خوشونت سنگھ لمبی اور صحت مند زندگی پانے کا راز بتاتے ہیں


ہندوستان کے بے حد مقبول مصنف خشونت سنگھ نے پڑھنے والوں کے دل و دماغ روشن بھی کیے اور ان میں غصے کی لہریں بھی پیدا کیں۔ انہوں نے اپنے مزاح، ایماندارانہ انداز بیاں، چبھتے ہوئے خیالات اور گہرے مشاہدات سے قارئین کو مسحور کیے رکھا۔ ’دہلی‘ اور ’ٹرین ٹو پاکستان‘ ان کی معروف تخلیقات ہیں۔ انیس صد اسی سے چھیاسی تک پارلیمنٹ کے ممبر رہے۔ ان کو انیس سو چوہتر میں پدما بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا جو انہوں نے انیس سو چوراسی میں امرت سر گولڈن ٹیمپل پر انڈین آرمی کے آپریشن پر احتجاجا واپس کر دیا۔

آپ دو ہزار چودہ میں ننانوے برس کی عمر میں وفات پا گئے۔ آپ نے لمبی اور بھرپور زندگی بسر کی۔ عمر کے آخری سال تک کام کرتے رہے۔ خشونت سنگھ لمبی عمر پانے اور صحت مند اور خوش باش رہنے کے لیے چند ہدایات دیتے ہیں جن کا مفہوم درج ذیل ہے۔

صحت مند زندگی کے لیے باقاعدگی سے کھیلنا ضروری ہے۔ سکوائش، بیڈ منٹن یا گالف وغیرہ۔ یا پھر باقاعدہ ورزش کیجیئے۔ ایک گھنٹہ تیز چلنا، جاگنگ یا تیراکی بے حد مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔
اگر آپ کھیل یا ورزش نہیں کر سکتے تو دن میں ایک بار مساج کروائیں۔ سر سے پاؤں تک مساج سے خون کر گردش بہتر ہوتی ہے۔

کھانے پینے کی مقدار کم رکھیں۔ کھانا کھانے کے معمول پہ سختی سے عمل کریں۔ دن کا آغاز تازہ پھلوں کے جوس سے کیجیئے۔ امرود کا جوس زیادہ بہتر رہتا ہے۔
ڈنر کرنے سے پہلے اپنے آپ کو تنبیہہ کریں ’زیادہ ہرگز نہیں کھانا‘ ۔ کوشش کریں کہ کھانا اکیلے بیٹھ کر خاموشی سے کھائیں۔

ایک قسم کی سبزی یا گوشت کھائیں اور اس کے بعد ہاضمے کے لیے چورن استعمال کریں۔
حتی المقدور اپنے آپ کو قبض سے بچائیں۔ اپنی آنتیں ہر حال میں صاف رکھیں خواہ آپ کو کوئی بھی دوا یا طریقہ استعمال کرنا پڑے۔

ذہنی سکون و اطمینان کے لیے ضروری ہے کہ آپ کا بینک بیلنس زیادہ ہو۔ ضروری نہیں کہ کروڑوں میں ہو۔ اتنا ہو کہ مستقبل کی ضرورتیں پوری کرنے کے لیے کافی ہو۔ اچانک بیماری کی صورت میں علاج کے لیے کافی پیسے ہوں۔

غصے سے اجتناب کریں۔ اکثر اوقات ہنستے مسکراتے رہیں۔
جھوٹ مت بولیں۔
ضرورت مندوں میں دل کھول کر سخاوت کیجیئے۔ یہ روح کو پاک رکھتی ہے۔ آپ کے پاس جو کچھ بھی ہے آپ ساتھ لے کر قبر میں نہیں جا سکتے۔

عبادت میں زیادہ وقت گزارنے کی بجائے کوئی مشغلہ اپنائیں۔ باغبانی، موسیقی، بچوں کی امداد یا ضرورت مندوں کی مدد۔ یاد رکھیں اپنے آپ کو ہمیشہ مصروف رکھنا ضروری ہے۔ اپنے ہاتھ اور دماغ دونوں کو کام میں لگائے رکھیں۔

احمد نعیم چشتی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

احمد نعیم چشتی

احمد نعیم چشتی درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔ سادہ اور چھوٹے جملوں میں بات کہتے ہیں۔ کائنات اور زندگی کو انگشت بدنداں تکتے رہتے ہیں۔ ذہن میں اتنے سوال ہیں جتنے کائنات میں ستارے۔ شومئی قسمت جواب کی تلاش میں خاک چھانتے مزید سوالوں سے دامن بھر لیا ہے۔

ahmad-naeem-chishti has 76 posts and counting.See all posts by ahmad-naeem-chishti