737 میکس: سعودی عرب کی ائیرلائن نے بھی بوئنگ طیارے خریدنے سے انکار کر دیا


سعودی عرب

سعودی عرب کی کم لاگت والی ائیر لائن فلائی آے ڈیل نے بوئینگ کمپنی کے نئے طیارے 737 میکس کے 30 جہازوں کی خریداری کا آرڈر منسوح کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ بوئنگ 737 میکس طیاروں کے گذشتہ برس انڈونیشیا میں اور رواں برس ایتھوپیا میں پیش آنے والے فضائی حادثوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

طیارہ ساز کمپنی کے نئے جہاز 737 میکس کو پیش آنے والے حادثات میں مجموعی طور پر 346 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ایتھوپیا میں ہونے والے حادثے کے بعد سے ان طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے اور بوئنگ کمپنی اس طیارے میں موجود خامیوں کو دور کرنے پر کام کر رہی ہے تاکہ جہازوں کی پرواز کے حوالے سے نگراں ادارے کو مطمئن کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیے

5 مہینوں میں دوسرا حادثہ، بوئنگ کو سخت سوالات کا سامنا

بوئنگ 737 میکس طیارے دنیا بھر میں گراؤنڈ

بوئنگ کے تقریباً 300 مسافر بردار طیاروں کے ’ناقص پر‘

بوئنگ کمپنی کا کہنا ہے کہ فلائی آے ڈیل نے پہلے سے طے شدہ آرڈر کو ‘طیارے کو ان کی ضروریات’ کے مطابق نہ ہونے کے پیش نظر منسوخ کیا ہے۔

اس معاہدے کی کل قیمت 5.9 بلین ڈالرز تھی لیکن سعودی ایئر لائن کو بوئنگ کمپنی کی جانب سے اس قیمت پر رعایت بھی پیش کی گئی تھی۔

بوئنگ کے طیاروں کا معاہدہ منسوخ ہونے کے بعد فلائی آے ڈیل جسے سرکاری سعودی عرب ائیرلائن کنٹرول کرتی ہے اب یورپی کمپنی ائیر بس کے 320 A جہازوں کا ایک بیڑہ چلائے گی۔

مارچ میں ایتھوپین ائیر لائن کی پرواز 302 ET کو ہونے والا نقصان 737 میکس طیاروں کے گذشتہ پانچ ماہ میں ہونے والے حادثوں میں دوسرا جان لیوا حادثہ تھا۔

اس ہی سے ملتا جلتا طیارہ جو انڈونیشیا کی ائیرلائن لاین ائیر کے پاس تھا وہ بھی گذشتہ برس اکتوبر میں جکارتہ کے قریب سمندر میں جا گرا تھا۔

حادثے کے تفتیش کاروں نے اپنی کوششیں طیارے کے کنٹرول کے نظام پر مرکوز کی ہیں اور بوئنگ کمپنی سافٹ ویئر کے اپ گریڈ کے لیے ریگولیٹرز کے ساتھ کام کر رہی ہے.

اس جہاز کو دوبارہ پرواز کی اجازت ملنی کی کوئی حتمی تاریخ ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔

گذشتہ ہفتے بوئنگ نے اعلان کیا تھا کہ وہ دونوں حادثات میں ہلاک ہونے والوں کے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے 100 ملین ڈالرز ادا کرے گا۔

یہ ادائیگی کئی برسوں سے جاری ان مقدموں سے الگ ہے جو ان حادثات کے پیش نظر درج کیے گیے جن میں مشترکہ طور پر 346 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ متاثرین کے وکلا نے اس اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔

‘مکمل اعتماد’

گذشتہ ماہ برٹش ائیر ویز کے مالک کمپنی آئی اے جی نے 200 بوئینگ 737 میکس طیارہ خریدنے کا ارادہ کیا تھا۔ حالانکہ یہ کوئی پکا آرڈر نہیں تھا مگر اسے بوئینگ کو بڑھاوا دینے کے مترادف دیکھا گیا۔

بوئنگ

بوئنگ نے دنیا بھر میں 300 سے زیادہ طیاروں میں ممکنہ ناقص پرزوں کے استعمال کی نشاندہی کی ہے (فائل فوٹو)

ان جہازوں کو آئی اے جی کی فضائی کمپنیوں برٹش ائیرویز، ویلنگ، اور لیول میں استعمال کیا جانا تھا۔

دلچپسی کے اس معاہدے پر پیرس ائر شو کے موقع ہر دستخط کیے گئے تھے۔

آئی اے جی کے چیف ایگزیکٹو ولی والش نے اس وقت کہا تھا کہ ‘ ہمیں بوئینگ پر مکمل اعتماد ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ آنے والے مہینوں میں 737 میکس طیارہ ریگولیٹرز سے منظوری کے بعد اڑان کے لیے کامیاب واپسی کرے گا۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32503 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp