’مہربانی ہو گی عمران خان ان ممالک کے نام بھی بتا دیں‘


نواز شریف اور حسین نواز

نواز شریف آج کل کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں جبکہ حسین نواز کو عدالت اشتہاری قرار دے چکی ہے

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف نے بیٹوں نے پاکستان کے دو دوست ممالک کے حکام سے رابطہ کر کے اپنے والد کو ریلیف دلوانے کی سفارش کرنے کی درخواست کی ہے۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کے ایک پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے ان ممالک کا نام لیے بغیر کہا کہ ’دو ممالک کو انھوں نے پیغام بھجوائے، ان (نواز شریف) کے بیٹوں نے ان سے کہا کہ مجھ سے سفارش کریں، کسی طرح ان کو باہر بھجوا دیں۔‘

وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس پر ان ممالک کی جانب سے عمران خان سے رابطہ کیا گیا اور انھیں اس بارے میں بتایا گیا۔ ’انھوں نے کہا کہ سفارش آئی ہے لیکن ہمیں آپ کا پتا ہے۔ آپ کے اندرونی معاملات میں بالکل مداخلت نہیں کریں گے۔‘

ادھر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے وزیراعظم کے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان ممالک کا نام ظاہر کریں جن سے مدد لینے کی کوشش کرنے کا الزام حسن اور حسین نواز پر لگایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

این آر او: کیا ’نہ‘ کا مطلب واقعی میں ’نہ‘ ہے؟

نواز شریف چپ تو مریم نواز کا ٹوئٹر خاموش کیوں؟

’یہ سوال کرتے ہیں، میں ان سے جواب مانگنے لگا ہوں‘

’فوج کی نرسری میں پلنے والے دوسروں کو سلیکٹڈ کیسے کہہ سکتے ہیں‘

برائے مہربانی انھیں ’سلیکٹڈ وزیرِاعظم‘ مت کہیں۔۔۔

وزیر اعظم عمران خان نے انٹرویو کے دوران یہ بھی کہا کہ ‘این آر او کے لیے کسی کی سفارش نہیں چلے گی۔ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جانب سے نواز شریف اور آصف علی زرداری کو دیے گئے این آر او نے ملک کو تباہ کر دیا اور بعد ازاں دونوں نے ایک دوسرے کو این آر او دیا۔’

تاہم ان کا یہ ضرور کہنا تھا کہ ‘این آر او تو ہونا نہیں ہے، پلی بارگین ہو سکتی ہے۔ آصف زرداری مشکل میں ہیں تو پیسہ واپس کر دیں جبکہ نواز شریف بھی پیسہ واپس کریں اور علاج کے لیے بیرون ملک چلے جائیں۔’

وزیر اعظم عمران خان نے ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو ریلیف دینے کے لیے کسی قسم کے دباؤ سے متعلق کہا کہ ’ایسا پہلی مرتبہ ہے کہ پاک فوج، حکومت کے ایجنڈے اور منشور کے ساتھ کھڑی ہے، کوئی ملک سے فرار نہیں ہو سکتا اور نہ کوئی سفارش کام آئے گی۔‘

انھوں نے منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت گرفتار یا سزا یافتہ سیاست دانوں کی جیل میں سہولتیں ختم کرنے پر بھی بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں وزارت قانون کو کہہ چکا ہوں کہ منی لانڈرنگ کرنے والوں کو عام جیل میں ڈالا جانا چاہیے اور جلد ہی اس حوالے سے قانون سازی کی جائے گی۔’

عمران خان کا کہنا تھا کہ ‘ان منی لانڈررز کو علم ہونا چاہیے کہ ملک میں عام مجرم کے ساتھ کیسا سلوک ہوتا ہے۔‘

وزیر اعظم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینیئر رکن اور سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری طرف سے کسی قسم کی کوئی سفارش کبھی بھی کسی کے ذریعے سے کسی کو نہیں کی گئی۔ ہمارے مقدمات عدالتوں میں ہیں اور ہم ان کا سامنا بھی وہیں کر رہے ہیں۔‘

نامہ نگار عماد خالق سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’وزیر اعظم کی مہربانی ہوگی کہ وہ ان دو ممالک کے نام بھی بتا دیں تاکہ ہم اپنا احتجاج کسی جگہ پر ریکارڈ کروا سکیں۔‘

نواز اور زرداری

انھوں نے مزید تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیر اعظم کے پاس پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق کوئی ایسا اختیار نہیں کہ وہ عدالتی فیصلوں کو تبدیل کر سکیں یا عدالتی فیصلوں کے برعکس اپنے کسی حکم نامے کے ذریعے کسی کو رہا کر سکیں۔ جب ان کے پاس ایسی کوئی طاقت ہے ہی نہیں تو پھر ان سے سفارش کروانا غیر ضروری ہی سمجھا جا سکتا ہے۔‘

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے متعدد بار مسلم لیگ ن کی قیادت پر این آر او مانگنے کے الزامات پر بات کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وہ جس تکرار سے یہ بات کہتے ہیں تو پھر انھیں یہ تسلیم کر لینا چاہیے پاکستان میں کوئی عدالتی نظام موجود نہیں ہے اور جتنی انتقامی کارروائیاں نواز شریف کے ساتھ کی جا رہی ہیں اس کی ذمہ داری وہ خود قبول کر لیں۔

پلی بارگین کی آپشن کے سوال کے جواب میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ابھی تک نیب نے نواز شریف پر پاکستان سے اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے کسی بدعنوانی کا نہ تو مقدمہ درج کیا ہے نہ ہی الزام لگایا ہے۔

’انھیں جس مقدمہ میں سزا سنائی ہے اس میں جج نے واضح کیا ہے کہ ان پر بدعنوانی کا کوئی الزام نہیں ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ پلی بارگین وہاں پر ہوتا ہے جہاں پر بدعنوانی کا یا قومی خزانے سے رقم کے حصول کا معاملہ ہو۔ نواز شریف پر آج تک نہ کوئی مقدمہ درج کیا گیا ہے اور نہ ہی ایسا کوئی الزام لگا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32299 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp