عمران ٹرمپ ملاقات: مسئلہ کشمیر پر صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیش کش


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے موقع پر انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشمیر کے دیرینہ تنازع کو حل کرنے میں کردار ادا کرنے کی پیش کش کی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا ہے ‘اگر میں مدد کر سکوں تو میں بخوشی ثالث کا کردار کرنے کے لیے تیار ہوں۔’

وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے موقع پر انھوں نے کہا کہ انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اسی معاملے کو حل کرانے کی درخواست کی ہے۔

تاحال انڈیا کی جانب سے مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے وزیر اعظم مودی کی جانب سے صدر ٹرمپ کو دخواست کے بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ‘اگر وہ کچھ کر سکتے ہیں تو انھیں بتایا جائے۔’

وزیر اعظم عمران خان کے وائٹ ہاؤس پہنچنے پر صدر ٹرمپ نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد میڈیا کی موجودگی میں مختصر گفتگو کے دوران امریکی صدر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کو انتہائی خوشگوار دیکھ رہا ہوں، امید ہے ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔

اوول آفس میں اس وقت جاری ملاقات میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ‘افغانستان سے واپسی کے لیے امریکا، پاکستان کے ساتھ کام کررہا ہے اور امریکا خطے میں پولیس مین بننا نہیں چاہتا۔’

ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان اس وقت افغانستان میں ہماری بہت مدد کررہا ہے۔‘

امریکی صدر کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرنے کی پیش کش کو امریکی پالیسی میں ایک تبدیلی کے طور پر دیکھا جائے گا کیونکہ امریکہ کا اس بارے میں ایک عرصے سے یہ موقف رہا ہے کہ یہ ایک دوطرفہ مسئلہ ہے جو دونوں ملکوں کو باہمی سطح پر حل کرنا چاہیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32551 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp