برطانوی حکومت کی شہباز شریف پر امدادی رقم کے غبن کے الزام کی تردید


برطانوی حکومت نے ڈیلی میل میں پاکستانی حکومتی ذرائع کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر کی تردید کی ہے کہ شہباز شریف نے برطانوی امدادی ادارے ڈی ایف آئی ڈی کے امدادی فنڈز میں غبن کیا ہے اور انہیں منی لانڈرنگ کے ذریعے اپنے استعمال میں لایا ہے۔ ڈی ایف آئی ڈی نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر مندرجہ ذیل بیان جاری کیا ہے۔

ڈیلی میل نے اتوار کے دن خبر میں یہ سوال کیا ہے کہ کیا برطانوی ایڈ کے پوسٹر بوائے کے خاندان نے ٹیکس دہندگان کی وہ رقم چوری کی ہے جو زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے دی گئی ہے؟
یہ خبر پاکستان کی سب سے اہم اپوزیشن پارٹی کے لیڈر شہباز شریف کے بارے میں ہے جن پر عوامی پیسہ غبن کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ وہ کوئی غلط کام کرنے کی تردید کرتے ہیں۔

اخبار یہ خیال ظاہر کرتا ہے کہ شہباز شریف نے برطانوی ٹیکس دہندگان کی وہ رقم چوری کی ہے جو پاکستان کے زلزلہ زدگان کی مدد اور بحالی کے لئے قائم کردہ محکمے ایرا کو دی گئی تھی۔ یہ محکمہ 2005 کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے قائم کیا گیا تھا۔

ہیڈ لائن میں پوچھے گئے سوال پر ہمارا جواب سخت اور واضح تھا۔ اسے ڈھائی ہزار الفاظ کی خبر کے تقریباً آخر میں درج کیا گیا۔ اس کا مکمل متن مندرجہ ذیل ہے:۔

بین الاقوامی ترقیاتی ادارے کے ترجمان نے کہا ہے ”اس عرصے کے دوران ایرا کے لئے برطانیہ کی مالی مدد نتائج کے بعد تھی، جس کا مطلب ہے کہ ہم نے اس وقت ادائیگی کی جب طے شدہ کام مکمل ہو گیا، اس کا آڈٹ کیا گیا اور تصدیق کی گئی۔ یہ طے شدہ کام بنیادی طور پر سکولوں کی عمارات کی تعمیر تھا۔ “

“برطانیہ کے ٹیکس دہندگان نے بالکل وہی حاصل کیا جس کے لئے انہوں نے رقم ادا کی تھی اور یہ ایک تباہ کن زلزلے کے متاثرین کی مدد کے لئے تھی۔ ہم پراعتماد ہیں کہ ہمارا مستحکم نظام برطانوی ٹیکس دہندگان کی رقم کو فراڈ سے بچاتا ہے۔ ”

دی میل آن سنڈے اپنی ہیڈلائن کے ثبوت میں مستحکم ثبوت نہیں پیش کرتا۔ وہ کہتا ہے کہ پاکستان میں تفتیش کار ”اس بات کے بارے میں پریقین ہیں چوری کی گئی کچھ رقم ڈی ایف آئی ڈی کے فنڈڈ پراجیکٹس سے آئی تھی“ اور اس بات کا کوئی پکا ثبوت نہیں دیتا کہ یہ زلزلہ زدگان کی مدد کے فنڈ کا معاملہ ہے۔

یہ خبر آگے چل کر شہزاد اکبر کا قول پیش کرتی ہے، جو عمران خان کے اثاثہ جات کی ریکوری کے یونٹ کے سربراہ ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ ”لگتا ہے“ کہ کچھ رقم ”ممکنہ طور پر“ ایڈ اور ڈیولپمنٹ پراجیکٹس سے چوری کی گئی ہو، ایک بار پھر کوئی قابل قبول ثبوت دیے بغیر کہ یہ ایرا (کے فنڈز) کا معاملہ تھا۔

آپ نے ڈی ایف آئی ڈی کی تردید پڑھی۔ ایرا کی ویب سائٹ کے مطابق ڈی ایف آئی ڈی نے کشمیر اور پختونخوا میں زلزلے سے متاثر 90 ہزار بچوں کے لئے 750 سکول بنانے کے لئے امداد دی تھی۔ اس دور میں شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلی تھے جبکہ یہ سکول پنجاب میں تعمیر نہیں کیے گئے تھے۔

اسی بارے میں: شریف خاندان نے برطانوی امداد میں چوری کی: ڈیلی میل کا پاکستانی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).