نکی مناج کا سعودی عرب میں کنسرٹ منسوخ کرنے کا اعلان


نکی مناج

نکی مناج کے اس طے شدہ کنسرٹ پر سعودی عرب میں انسانی حقوق کی صورتحال پر نظر رکھنے والوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی تھی۔

گلوکارہ نکی مناج نے اعلان کیا ہے کہ انھوں نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں 18 جولائی کے لیے طے شدہ اپنا کنسرٹ منسوخ کر دیا ہے۔

یہ اعلان انھوں نے خواتین اور ہم جنس پرست افراد کے لیے اپنی حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے کیا۔

ان کے اس طے شدہ کنسرٹ پر سعودی عرب میں انسانی حقوق کی صورتحال پر نظر رکھنے والوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی تھی جبکہ کچھ افراد نے یہ سوال بھی اٹھایا تھا کہ ان کے مختصر لباس اور ان کے گانوں کے فحش بول انتہائی قدامت پسند ملک میں کیا ردِ عمل حاصل کریں گے۔

سعودی عرب تفریحی صنعت پر پابندیوں میں کمی اور آرٹس کے شعبے کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے مگر گزشتہ سال استنبول میں سعودی سفارتخانے کے اندر صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سے ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال کڑے جائزے میں ہے۔

مارچ میں مملکت پر مزید تنقید اس وقت ہوئی جب اس نے خواتین کے حقوق کی 10 کارکنوں پر مقدمات درج کیے جس کے بعد انھیں ٹرائل کا سامنا ہے۔

اپنے ایک بیان میں ریپ گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ‘محتاط غور و فکر کے بعد میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں جدہ ورلڈ فیسٹیول میں اپنا طے شدہ کنسرٹ نہیں کروں گی۔’

اس فیصلے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘میرے لیے سعودی عرب میں اپنے مداحوں کے سامنے پرفارم کرنے سے بڑھ کر کچھ نہیں مگر مسائل کے بارے میں بہتر آگاہی حاصل کرنے کے بعد میں سمجھتی ہوں کہ میرے لیے خواتین اور ہم جنس پرستوں کے حقوق اور آزادی اظہار کی حمایت کرنا اہم ہے۔’

نکی مناج

کچھ افراد نے یہ سوال بھی اٹھایا تھا کہ ان کے مختصر لباس اور ان کے گانوں کے فحش بول انتہائی قدامت پسند ملک میں کیا ردِ عمل حاصل کریں گے

جمعے کو امریکی تنظیم ہیومن رائٹس فاؤنڈیشن نے نکی مناج کے نام ایک کھلا خط لکھا جس میں ان پر 18 جولائی کے فیسٹیول سے دستبردار ہونے کے لیے زور دیا گیا تھا۔

ان سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ ‘سلطنت کے پیسے ٹھکرا دیں’ اور اپنے اثر و رسوخ کو قید خواتین کارکنان کی رہائی کے لیے استعمال کریں۔

گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر لوگوں نے سعودی عرب میں پرفارم کرنے کے نکی مناج کے فیصلے کو منافقانہ قرار دیا تھا اور ہم جنس پرستوں کے جلوسوں میں ان کی شرکت کا موازنہ ہم جنس پرستی پر سعودی مؤقف سے کیا گیا تھا جہاں ہم جنس پرستی پر پابندی عائد ہے۔

نکی مناج سے پہلے بھی کئی فنکاروں پر سعودی عرب میں پرفارم کرنے کی حامی بھرنے پر تنقید ہوچکی ہے۔

اس سال کے اوائل میں مرائیاہ کیری نے انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے سلطنت میں اپنی پرفارمنس منسوخ کرنے کے مطالبات کو مسترد کر دیا تھا جبکہ گزشتہ سال دسمبر میں ریپ گلوکار نیلی پر اس وقت سخت تنقید کی گئی جب انھوں نے ‘صرف مردوں’ کے لیے مخصوص کنسرٹ میں پرفارم کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp