امپائر علیم ڈار سیمی فائنلز کے بعد فائنل سے بھی باہر


علیم ڈار

علیم ڈار کئی مرتبہ بہترین امپائر کا ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں

آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل پاکستانی امپائر علیم ڈار ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز کے بعد اب فائنل میں بھی امپائرنگ سے محروم رہیں گے۔

آئی سی سی نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان اتوار کے روز ہونے والے فائنل کے لیے جن میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان کیا ہے اس کے مطابق علیم ڈار کو ریزرو امپائر رکھا گیا ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں بھی علیم ڈار ریزرو امپائر تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے ُاس سیمی فائنل میں امپائرنگ کرنے والے جنوبی افریقہ کے ایریزمس اور سری لنکا کے دھرمینا کو فائنل کے لیے بھی آن فیلڈ امپائرز مقرر کیا گیا ہے۔

یہ مسلسل دوسرا ورلڈ کپ ہے جس کے سیمی فائنل اور فائنل میں علیم ڈار امپائرنگ کے اعزاز سے محروم رہیں گے۔ 2015 کے عالمی کپ میں بھی علیم ڈار کو کسی سیمی فائنل اور پھر فائنل میں امپائرمقرر نہیں کیا گیا تھا۔

سب سے زیادہ میچز کے عالمی ریکارڈ کے قریب۔

علیم ڈار سب سے زیادہ ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے ریکارڈ کے بہت قریب آچکے ہیں۔

وہ اب تک 125 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ سب سے زیادہ 128 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے اسٹیو بکنر کا ہے۔

علیم ڈار نے اب تک 206 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کی ہے ۔ اس طرح وہ جنوبی افریقہ کے روڈی کرٹزن کا 209 ون ڈے انٹرنیشنل میں امپائرنگ کاریکارڈ توڑنے کے بھی بہت نزدیک آچکے ہیں۔

علیم ڈار نے 2007اور 2011 کے عالمی کپ کے فائنل میچز میں امپائرنگ کی تھی۔

2007 کے فائنل میں کم روشنی کے باوجود کھیل جاری رکھنے کے تنازعے کے سبب انہیں اور ان کے دیگر ساتھی امپائرز کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور یہ اسی کا نتیجہ تھا کہ اس کے بعد ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انہیں امپائرز پینل میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

اسی طرح 2015 کے عالمی کپ کے دو میچوں میں ان کے دو فیصلے تنقید کی زد میں آئے تھے جس کے بعد وہ سیمی فائنل اور فائنل میں امپائرنگ نہیں کرسکے تھے تاہم مجموعی طور پر علیم ڈار کا امپائرنگ کریئر بہت شاندار رہا ہے جس میں ان کے درست فیصلے مثال کے طور پر پیش کیےجاتے رہے ہیں۔

امپائرنگ کے اسی بلند معیار کی وجہ سے وہ تین بار آئی سی سی کے بہترین امپائر کا ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp