انڈیا: مودی سرکار نے ’نوآبادیاتی‘ بریف کیس کی جگہ سرخ تھیلی میں بجٹ پیش کردیا


نرملا سیتارمن کی سرخ تھیلی

انڈین وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن نے جمعے کو اپنا پہلا بجٹ پیش کیا، جس میں دلچسپ بات یہ تھی کہ انھوں نے بجٹ کے دستاویزات ’نوآبادیاتی‘ دور کے بریف کیس کی جگہ سرخ تھیلی میں اٹھائے ہوئے تھے۔

نرملا سیتارمن نے، جو انڈیا کی تاریخ کی دوسری خاتون وزیرِ خزانہ ہیں، جس سرخ تھیلی میں بجٹ دستاویزات اٹھائے رکھے تھے اسے ہندی زبان میں بہی کھاتہ کہتے ہیں۔

48882238ان کے اقتصادی مشیر کرشنا مورتی سبریمنیان کے مطابق یہ ’مغربی سوچ کی غلامی‘ کے خاتمے کی علامت ہے۔

یاد رہے کہ یہ انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی کے دوسرے دورِ حکومت کا پہلا بجٹ ہے۔

یہ بھی پڑھیے

الہ آباد: ’نام کی تبدیلی نے شہر کی روح کو قتل کر دیا‘

انڈیا میں ’اسلامی‘ ناموں کے خلاف ’جنگ‘

برطانیہ نے برصغیر کی تیسری صنف کو کیوں مٹانا چاہا؟

نرملا سیتارمن اس سے پہلے انڈیا کی وزیرِ دفاع رہ چکی ہیں۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں انھوں نے معاشرے کے درمیانے طبقے کے لیے گھروں کی سہولت، نئے کاروبار کے لیے مراعات، اور انفراسٹرکچر کی بہتری جیسے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

ان سے پہلے سنہ 1970-71 کے دوران انڈیا کی وزیرِ اعظم اندرا گاندھی نے وزیرِ خزانہ کے اضافی فرائض سرانجام دیے تھے۔

پالیمانی سپیکر اوم برلا نے بجٹ تقریر کے بعد انھیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے ’انڈیا کی پہلی کل وقتی خاتون وزیرِ خزانہ‘ کہہ کر پکارا ہے۔

تاہم ان کی بجٹ کے موقع پر استعمال کردہ سرخ تھیلی انڈیا اور دنیا بھر کے سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہی ہے۔

جہاں کچھ لوگوں نے انڈین روایتوں کی پاسداری کرنے پر نرملا سیتارمن کی تعریف کی تو دوسری طرف کچھ ناقدین نے انھیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دریافت کیا کہ وہ بجٹ پیش کرنے کے لیے پالیمان میں کار کی جگہ بیل گاڑی پر کیوں نہیں آئیں۔

کچھ لوگوں نے یہ کہہ کر بھی مذاق اڑانے کی کوشش کی ہے کہ کیا ان کی بجٹ تقریر کاغذ کی جگہ کھجور کے پتوں پر لکھی ہوئی تھی۔

https://twitter.com/IndiaHistorypic/status/1146819321940733952

بجٹ بریف کیس انڈیا کی نوآبادیاتی تاریخ کا اہم حصہ رہا ہے۔ معروف مصنف سمانتھ سبریمنیم کے مطابق ’یہ ایک اہم نوآبادیاتی اثاثہ ہے جو ہمیں برطانیہ کے چانسلر برائے خزانہ کی کئی دہائیوں تک دی جانے والی بجٹ تقاریر کی یاد دلاتا ہے۔‘

لیکن یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ انڈیا کے کسی وزیرِ خارجہ نے بجٹ بریف کیس کو استعمال نہیں کیا۔

انڈیا کے پہلے وزیرِ خزانہ آر کے شان مکھم چیٹی نے اپنی بجٹ تقریر میں چمڑے کا بستہ استعمال کیا تھا، جو بریف کیس جیسا ہی تھا۔

اس میں دلچسپ بات یہ ہے کہ انگریزی زبان کا لفظ ’بجٹ‘ ایک پرانے فرانسیسی لفظ سے بنا ہے جس کا مطلب چھوٹا بیگ ہے۔

https://twitter.com/sakshi_411/status/1147023748110798848

روایت کے مطابق برطانیہ کے ہاؤس آف کامنز میں اقتصادی پالیسی کا اعلان کرتے وقت چمڑے کا ایک بستہ لایا جاتا تھا۔ اب وہاں اس کا جدید متبادل سرخ بجٹ بوکس ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp