عمران خان کی نینسی پلوسی سے ملاقات: ’امریکہ کے ساتھ تعلقات کو از سر نو استوار کرنے کا وقت آ گیا‘


عمران خان اور نینسی پلوسی

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو از سر نو استوار کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

بدھ کی رات گئے امریکی ایوانِ نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات میں دو طرفہ بھروسہ چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم کا نینسی پلوسی سے کہنا تھا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ آپ پاکستان کے نقطۂ نظر سے آگاہی حاصل کریں۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ قیام امن کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

نینسی پلوسی نے کہا کہ خطے میں استحکام اور امن کا قیام ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’ٹرمپ پاکستان سے ایک نیا رشتہ استوار کرنا چاہتے ہیں‘

ٹرمپ کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش، انڈیا کا انکار

ثالثی کی پیشکش: ’پاکستان کے ساتھ ہاتھ ہو گیا‘

افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 19 سال سے جاری افغانستان کی جنگ کا سیاسی حل تلاش کرنا ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ افغانستان میں سیاسی استحکام کے لیے بھر پور کوشش کر رہے ہیں کیونکہ افغانستان کی صورت حال پیچیدہ ہے۔

پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ افغان مسئلے کے حل کے لیے امریکہ اور پاکستان کے درمیان بات چیت ہوئی ہے۔

اس سے پہلے عمران خان نے کیپیٹل ہِل میں پاکستان کاکس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں پہلے پاکستان کے بارے میں غلط فہمی پائی جاتی تھی اور ماضی کی حکومتوں نے امریکہ کو زمینی حقائق سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ امریکہ آنے کا مقصد پاکستان کے بارے میں حقیقت بتانا تھا۔

عمران خان کے بقول پاکستان اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے اور اس نے دہشت گردی کے خلاف ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نائن الیون کے بعد پاکستان اور امریکہ کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہوئیں اور امریکہ نے ہمیشہ پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے نینسی پلوسی نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے لیے بہت اہم ہے۔

امریکی ایوانِ نمائندگان کی سپیکر نے کہا کہ دہشت گردی اور منی لانڈرنگ میں امریکہ کو پاکستان کا تعاون حاصل ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp