فائنل کے ’غیر سرکاری‘ ٹکٹ نہ خریدنے کی ہدایت


لارڈز کرکٹ گراؤنڈ

لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ پر فائنل کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں

کرکٹ کے شائقین اور خاص طور پر انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے حامیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ لاڈرز کے میدان پر اتوار کو ہونے والے فائنل کے بلیک میں غیر سرکاری ویب سائٹس سےخریدے گئے تمام ٹکٹوں کو منسوخ کر دیا جائے گا۔

یہ تنبیہہ کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے ان تمام شائقین کرکٹ کو جاری کی گئی جو اتوار کو انگلینڈ کی ٹیم کو1992 کے بعد پہلی مرتبہ عالمی کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے دیکھنے کے لیے آخری وقت میں مہنگے داموں ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

نیوزی لینڈ نے کس طرح انڈیا کے خواب توڑ دیے

لارڈز کا میدان، انگلینڈ اور پاکستان

آئی سی سی نے کہا ہے کہ وہ ’سٹب ہب‘ اور ’ویاگوگو‘ نامی دو غیر سرکاری ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کر رہی ہے جن پر فائنل کے ٹکٹس دو ہزار پاؤنڈ تک بیچے جا رہے ہیں۔

اسی دوران نیوزی لینڈ کے کھلاڑی جمی نیشم نے ایک ٹوئٹر پیغام میں انڈیا کے کرکٹ شائقین کو مخاطب کر کے کہا ہے وہ فائنل کے ٹکٹ مہنگے داموں فروخت کر کے کرکٹ کے اصل شائقین کو فائنل دیکھنے سے محروم نہ کریں۔

جمی نیشم نے کہا کہ اگرانڈین شائقین فائنل دیکھنے میں دلچسپی نہیں رکھتے تو ٹکٹ سرکاری ویب سائٹس پر فروخت کریں اور منافع کمانے کی غرض سے ٹکٹ غیر سرکاری ویب سائٹس پر فروخت نہ کریں۔

https://twitter.com/JimmyNeesh/status/1149782956745080832

آئی سی سی نے کہا ہے کہ وہ ٹکٹوں کی مہنگے داموں فروخت کا سدِباب کرنے کے لیے ایسے ٹکٹوں کو فروخت سے قبل ہی کو منسوخ کر دے گی جن میں 259 پاونڈ کو وہ ٹکٹ بھی شامل ہے جسے ویب سائٹ پر 16 ہزار پاؤنڈ میں خریدنے کی پیش کش کی گئی ہے۔

آئی سی سی کے مینجنگ ڈائریکٹر سٹیو ایلوردی نے کہا ہے کہ یہ بڑی افسوسناک بات ہے کہ فائنل کے ٹکٹ غیر سرکاری ویب سائٹس پر اصل سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کیے جا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وہ اس صورت حال کا سدباب کرنے کے لیے تمام تر کوشش کر رہے ہیں لیکن انگلینڈ میں اس طرح کی حرکات کے خلاف قوانین کی عدم موجودگی کی وجہ سے کرکٹ کے شائقین کو لٹنے سے بچانے کے لیے ان کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ شائقین کرکٹ کو چاہیے کہ وہ سرکاری ویب سائٹس پر سے ہی ٹکٹ خریدیں کیونکہ غیر سرکاری ٹکٹوں پر ہو سکتا ہے کہ انھیں میدان میں داخل ہونے سے روک دیا جائے جس سے ان کو میچ نہ دیکھنے کی مایوسی کے ساتھ ساتھ مالی نقصان بھی ہو سکتا ہے۔

آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ وہ فائنل کے دو سو اضافی ٹکٹ اپنی سرکاری ویب سائٹس کے ذریعے فروخت کر رہی ہے۔

اس کے علاوہ آئی سی سی ان خبروں کو زیادہ وزن نہیں دے رہی کہ لارڈز کا میدان فائنل کے دوران شاید بھر نہ سکے کیونکہ فائنل کے تیس ہزار ٹکٹ انڈیا کے کرکٹ شائقین نے خرید رکھے تھے۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32499 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp