سچن تنڈولکر کے بعد انڈیا کے سب سے کم عمر سنچری میکر پرتھوی شا ڈوپنگ کرتے پکڑے گئے؟


پرتھوی شا

انڈیا کے ایک نوجوان ٹیسٹ اوپنر پرتھوی شا کو ڈوپنگ کے ایک معاملے میں آٹھ مہینوں کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

پرتھوی شا سچن تنڈولکر کے بعد سب سے کم عمر میں سنچری لگانے والے انڈین کھلاڑی ہیں جبکہ انڈیا کی جانب سے وہ اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں سب سے کم عمری میں سنچری لگانے کے ریکارڈ کے حامل ہیں۔

انڈین کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ ان کے ساتھ دو دیگر کھلاڑیوں کو بھی معطل کیا گیا ہے۔

بی سی سی آئی نے ایک بیان جاری کیا ہے اور اس میں یہ کہا گیا ہے کہ پرتھوی شا نے انجانے میں ممنوعہ شۓ لی تھی جو عام طور پر کھانسی کی دواؤں میں پائی جاتی ہے۔

بی سی سی آئی نے بیان میں کہا: ‘پرتھوی شا نے 22 فروری سنہ 2019 کو اندور میں منعقدہ سید مشتاق علی ٹرافی کے ایک میچ کے دوران ڈوپنگ کی جانچ کے تحت اپنے پیشاب کا نمونہ دیا تھا۔ ان کے پیشاب کے نمونے میں ٹربوٹالائن مادہ پایا گیا جو کہ انسداد ڈوپنگ کی عالمی تنظیم واڈا کی ممنوعہ ادویات کی فہرست میں شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ممنوعہ ادویات، ایتھلیٹس کے جسم میں چپ نصب کرنے کی تجویز

ویسٹ انڈین آل راؤنڈر آندرے رسل پر ایک سال کی پابندی

کرکٹر احمد شہزاد مثبت ڈوپ ٹیسٹ پر معطل

مثبت ڈوپنگ ٹیسٹ: رضا حسن کی اپیل واپس

بی سی سی آئی نے بتایا کہ پرتھوی شا نے اس کا اعتراف کیا ہے تاہم کہا ہے کہ انھوں نے دانستہ طور پر اس کا استعمال نہیں کیا بلکہ کھانسی کے علاج کے لیے کف سیرپ کے طور پر لیا تھا۔

پرتھوی شا نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ انھیں اس بات کا علم ہوا ہے کہ وہ نومبر تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

پرتھوی شا پر یہ پابندی 16 مارچ سے ہی عائد کر دی گئی ہے جو 15 نومبر 2019 کو پوری ہوگی۔

پرتھوی شا نے لکھا: ‘میں اسے تمامتر سنجیدگی سے قبول کرتا ہوں۔ ابھی میں گذشتہ ٹورنامنٹ میں آنے والی چوٹ سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ لیکن اس خبر نے مجھے جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔’

انھوں نے مزید کہا: ‘مجھے اسے سبق کے طور پر لینا ہوگا اور امید کہ ہماری کھیل برادری میں یہ واقعہ دوسروں کے لیے بھی سبق ثابت ہو۔’

بورڈ نے کہا وہ شا کے جواب سے مطمئن ہیں کہ انھوں نے یہ دوا کھانسی کے لیے لی تھی نہ کہ اپنی کارکردگی بہتر کرنے کے لیے۔

پرتھوی شا کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ میں ودربھ کے لیے کھیلنے والے اکشے دلاور اور راجستھان کے لیے کھیلنے والے دویہ راج پر بھی آٹھ مہینوں کی پابندی لگائی گئی ہے۔

پہلے ہی ٹیسٹ سے ہیرو

ممبئی کرکٹ بورڈ سے منسلک پرتھوی شا نے گذشتہ سال اس وقت اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا جب انھوں نے اپنے پہلے ہی ٹیس میں سنچری سکور کی۔

انھوں نے اب تک انڈیا کی دو ٹیسٹ میچوں میں نمائندگی کی ہے اور انھیں انڈیا کا مستقبل سمجھا جاتا ہے۔ وہ آئی پی ایل میں دہلی کیپیٹلز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32497 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp