فواد عالم کے نام سے ٹرینڈ: ’کتنی بے شرمی کی بات ہے، پی سی بی فوری ایکشن لے‘


کرکٹ

فواد عالم کے مداحوں نے کرکٹ بورڈ کے رویے سے تنگ آ کر #FawadAlamExposed کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کے گن گانے شروع کر دیے ہیں

چند روز قبل پاکستانی سوشل میڈیا پر پاکستانی کرکٹر امام الحق کا خوب ذکر چل رہا تھا جہاں ان کے ذاتی نوعیت کے مبینہ واٹس ایپ پیغامات کے سکرین شاٹس شائع کیے گئے تھے جو انھوں نے مختلف خواتین کو بھیجے تھے۔

ان پیغامات کے بعد امام الحق کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور مسلسل ٹوئٹر پر ان کا نام ٹاپ ٹرینڈز میں شامل رہا۔

فواد عالم کے بارے میں مزید پڑھیے

انضی بھائی! میری جوانی لوٹا دیں

’وہاب ریاض، فواد عالم اور یہ کرم کے فیصلے‘

انضمام صاحب! آپ کا ’اینگری ینگ پاکستان‘ فلاپ ہو گیا

لیکن اس کے کچھ دیر بعد سوشل میڈیا پر ہی یہ ذکر چھڑا کہ امام الحق کے بعد اور بھی کئی پاکستانی کرکٹرز کا نام اسی حوالے سے سامنے آئے گا اور جب گذشتہ شب فواد عالم کے نام سے #FawadAlamExposed کا ہیش ٹیگ تیزی سے ٹرینڈ کرنا شروع ہوا تو کئی لوگ شش و پنج میں پڑ گئے کہ ایک کھلاڑی جو گذشتہ چار سالوں سے قومی ٹیم کا حصہ نہیں بنا اس نے ایسا کیا کر دیا جس پر ان کے ‘راز’ سب کے سامنے لائے جا رہے ہیں۔

فاتح محمد نے ٹویٹ کیا ‘ڈیئر پی سی بی، پلیز ایکسپوز فواد عالم’۔

https://twitter.com/fatehmqazi/status/1154599931870633990

لیکن جب اس ہیش ٹیگ ٹرینڈ کا جائزہ لیا گیا تو پتہ چلا کہ رات ساڑھے نو بجے شروع ہونے والے ٹرینڈ کو شروع کرنے والے لوگ فواد عالم کے اپنے حمایتی تھے جن کی حکمت عملی نہایت کامیاب رہی اور انھوں نے ایسا ٹرینڈ کامیابی سے شروع کیا جسے دیکھ کر آپ کلک کرنے پر مجبور ہو جائیں۔

صارف ارسلان احمد کی ٹویٹ کی ہی مثال لیں۔ وہ لکھتے ہیں ‘یہ اتنی بے شرمی کی بات ہے، میں یہ توقع نہیں کر رہا تھا فواد عالم سے۔ یہ لیک ہونے والی تصویر دیکھیں، پی سی بی کو ان کے خلاف فوری ایکشن لینا چاہیے۔’

https://twitter.com/Arsiikehtahy/status/1154438131405545472

اور اس ٹویٹ میں تصویر کیا تھی؟ فواد عالم کے کریئر کے اعداد و شمار جن کو دیکھ کر واقعی ذہن میں سوال اٹھتا ہے کہ ایک ایسی ٹیم جسے مصباح الحق اور یونس خان کے ریٹائر ہونے کے بعد منجھے ہوئے بیٹسمین کی ضرورت ہو، وہ فواد عالم کو کیوں نہیں کھلا رہی۔

کرکٹ

کئی صارفین نے اس ٹرینڈ کو امام الحق خلاف اشارہ سمجھتے ہوئے ٹویٹ میں کہا کہ ’اگر آپ کسی کے راز سامنے لانا چاہتے ہیں تو فواد جیسے لوگوں کو سامنے لائیں۔ اتنے عمدہ کھلاڑی جنھیں پی سی بی نظر انداز کرتا ہے۔‘

https://twitter.com/sayyab_sheikh/status/1154661940817518593

امام الحق کے چچا اور حال ہی میں ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے والے انضمام الحق نے گذشتہ سال اپریل میں فواد عالم کو مسلسل نظر انداز کیے جانے پر تبصرہ کیا تھا کہ گذشتہ تین چار سالوں میں فواد عالم کے مقابلے میں کئی اور کھلاڑیوں نے بہتر کھیل پیش کیا تھا اور اس وجہ سے ان کو موقع نہیں ملا۔

https://twitter.com/itx_halloween/status/1154446044966486016

لیکن اگر اعداد و شمار دیکھے جائیں تو معلوم ہوتا ہے کہ 2014-15 کے سیزن میں فواد نے 72 کی اوسط سے 710 رنز بنائے، اس کے بعد 2015-16 کے سیزن میں انھوں نے 56 کی اوسط سے 672 رنز بنائے، 2016-17 کے سیزن میں انھوں نے 55 کی اوسط سے 499 اور 2017-18 کے سیزن میں 40 کی اوسط سے 570 رنز سکور کیے۔

اور یہاں پر سب سے اہم نکتہ اجاگر کرنے کی ضرورت یہ ہے کہ اعداد و شمار کی روشنی میں پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں فواد عالم سے زیادہ کامیاب بلے باز کوئی نہیں ہے۔

https://twitter.com/IzmaSiddiqi/status/1154507046676553729

سنہ 2003 میں ڈیبو کرنے والے 33 سالہ فواد عالم نے تین ٹیسٹ سمیت اب تک 155 میچز کھیلے ہیں جن میں انھوں نے 56 رنز کی اوسط سے 11 ہزار سے زیادہ رنز سکور کیے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ انفرادی سکور 296 رنز ہے۔

کرکٹ

سنہ 2009 میں سری لنکا کے خلاف اپنا ٹیسٹ ڈیبو کرنے پر فواد عالم نے 168 رنز کی شاندار اننگز بھی کھیلی تھی۔ لیکن ان کی بدقسمی رہی کہ 2016 میں انگلینڈ کا دورہ کرنے والے سکواڈ کا حصہ بننے والے فواد کوئی میچ نہ کھیل سکے اور انھوں نے آخری مرتبہ 2015 پاکستان کی نمائندگی کی تھی جب انھیں بنگلہ دیش کے خلاف ایک روزہ ٹیم میں شامل کیا تھا۔

https://twitter.com/heyyusama/status/1154503033662795776

ماضی میں ٹی 20 کی ٹیم میں کھیلنے والے فواد نے 2010 میں آخری دفعہ اس فارمیٹ میں پاکستان کے لیے کھیلا تھا اور اس سے ایک برس قبل نیوزی لینڈ کے خلاف انھوں نے اپنا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp