مون سون کی تباہی: کیا جنوبی ایشیا کے سیلابوں کے پیچھے ’سیاسی ریلے‘ ہیں؟


انڈیا

مون سون کے موسم میں آنے والے سیلاب سے ہر سال شمالی انڈیا اور نیپال کے کئی علاقے زیرِ آب آ جاتے ہیں

جب بات پانی کے ذخائر کی ہوتی ہے تو انڈیا اور نیپال کے درمیان تعلقات اتنے آسان نہیں نظر آتے۔

لیکن حالیہ برسوں میں ان تعلقات میں مزید کشیدگی اس وقت آتی ہے جب مون سون کا موسم آتا ہے جو کہ جون سے ستمبر کے درمیان ہے۔

سیلابی ریلے ہمسایوں میں تناؤ بڑھا دیتے ہیں اور سرحد کے دونوں طرف کے رہائشی غصے میں ایک دوسرے کو موردِ الزام ٹھہراتے رہتے ہیں۔

اس سال سیلاب نے علاقے میں کافی تباہی مچائی ہے۔ نیپال اور بنگلہ دیش میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ شمالی اور شمال مشرقی انڈیا میں لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے

بنگلہ دیش، نیپال اور انڈیا میں سیلاب،لاکھوں افراد متاثر

انڈیا، نیپال اور بنگلہ دیش میں سیلاب، 250 افراد ہلاک

انڈیا اور نیپال کی ایک دوسرے کے ساتھ 1800 کلو میٹر لمبی کھلی سرحد ہے۔

6000 سے زیادہ دریا اور ندیاں نیپال سے شمالی انڈیا کی طرف بہتی ہیں اور خشک موسم میں دریائے گنگا میں بہنے والے پانی کا وہ تقریباً 70 فیصد حصہ ہیں۔

سو جب دریا پانی سے بھر جاتے ہیں تو آنے والے سیلابوں کی وجہ سے نیپال اور انڈیا کے میدانی علاقے زیرِ آب آ جاتے ہیں۔

اس تباہی کی وجہ سے گذشتہ کچھ برسوں سے نیپال کے سرحدی علاقوں میں لوگوں میں واضح غصہ دیکھا گیا ہے۔

نیپال اس کا ذمہ دار سرحد سے ملحق انڈیا کے علاقوں میں بنائے گئے بند نما ڈھانچوں کو ٹھہراتا ہے جو بقول اس کے سیلاب کے پانی کو جنوب کی طرف انڈیا میں جانے سے روکتے ہیں۔

دو سال قبل مشرقی نیپال میں کی گئی ایک تحقیق میں بی بی سی نے انڈیا کی سرحد کے اندر ایسے ڈھانچے دیکھے تھے۔

یہ وہی جگہ ہے جہاں 2016 میں سرحد کے دونوں طرف کے مقامی لوگوں کا اس وقت آپس میں جھگڑا ہوا جب نیپال نے اس طرح کے بند بنانے سے انڈیا کو روکنے کی کوشش کی تھی۔

نیپالی حکام کے مطابق اس طرح کے لگ بھگ دس ڈھانچے بنائے گئے ہیں جن کی وجہ سے نیپال کا ہزاروں ایکٹر رقبہ زیرِ آب آ جاتا ہے۔

سرحد کے ساتھ ڈھانچے

نیپالی حکام کہتے ہیں کہ اس طرح کے بند نما ڈھانچوں نے نیپال میں سیلاب کی صورتِ حال کو مزید ابتر کر دیا ہے

انڈیا کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ سڑکیں ہیں لیکن نیپال کے ماہرین کے بقول یہ پشتے ہیں جو انڈیا کے سرحدی دیہات کو سیلاب سے بچاتے ہیں۔

جنوبی نیپال کے روتاہت ڈسٹرکٹ کا صدر دفتر گوڑ گذشتہ تین ہفتوں سے زیرِ آب تھا اور حکام کو خدشہ تھا کہ اس مرتبہ پھر دونوں طرف کے رہائشیوں میں جھگڑا ہو سکتا ہے۔

سپرینٹینڈنٹ آف دی آرمڈ پولیس کرشنا دھکال نے بی بی سی کو بتایا کہ ’کافی زیادہ تناؤ کے بعد انڈیا کے پشتوں کے نیچے سے دو دروازے کھول دیے گئے اور اس سے ہمیں کافی فائدہ ہوا۔‘

انڈیا کے حکام نے بار بار رجوع کرنے پر بھی کوئی ردِ عمل نہیں دیا ہے۔

دونوں ممالک کئی برسوں سے اس مسئلے کے حل کے لیے ملاقاتیں کرتے ہیں لیکن ابھی تک کچھ زیادہ فرق نہیں پڑا۔

گذشتہ مئی میں نیپالی اور انڈین واٹر مینجمنٹ کے اہلکاروں نے ’سرحد کے ساتھ سڑکوں اور دوسرے ڈھانچوں کی تعمیر کو تسلیم کیا لیکن ساتھ یہ بھی کہا کہ اس پر سفارتی ذرائع کے ذریعے بات ہونی چاہیئے۔‘

نیپالی مذاکرات کاروں اور سفارتکاروں پر ملک میں کافی تنقید ہو رہی ہے اور الزام لگایا جا رہا ہے کہ انھوں نے اپنے انڈین ہم منصبوں کے سامنے اپنا موقف مناسب طریقے سے پیش نہیں کیا۔

نیپال

لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ انڈیا کے لوگ سیلاب سے متاثر نہیں ہو رہے۔ پیر کو انڈیا کی شمال مشرقی ریاست بہار کی حکومت نے کہا ہے کہ صرف یہاں 19 لاکھ افراد سیلاب کی وجہ سے بے گھر ہوئے ہیں۔

جب بھی کوسی اور گنڈاکی جیسے اہم دریاؤں میں، جو کہ گنگا کی شاخیں ہیں، سیلاب آتا ہے تو بہار میں سب سے زیادہ نقصان ہوتا ہے اور اس کا ذمہ دار اکثر نیپال کو ٹھہرایا جاتا ہے کہ اس نے سیلاب روکنے والے دروازے کھول دیے ہیں جس کی وجہ آبادیوں کو نقصان پہنچا۔

اگرچہ یہ نیپال کے اندر بنے ہوئے ہیں لیکن حقیقت میں دونوں دریاؤں پر پشتوں کا انتظام انڈیا کی حکومت ہی سنبھالتی ہے۔

دریائے کوسی

AFP/Getty Images
دریائے کوسی پر بیراج کا انتظام انڈیا کے پاس ہے

یہ ان دونوں ممالک کے درمیان 1954 اور 1959 میں ہونے والے کوسی اور گنداک معاہدوں کے مطابق ہے۔

یہ بیراج انڈیا نے سیلاب روکنے، آبپاشی اور پانی سے بجلی بنانے کے لیے بنائے تھے۔ لیکن نیپال میں یہ بڑے متنازع ہیں کیونکہ سمجھا جاتا ہے کہ اس سے مقامی آبادی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا ہے۔

دوسری طرف انڈیا کی حکومت اسے سرحدوں کے پار پانی کے تعاون اور مینجمنٹ کی ایک اچھی مثال سمجھتی ہے۔

صرف کوسی بیراج کے 36 فلڈ گیٹ ہیں۔ انڈیا پر یہ بھی تنقید کی جاتی ہے کہ وہ مون سون کی وجہ سے سیلابی پانی کے دریا میں خطرناک حد کو پہنچنے کے بعد بھی تمام فلڈ گیٹ نہیں کھولتا جس کی وجہ سے مقامی نیپالی آبادیوں کو خطرہ رہتا ہے۔

دریائے کوسی میں جسے ’بہار کا دکھ‘ بھی کہا جاتا ہے، ماضی میں کئی سیلاب آئے ہیں اور انھوں نے بہت تباہی بھی مچائی۔ جب 2008 میں اس کے بند ٹوٹ گئے تھے تو نیپال اور انڈیا میں ہزاروں لوگ ہلاک اور تقریباً 30 لاکھ متاثر ہوئے تھے۔

کیونکہ بیراج تقریباً 70 سال پرانا ہے اور اس طرح کے خدشات بھی ہیں کہ بڑے سیلاب سے اسے بھی نقصان پہنچ سکتا ہے، انڈیا نے بیراج کے شمال میں ایک ڈیم بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ یہ بھی نیپال میں ہی بنایا جائے گا۔

کھٹمنڈو

گذشتہ سال نیپال کا دارالحکومت کھٹمنڈو بھی پانی سے بھر گیا تھا

نیپال کے اکثر دریا چورے کے پہاڑی سلسلے سے ہو کر گذرتے جس کا ماحول بہت نازک ہے اور اسے پہلے ہی خطرہ ہے۔

یہ پہاڑیاں کبھی نیپال اور سرحد کے پار انڈیا میں دریاؤں کے بہاؤ کو قابو میں رکھتی تھیں اور ان کی وجہ سے ہونے والے نقصان کو بھی کم کرتی تھیں۔ لیکن درختوں کی بہت زیادہ کٹائی اور کان کنی نے ان پہاڑیوں کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔

حالیہ تعمیراتی ترقی کی وجہ سے علاقے کے دریاؤں کی تہوں میں سے ریت اور چھوٹے بڑے پتھر بڑی بیدردی سے نکالے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اتر پردیش اور بہار کی دوسری صنعتوں نے بھی علاقے کے قدرتی وسائل کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔

نیپال

سیلابوں کو روکنے والے قدرتی ذرائع کے آہستہ آہستہ ختم ہونے سے اب زیادہ تباہی پھیل رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ قدرتی طور پر سیلاب روکنے والے عوامل کے ختم ہونے سے مون سون کے سیلاب اب قابو میں نہیں رہے۔

کچھ سال پہلے ایک اعلیٰ سطح کی ماحول بچاؤ مہم چلائی گئی تھی لیکن وہ آگے نہ بڑھ سکی اور اب قدرتی وسائل کی لوٹ مار ایک خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے۔

علاقے کا ماحول نہ صرف نیپال کے میدانوں کے لیے اہم ہے، جنھیں ملک کی خوراک کی ٹوکری کہا جاتا ہے، بلکہ یہ اتر پردیش اور بہار کے لیے بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ انڈیا نیپال پر تنقید کرتا ہے کہ وہ درختوں کی کٹائی اور کان کنی کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہا ہے۔

اب جب ماحولیاتی تغیر نے مون سون کو بھی غیر یقینی بنا دیا ہے ماہرین کو یہ ڈر ہے کہ دونوں ہمسائیوں کے درمیان یہ مسئلہ کہیں اور پیچیدہ نہ ہو جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp