خادم رضوی نے نواز شریف سے دو دن میں پیسے نکلوانے کا اسلامی طریقہ بتا دیا


تحریک لبیک کے سربراہ مولوی خادم حسین رضوی نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے پیسے نکلوانے کا طریقہ بتا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیسے تو صرف اسلامی طریقے سے ہی نکلیں گے۔ نواز شریف کو بھٹی بنا کر دکھائی جائے اور بتایا جائے کہ تمھارے دادا یہاں پگھلتے تھے۔ اس طرح سے وہ دوسرے دن ہی سارے پیسے دے دے گا۔

خادم رضوی کا مزید کہنا تھا کہ میں بھی اسی جیل میں قید تھا لیکن نوازشریف کے جیل میں جانے سے پہلے ان کے کمرے کا رنگ و روغن کیا گیا۔ نواز شریف کے کمرے کی چھت تیار کی گئی۔ کمرے میں قالین اور کرسیاں بچھائی گئیں۔ باورچی خانہ بنایا گیا۔ یہاں تک کہ واش روم بھی بنایا گیا۔ نواز شریف کو بھلا ایسی جیل میں رہنے میں کیا مشکل ہے؟۔

خادم رضوی کا مزید کہنا تھا کہ کوٹ لکھپت جیل کے جس کمرے میں مجھے رکھا گیا اس کمرے میں دو دن نوازشریف کو رکھیں تو تیسرے دن سارے پیسے دے دے گا۔ ہمیں تو جہاں رکھا ہوا تھا وہاں دیواروں سے بھی پانی ٹپک رہا تھا۔

خیال رہے رواں سال مئی میں عدالت نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی اور مرکزی رہنما پیر افضل قادری کی طرف سے معافی نامے داخل کرنے کے بعد ان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے دونوں رہنماؤں کی 15 جولائی تک ضمانت منظور کر لی تھی اور ساتھ ہی دونون رہنماؤں کی رہائی کا حکم دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے دونوں درخواست گزاروں کو 5، 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم بھی دیا ہے۔

عدالت سے ضمانت کے احکامات ملنے کے بعد ضابطے کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے علامہ خادم حسین رضوی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا۔ حفاظت کے پیش نظر خادم حسین رضوی کو کوٹ لکھپت جیل کے دوسرے گیٹ سے جیل سے باہر نکالا گیا۔ خیال رہے کہ خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری سمیت پارٹی کے اہم رہنماوٴں کے خلاف بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات درج تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).