائے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ یہ کسی بھی ٹیم کے ساتھ ہو سکتا ہے، یہ کھیل کا حصہ ہے اور اس میں اہم بات یہ ہے کہ کھلاڑی کیچ ڈراپ کرنے کے بعد اگلے کیچ کے لیے خود کو کتنا تیار رکھتا ہے اور وہ کتنا پراعتماد رہتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp