پیٹرول کی قیمت میں پانچ روپے اضافے پر شدید عوامی ردعمل


پیٹرول

بدھ کی شب جب وفاقی حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارش کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کیا تو پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 15 پیسے کے اضافے کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی petrolprice# سب سے تیزی سے ٹرینڈ ہوتا ہوا موضوع بن گیا۔

یاد رہے کہ دو ماہ قبل عیدالفطر سے قبل بھی وفاقی حکومت نےاوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز کو منظور کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے کا اضافہ کیا تھا جس کے بعد فی لیٹر پیٹرول 112 روپے 68 پیسے کا ہوگیا تھا.

اور اس سے قبل مئی میں پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 42 پیسے اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمت 108 روپے 31 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

سوشل میڈیا پر حکومت کے اس فیصلے پر شدید تنقید نظر آئی اور لوگوں نے وزیرِ اعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کی زندگی مشکل کی جا رہی ہے۔

صبور نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’خان صاحب، پلیز پویلین واپس چلے جائیں، سیاست کرنا آپ کے بس کی بات نہیں ہے۔ آپ مسلسل غریب پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔’

براؤن گرل کے نام سے ایک صارف نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب عمران خان نے کہا تھا میں ان کو رلاؤں گا، تو مجھے احساس نہیں تھا کہ وہ ہم سب کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔‘

https://twitter.com/the_desi_dream/status/1156647910068633600

سید سعد احمد نے پیٹرول کی قیمت بڑھنے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب وقت آگیا ہے کہ میں اپنی سائیکل گیراج سے نکال کر صاف کروں اور استعمال کرنا شروع کر دوں۔ اب یہی میری ہمسفر ہے۔‘

فراز لکھتے ہیں کہ اب کیونکہ پیٹرول کی قیمت 100 روپے سے اوپر ہی رہے گی تو حکومت کو چاہیے کہ وہ عوامی ٹرانسپورٹ، سکول بس اور سائیکلوں کے استعمال پر زور دے۔ صحت کے لیے بھی مؤثر اور ماحول کے لیے بھی۔‘

یہ بات بھی عام مشاہدے میں ہے کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے کا اعلان ہونے سے پیشتر ہی مختلف چیزوں کی قیمتوں اور ٹرانسپورٹ کرائیوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے۔ اسی کی نشاندہی کرتے ہوئے ایک ٹوئٹر صارف کا دعویٰ تھا کہ ان کا آج صبح ہی صبح (پبلک ٹرانسپورٹ کے) کرائے کی وجہ سے جھگڑا ہوا ہے۔

 

ایک اور صارف نے چند دن قبل وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لینے کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کچھ یوں تبصرہ کیا کہ وزیرِ اعظم نے روٹی کی قیمت میں اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر ساڑھے پانچ روپے اضافے کی منظوری دے دی۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں یہ اضافہ سال 2019 میں پانچویں بار ہوا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp