مشہور ہریانوی ڈانسر سپنا چودھری بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہو گئیں


ہریانہ کی مشہور رقاصہ اور گلوکار ہ سپنا چودھری اتوار کو بھارتیہ جنتا پارٹی میں باضابطہ طور پر شامل ہو گئیں ۔

ہریانہ کی مشہور رقاصہ اور گلوکار ہ سپنا چودھری اتوار کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں باضابطہ طور پر شامل ہو گئیں۔ بی جے پی کی ملک بھر میں چلائی جا رہی رکنیت مہم کے تحت یہاں منعقد ایک تقریب میں سپنا چودھری پارٹی کے سینئر لیڈروں کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہوئیں ۔

اس موقع پر بی جے پی نائب صدر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان، تنظیم کے جنرل سیکریٹری رام لال، بی جے پی کے دہلی انچارج شیام جاجو،مرکزی وزیر ہرش وردھن اور دہلی بی جے پی صدر سمیت دیگر سینئر لیڈر اور بڑی تعداد میں کارکن موجود تھے۔ سپنا چودھری نے اس با ر کے عام انتخابات میں دہلی بی جے پی صدر منوج تیواری کے حق میں انتخابی تشہیر بھی کی تھی ۔

خیال رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے وقت سپنا چودھری کی کچھ تصویریں پرینکا گاندھی کے ساتھ وائرل ہوئی تھیں۔ کانگریس پارٹی نے سپنا چودھری کے پارٹی میں شامل ہونے کی تصدیق بھی کر دی تھی۔ تاہم سپنا نے اس سے انکار کر دیا تھا۔

اس وقت سپنا چودھری نے کہا تھا کہ وہ فنکارہ ہیں۔ اس لئے الیکشن لڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ پرینکا گاندھی کے ساتھ تصویر پر سپنا نے کہا تھا کہ میں پرینکا گاندھی سے ملی تھی، لیکن وہ تصویر پرانی ہے۔

سپنا چودھری نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ منوج تیواری کے رابطے میں بھی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).