ایران نے خلیج فارس میں ایک ’غیر ملکی ٹینکر‘ قبضے میں لے لیا


File photo showing Iranian Revolutionary Guards naval vessels during a ceremony near Bandar Abbas on 2 July 2012

ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ کیا یہ متحدہ عرب امارات کا ریح نامی ٹیکر ہے جس نے اتوار کو آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے اپنا سگنل بھیجنا بند کر دیا تھا۔

ایران کا کہنا ہے کہ انھوں نے اتوار کے روز عملے کے بارہ اراکین سمیت ایک ’غیر ملکی‘ ٹینکر کو تیل سمگل کرنے پر قبضے میں لے لیا ہے۔

ایران کے ریاستی ٹی وی چینل نے پاسدارانِ انقلاب کے حوالے سے بتایا کہ یہ بحری جہاز دس لاکھ لیٹر تیل سمگل کر رہا تھا۔

ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے کہ کیا یہ متحدہ عرب امارات کا ریح نامی ٹیکر ہے جس نے اتوار کو آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے اپنا سگنل بھیجنا بند کر دیا تھا۔

اس ہفتے کے آغاز میں ایران نے یہ کہا تھا کہ وہ اسی علاقے میں ایک ٹینکر کی مدد کو پہنچے تھے جو کہ خراب ہو گیا تھا۔

ریح ٹینکر کا نام لیے بغیر ایرانی حکام نے کہا تھا کہ وہ خراب ٹینکر کو مرمت کے لیے ایرانی حدود میں لے آئے تھے۔ ان کے مطابق ٹینکر کے خراب ہونے کے بعد ایران کو مدد کے لیے پیغام بھیجا گیا تھا۔

آبنائے ہرمز

2015 کے جوہری معاہدے سے امریکہ کے نکل جانے اور ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ایران کی تیل کی صنعت پر لگائی گئی پابندیوں کے بعد سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

مئی اور جون کے مہینوں میں امریکہ نے ایران پر خلیجِ عمان میں تیل کے ٹینکروں پر دو مختلف حملوں کا الزام لگایا ہے۔ ایران ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔

اس کے علاوہ متنازع حالات میں ایران نے ایک امریکی ڈرون بھی آبنائے ہُرمز کے علاقے میں مار گرایا تھا۔

ادھر جبرالٹر کے قریب ایک ایرانی آئل ٹینکر کے پکڑے جانے کے بعد برطانوی ٹینکر قبضے میں لینے کی ایرانی دھمکیوں کے بعد سے برطانوی بحریہ کے جہاز برطانوی ٹینکروں کے ساتھ ساتھ چل رہے ہیں۔

برطانیہ کا کہنا ہے کہ ایرانی ٹینکر شام پر لگائی گئی یورپی یونین کی پابندیوں کی خلاف ورزی کر رہا تھا تاہم ایران اس بات سے انکار کرتا ہے کہ ٹینکر شام جا رہا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp