ملالہ یوسفزئی کے ساتھ کینیڈین سیاستدان کی تصویر زیر بحث کیوں؟


کینیڈا کے صوبے کیوبک کے وزیرِ تعلیم جان فرانسوا روبیرج کو امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین شخصیت ملالہ یوسفزئی کے ساتھ تصویر بنوانے پر تنفید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ملالہ سر پر ڈوپٹہ پہنتی ہیں لہذا وہ کینیڈا کی اس صوبے (کیوبک) میں بطور معلم کام نہیں کر سکیں گی۔

اور اس کی وجہ یہ ہے کہ گذشتہ دنوں کیوبک میں ایک متنازعہ قانون منظور ہوا ہے جس کے تحت سرکاری ملازمین بشمول اساتذہ پر یہ پابندی عائد کی گئی ہے کہ وہ اپنے کام کی جگہ پر مذہبی علامات (جیسا کہ سکارف، ڈوپٹہ، ٹوپی، پگڑی وغیرہ) نہیں پہن سکتے۔

وزیر تعلیم کے ساتھ لی گئی تصویر میں ملالہ کو سر پر ڈوپٹا اوڑھے دیکھا جا سکتا ہے۔

جان فرانسوا روبیرج نے کہا ہے کہ انھوں نے ملالہ کے ساتھ تعلیم تک رسائی اور عالمی ترقی کے بارے میں بات چیت کی۔

جون میں کیوبک میں ایک سیکیولر قانون منظور کیا گیا جو ایسے سرکاری ملازمین جو ‘اختیار’ رکھنے والے عہدوں پر فائز ہیں وہ دفتری اوقات میں ’مذہبی علامات‘ جیسا کہ یہودی مذہب سے منسلک ٹوپی ‘کیپہ’، سکھ مذہب سے منسلک پگڑی یا اسلام سے منسلک حجاب نہیں پہن سکتے۔

یہ قانون ججوں، پولیس افسران، اساتذہ اور دوسرے سرکاری عہدیداروں پر لاگو ہو گا۔

اس متنازعہ قانون پر کافی بحث بھی جاری ہے جبکہ اس کے خلاف صوبے میں احتجاج بھی ہوا ہے۔

ملالہ

اس قانون کے حمایت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ یہ کیوبک میں ریاست اور گرجا گھر (مذہب) کو الگ رکھنے کے اصول کو متعارف کروانے کے لحاظ سے کافی مناسب اقدام ہے۔

اگرچہ یہ قانون کسی ایک مذہب سے متعلقہ نہیں ہے تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ صوبے میں بسنے والی مسلمان خواتین کے ساتھ ناانصافی ہے جو حجاب یا کسی دوسرے طریقے سے اپنا سر ڈھانپتی ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس پر کچھ لوگوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے وزیر تعلیم کو ملالہ کے ساتھ تصویر بنوانے پر ’منافق‘ تک کہہ دیا۔

وزیر تعلیم کی ملالہ سے ملاقات فرانس میں ہوئی تھی۔

ٹویٹر پر صحافی ندیم سلیم والجی نے ان سے سوال کیا کہ اگر ملالہ کیوبک میں بطور معلم پڑھانا چاہیں گی تو وہ کیا کریں گے؟

وزیر تعلیم نے قانون کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’میں یقیناً انھیں کہتا کہ یہ اعزاز کا باعث ہو گا۔ فرانس کی طرح (جہاں ہم ہیں) کسی بھی دوسرے آزاد اور برداشت کا پرچار کرنے والے ممالک کی طرح کیوبک میں اساتذہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے دوران مذہبی علامات نہیں پہن سکتے۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp