پی آئی اے کا جہاز گلگت ائرپورٹ پر حادثے کا شکار


پامیر ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پی آئی کی اسلام آباد سے گلگت کی فلائٹ نمبر 605 لینڈنگ کے وقت حادثے سے دوچار ہو گئی اور جہاز رن وے سے پھسل گیا۔ جہاز میں 50 مسافر سوار تھے جن میں چھے بچے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ عملے کے چار ارکان بھی جہاز میں موجود تھے۔ تمام مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ رہے۔

پامیر ٹائمز کو جہاز میں موجود مسافروں نے بتایا کہ جہاز نے معمول سے ہٹ کر لینڈنگ کی اور اس کی رفتار تیز تھی جس کی وجہ سے اسے قابو کرنے میں پائلٹ کو یقینی طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جہاز نے آدھا رن وے گزرنے کے بعد اسے ٹچ کیا اور پائلٹ تیز رفتاری کے باعث جہاز کا کنٹرول کھو بیٹھا۔

دوسری طرف اے آر وائی نے اس حادثے کے متعلق مندرجہ ذیل خبر دی ہے۔
قومی ایئر لائن کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا، تمام مسافر خیریت سے اور محفوظ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا۔ پائلٹ نے کمال مہارت سے دوران لینڈنگ طیارے پر قابو پالیا۔

پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام مسافر خیریت سے اور محفوظ ہیں، قومی ایئر لائن کے سی ای او ارشد ملک نے حادثے کی تحقیقات کی ہدایت دے دی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی واقعے کا نوٹس لے لیا۔

ذرائع کے مطابق سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کے ارکان اسلام آباد سے گلگت روانہ ہوگیا ہے۔ ارکان طیارے کے کپتان سے معلومات حاصل کریں گے اور اس کا طبی معائنہ کیا جائے گا۔ ایس آئی بی کے بعد پی آئی اے بھی اس واقعے کی تحقیقات کرے گی۔ پی آئی اے کی انجینئرز اور ٹیکنیکل ٹیم بھی گلگت روانہ ہوگئی ہے۔ دوسری جانب گلگت آنے والے مسافروں کو اسلام آباد لانے کے لیے پرواز روانہ کردی گئی ہے۔
تصاویر بشکریہ پامیر ٹائمز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).