آب و ہوا میں تبدیلی: ماہ جولائی ریکارڈ پر ’ذرا‘ زیادہ گرم

میٹ میکگراتھ - نامہ نگار برائے ماحول

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

سورج کی تپش

Getty Images

عالمی درجۂ حرارت کے بارے میں دستیاب معلومات کے ابتدائی تجزیے سے لگتا ہے کہ جولائی کا مہینہ ریکارڈ کے اعتبار سے سب سے گرم مہینہ تھا۔ اگرچہ موجودہ ریکارڈ کے مقابلے میں یہ اضافہ معمولی تھا۔

جولائی کے پہلے انتیس دنوں میں کئی ملکوں میں گرمی کی لہر آئی ہوئی تھی جو 2016 کے برابر تھی یا اس سے کچھ زیادہ۔ یہ جائزہ یورپی یونین کے کوپرنِیکس کلائمیٹ چینج سروس کے محققین نے لیا ہے، بین الاقوامی سطح پر اس کی تصدیق ہونا باقی ہے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ زمین کے گرم ہونے کی ایک اور نشانی ہے جس کی پہلے کوئی مثال موجود نہیں۔

یہ نئی معلومات منصوعی سیاروں اور زمین پر قائم مراکز سے اکھٹی کی گئی ہیں۔

یہ اعداد و شمار کوپرنِیکس کلائمیٹ چینج سروس کی چالیس برس کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہیں۔

اس ادارے کے جون کے لئے اعداد و شمار کی عالمی سطح پر تصدیق ہو چکی ہے۔

آپ کے شہر کا موسم کتنا گرم ہے؟

محققین کا کہنا ہے کہ اگرچہ فی الحال وہ درجۂ حرارت میں اس اضافے کو براہ راست آب و ہوا میں تبدیلی سے نہیں جوڑ سکتے تاہم سائنسدان یہ سمجھتے ہیں کہ انسانی سرگرمی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کاربن ڈائی آکسائڈ گیس کی وجہ سے مجموعی حدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

جنگلات میں لگی آگ

Getty Images
جولائی میں پرتگال کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے میں ہزاروں فائر فائٹرز نے حصہ لیا

کوپرنِیکس کے ڈاکٹر فریجا ویمبورگ کہتے ہیں کہ ‘یہ مہینہ بہت گرم تھا، مگر میرے نزدیک یہ بڑی بات نہیں۔ میرے لیے اہم یہ ہے کہ نہ صرف یہ مہینہ بلکہ اس سے پہلے والا مہینہ بھی گرم تھا۔ 2019 کے تمام مہینہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں گرم رہے ہیں۔’

‘اور یہ رجحان یوں ہی جاری رہے گا جب تک ہم گرین ہاؤس گیسوں میں کمی لانے کے لیے کچھ کرتے نہیں۔’

عالمی حدت میں اضافہ

ویسے تو جولائی کا مہینہ گرم ہوتا ہی ہے مگر اس سال یورپ، امریکا اور آرکٹِک میں غیرمعمولی گرمی کی لہر آئی ہوئی تھی۔

بیلجیم، نیدرلینڈ اور جرمنی میں گرمی کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے اور کئی جگہوں پر پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھونے لگا تھا۔ برطانیہ میں بھی کیمبرج یونیورسٹی کے نباتاتی باغیچے میں 38.7 ڈگری سینٹی گریڈ کا نیا ریکارڈ قائم ہوا۔

امریکا میں بھی گرمی کی شدید لہر سے بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے اور کئی شہروں میں گرمی کے پرانے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔

آرکٹِک کے خطے میں کئی جنگلوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس میں روس کا کچھ حصہ بھی شامل ہے۔

انڈیا میں شدید گرمی اور پانی کی کمی ساتھ ساتھ آئے۔ جاپان میں 5 ہزار سے زیادہ لوگوں کو لو لگنے کے سبب ہسپتال جانا پڑا۔

کرِسچیئن ایڈ کی ڈاکٹر کیتھرین کریمر کہتی ہیں کہ ‘یہ سب شواہد بتاتے ہیں کہ اگر کاربن ڈائی آکسائڈ گیس کا اخراج یوں ہی جاری رہا تو گرمی بھی بڑھتی چلی جائے گی۔’

سابقہ ریکارڈ

امریکی ادارے نیشنل اوشیانک اینڈ ایٹموسفیرِک ایڈمنِسٹریشن کے 1880 سے جمع کیے گئے ریکارڈ کے مطابق 2016 گرم ترین سال تھا۔

ادارے کا کہنا ہے کہ ان 136 برس کے دوران آنے والے گرم ترین دس برسوں میں سے نو برس اکسویں صدی میں آئے جبکہ صرف ایک سال، 1998 بیسویں صدی میں گزرا تھا۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 10774 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp