عامرکیانی کوجنرل سیکرٹری بنانے پر پی ٹی آئی کارکن شدید ناراض


کرپشن کے الزام پر وزیر صحت کے عہدے سے فارغ کئے جانے والے تحریک انصاف کے رہنما عامر کیانی کو پارٹی کا جنرل سیکرٹری بنانے جانے پر تحریک انصاف کے کارکنوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میں بھی کرپٹ لوگوں کو عہدوں اور وزارتوں سے نوازا جا رہا ہے۔

پارٹی چیئرمین عمران خان نے کارکنوں کے ساتھ وعدہ کیا تھا کہ تحریک انصاف جمہوری جماعت ہوگی جس میں وہ ہی بندہ عہدیدار ہو گا جسے کارکنان منتخب کریں گے ۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے پارٹی میں تنظیم نو کے نام پر ان لوگوں کو پارٹی پر ایک بار پھر مسلط کر دیا گیا جن پر مبینہ طور پر کرپشن کے الزامات ہیں۔

عمران خان نے کرپشن کے الزام پر عامر کیانی کو وفاقی وزیر صحت کے عہدے سے ہٹا دیا تھا تاہم اب عامر کیانی کو اعلیٰ عہدہ دیتے ہوئے پارٹی کا جنرل سیکرٹری بنا دیا گیا جس پر پارٹی کے اندر شدید تنقید شروع ہو گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر کارکنوں نے اعلیٰ قیادت کی جانب سے من پسند افراد کی سلیکشن پر غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کو اپنی پالیسیاں بدلنی پڑیں گی ورنہ ہم سڑکوں پر نکلے تو پھر بہت کچھ بدل جائے گا۔ ایک اور کارکن کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ تنظیم منظور نہیں،عامر کیانی کی پوری ٹیم کرپشن سے بھری ہے۔

تحریک انصاف کے ایک کارکن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں عہدے نوٹیفکیشن کے ذریعے بانٹے گئے۔ عزت صرف ووٹ کے ذریعے منتخب عہدیدار کی ہو گی۔ ایک کارکن نے پارٹی اعلیٰ قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران کے گرد موجود لوگ جلد ہی اس کو لے ڈوبیں گے ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).