بڑی عید، خدا کیا کہنا چاہتا تھا


\"wisi-baba\" زرا دھیان میں لائیں۔ سرزمین عرب ہے ۔ یہی تپتے صحرا ہیں ۔ کوئی سایہ نہیں ہے۔ کوئی سہولت نہیں ہے۔ صدیوں پہلے کا زمانہ ہے۔ دو ہزار سال سے بھی پہلے کا۔ حضرت ابراہیم ہیں کہ اس سرزمین پر گھومتے پھرتے ہیں۔ کبھی دن نکلتا ہے۔ کبھی رات ہوتی ہے۔ وہ سورج کو دیکھتے ہیں۔ آسمانوں پر ٹنگے تارے دیکھتے ہیں۔

ان نظاروں کو پسند کرتے ہیں۔ پھر کہیں انہیں خیال آتا ہے۔ ان کا تو کوئی بنانے والا بھی ہو گا۔ اسے ڈھونڈتے ہیں ۔ اسے پکارتے پھرتے ہیں۔ لوگوں کو اس کے بارے میں بتاتے ہیں۔ کوئی یقین کم ہی کرتا ہو گا۔ یہ مشہور ہو جاتے ہیں۔ لوگ انہیں خلیل اللہ کہنے لگتے ہیں۔

بادشاہ وقت ان سے جل جاتا ہے۔ یہ اس سے بھی کسی بہت طاقتور ہستی کا ذکر کرتے پھرتے ہیں۔ مشکلات سہتے ہیں جلاوطن ہوتے ہیں۔ بوڑھے ہوتے ہیں جب حضرت اسماعیل پیدا ہوتے ہیں۔ انہیں بہت چاہتے ہیں۔ خدا کو اب بھی پکارتے پھرتے ہیں۔ خواب دیکھتے ہیں ۔ بار بار دیکھتے ہیں۔ بیٹے کو قربان کرنے پر تیار ہو جاتے ہیں۔

ہم سب جانتے ہیں ۔ حضرت اسماعیل کی بجائے دنبہ قربان ہوتا ہے۔ مذہبی باتیں نہیں کرتے ۔ تکنیکی تفصیلات میں بھی نہیں پڑتے۔

یہ حضرت ابراہیم تھے۔ جنہوں نے خدا کو ایسے چاہا۔ اتنا پکارا، کہ سب انہیں خدا کا دوست کہنے لگے۔ ہم ایک بات پر غور نہیں کرتے۔ خدا نے انہی کے ذریعے آج سے ہزاروں سال پہلے ہمیں بھی ایک پیغام دیا۔ ہم عید مناتے ہیں ۔ خدا کے پیغام پر غور نہیں کرتے۔ بکرے دنبے ڈھونڈتے پھرتے ہیں۔ اب تو قربانی کرنے نہ کرنے کے حوالے سے بھی بحث کرنے لگ گئے ہیں۔ عید پر دعوتوں کے منصوبے بناتے ہیں ۔ نہیں کرتے تو اس دن اس وجہ پر غور نہیں کرتے۔

ہم حضرت ابراہیم کے عمل کی یاد عید کی صورت مناتے ہیں۔ قربانی کر کے۔ اس قربانی میں غریبوں کا رشتہ داروں کا حصہ رکھنے کا مطلب بھی ہم سمجھتے ہیں۔ اس طرح ہم ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں ۔ جب ایک دوسرے کی دعوتیں کرتے ہیں۔ ایک دن مل کر ایک جیسے اچھے کھانے کھاتے ہیں۔ یہ سب تو ہو گیا مقصد کیا مطلب کیا اس سب کا۔

لوگو حضرت ابراہیم کا شکریہ ادا کرو۔ حضرت ابراہیم تھے جنہوں نے ہزاروں سال پہلے بتا دیا۔ خدا کا پیغام دیا کہ خدا کو اپنے لئے انسانوں کی جان لینے کی کوئی خواہش اور ضرورت نہیں۔ خدا کے نام پر جان لینے اور دینے سے منع کرنے کی یاد ہی مناتے ہیں ہم۔

یہ دن ہمیں بتاتا ہے کہ خدا کے نام پر مرنے اور مارنے والے ایسا ہرگز خدا کے لئے نہیں کرتے۔

عید انسانوں کے لئے خدا کا ایک پیار بھرا پیغام ہے ۔ آپ سب کو عید مبارک

وسی بابا

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وسی بابا

وسی بابا نام رکھ لیا ایک کردار گھڑ لیا وہ سب کہنے کے لیے جس کے اظہار کی ویسے جرات نہیں تھی۔

wisi has 406 posts and counting.See all posts by wisi

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments