جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو پر قانونی ماہرین کیا رائے رکھتے ہیں؟


مریم نواز پریس کانفرنس

سنیچر کو لاہور میں پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے ایک پریس کانفرنس کی جس میں انھوں نے نواز شریف کو قید کی سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کے مبینہ انکشافات پر مبنی ویڈیو جاری کی جس کے بعد پاکستان کے سیاسی منظرنامے پر ہلچل مچ گئی۔ پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے جج ارشد ملک کی ایک لیگی کارکن ناصر بٹ کے ساتھ ایک ویڈیو منظر عام پر لائی گئی جس میں مبینہ طور پر جج فیصلہ لکھنے سے متعلق کچھ ‘نامعلوم افراد’ کی طرف سے دباؤ کے بارے میں بتا رہے تھے۔

ویڈیو کے بعد تو مریم نواز شریف نے یہ مطالبہ تک بھی کر دیا کہ ان ‘ناقابلِ تردید ثبوتوں کے سامنے آنے کے بعد اعلیٰ عدلیہ اور مقتدر ادارے نوٹس لیں اور اس کے بعد نواز شریف کا جیل میں رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔’ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے اس ویڈیو کی تردید کرتے ہوئے اسے ’جعلی‘ قرار دیا ہے۔

نواز شریف

حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے اس ویڈیو پر رد عمل دیتے ہوئے اسے ’اعلٰی عدلیہ پر الزام تراشی اور بہتان‘ قرار دیا ہے۔ منظر عام پر آنے کے بعد اس ویڈیو کی قانونی حیثیت پر بحث زور پکڑ گئی ہے۔ یہ جاننے کے لیے کہ ویڈیو کی قانون میں کیا حیثیت ہے اس بارے میں بی بی سی نے قانونی ماہرین سے بات کی ہے۔

ویڈیو کی قانونی حیثیت

وکیل سعد رسول کا کہنا ہے کہ قانون شہادت کے تحت جدید آلات سے بنائی گئی آڈیو یا ویڈیو جو کسی مقدمے سے تعلق رکھتی ہو اور اسے حل کر سکتی ہو تو اسے عدالت میں بطور ثبوت پیش کیا جا سکتا ہے۔ سنہ 2002 کا الیکٹرانک ٹرانزیکشن آرڈیننس بھی اس کی اجازت دیتا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کی سابق جج جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ جاوید نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ویڈیوز عدالت کے سامنے پیش تو کی جا سکتی ہیں لیکن کیونکہ جج ارشد ملک نے اپنے بیان کے ذریعے ویڈیو کی تردید کر دی ہے لہذا اب بار ثبوت الزام لگانے والوں پر ہو گا۔ ان کے مطابق اگر الزام ثابت نہ ہوسکا تو الزام لگانے والوں پر ہتک عزت کا مقدمہ و سکتا ہے۔

ویڈیو یا آڈیو قابل بھروسہ شہادت ہے؟

سعد رسول کے مطابق ایسے مقدمات میں عدالت فارنزک آڈٹ، ویڈیو میں موجود لوگوں اور ٹائم لائن کا جائزہ لے کر کسی نتیجے پر پہنچتی ہے۔ جج ارشد ملک سے متعلق مبینہ ویڈیو پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ویڈیو میں روزوں کا ذکر ہے، تو یہ رمضان کے وقت کی بنی ہوئی ہے، اب عدالت دیکھے گی کہ اس دوران یہ ویڈیو کس کی تحویل میں رہی اور اس میں کوئی رد و بدل تو نہیں کی گئی۔ جس شخص کی تحویل میں یہ ویڈیو تھی اسے شامل تفتیش ہونا ہوگا۔‘

سینئر وکیل اور قانونی ماہر سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ آڈیو یا ویڈیو پیش کرنے کے کچھ قانونی لوازمات ہوتے ہیں ’جس شخص نے ویڈیو یا آڈیو بنائی ہے اس شخص کو پیش ہونا ہو گا اور بتانا ہو گا کہ اس نے یہ کب اور کیسے بنائی؟

ان کا کہنا ہے کہ دیگر لوگ جو اس میں نظر آتے ہیں ان میں سے بھی اگر کوئی پیش ہو کر تصدیق کر سکے کہ یہ گفتگو ہوئی تھی تو یہ ایک قابل بھروسہ شہادت سمجھی جاتی ہے۔ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ربیعہ باجوہ کا بھی اس بات پر اتفاق ہے کہ ایسی ویڈیو کو ثبوت کے طور پر عدالت میں جمع کروایا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنانے والوں کے ساتھ ’ان کو بھی موقع دیا جائے گا جو اس سے متاثر ہو رہے ہیں کہ وہ ان شواہد پر جرح کریں۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’کیونکہ جج صاحب نے ویڈیو کی تردید کر دی ہے، بار ثبوت ویڈیو پیش کرنے والوں پر ہے۔‘ انھوں نے کہا اب ’یہ (معاملہ) ٹرائل کورٹ میں جائے گا جہاں کورٹ فیصلہ کرے گی کہ یہ قابل شہادت ہے یا نہیں۔‘

عمران خان کے مقدمات میں مختلف عدالتوں کے سامنے پیش ہونے والے ایک وکیل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ ’اگر ویڈیو جعلی نکلی تو مریم نواز پر ایف آئی آر تک بھی درج ہو سکتی ہے۔‘ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’پریس ریلیز کے ذریعے جج نے مزید تنازعات کھڑے کردیے ہیں۔‘

ان کے مطابق ’جج کو اگر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں تو پھر انھوں نے اس بارے میں وقت پر کیوں نہیں بتایا اور رشوت جیسی آفرز کو ریکارڈ پر کیوں نہیں لائے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32299 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp