انگلینڈ کے نئے کوچ کے لیے مکی آرتھر کا نام زیر غور ہے


مکی آرتھر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا نام ان چند لوگوں میں شامل ہے جنھیں انگلینڈ کے کوچ کا عہدہ مل سکتا ہے۔

برطانیہ میں بی بی سی کے نامہ نگار سٹیفن شمیلٹ کے مطابق انگلینڈ کے موجودہ کوچ ٹریور بیلس آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔

اس سلسلے میں انگلینڈ کرکٹ کے ڈائریکٹر ایشلی جائلز نے پیر کو کہا تھا کہ انھوں نے غیر رسمی طور پر مختلف امیدواروں سے بات چیت کی ہے۔

جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مکی آرتھر سے بھی، جو اس سے پہلے اپنے ملک اور آسٹریلیا کے کوچ رہ چکے ہیں، انگلینڈ کی کوچنگ کے لیے بات ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

جب مکی آرتھر کا سر بے یقینی میں جھک گیا

گیم اپنی اپنی، پلان اپنا اپنا

’سرفراز احمد نئے دور کے کپتان ہیں‘

مکی آرتھر کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ انھوں نے اس عہدے کے لیے جولائی میں اپنی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

انھوں نے برطانیہ میں بیرون ملک دوروں پر کوچ کی حیثیت سے متعدد فتح حاصل کیں ہیں۔ وہ جنوبی افریقہ کے کوچ تھے جب ان کی ٹیم نے سنہ 2008 میں انگلینڈ کے خلف ٹیسٹ سیریز جیتی تھی۔ جبکہ پاکستان نے مکی آرتھر کی کوچنگ میں سنہ 2017 میں چیمپیئنز ٹرافی جیتی تھی۔

اطلاعات کے مطابق کوچ ٹریور بیلس کے جانے کے بعد انگلینڈ تینوں فارمیٹ کے لیے کوچ کا انتخاب کرے گا۔

مکی آرتھر کے علاوہ اس عہدے کے لیے جنوبی افریقہ کے کوچ اوٹس گبسن اور انڈیا کے سابق کوچ گیری کرسٹن کے نام زیر غور ہیں۔

مکی آرتھر اور سرفراز

ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے اوٹس گبسن دو مرتبہ انگلینڈ کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں اور سنہ 2017 کے آخر سے لے کر اب تک جنوبی افریقہ کی ٹیم کے ساتھ ہیں۔

جبکہ گیری کرسٹن، جن کی کوچنگ میں انڈیا نے سنہ 2011 میں عالمی کپ جیتا تھا، فی الحال انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز رائل چیلنجرز بینگلور کے ساتھ منسلک ہیں۔

زیادہ تر بڑے ناموں کے لیے اب انٹرنیشنل ٹیموں کی کوچنگ پہلی ترجیح نہیں ہوتی اور وہ ٹی ٹونٹی لیگز میں تھوڑے عرصے کے لیے کسی فرنچائز کے ساتھ منسلک رہتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ انگلینڈ کے پاس صرف چند ہی نام زیرِ غور ہیں جنھیں اس عہدہ پر رکھا جا سکتا ہے۔

مکی آرتھر مئی سنہ 2016 سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں، اور ان کے کنٹریکٹ کی مدت اگست سنہ 2019 تک ہے۔ ان کی کوچنگ میں پاکستان رواں سال ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہیں کر سکا تھا۔

یاد رہے کہ جمعہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایم ڈی وسیم خان نے کرکٹ کمیٹی کی صدارت کی تھی جس میں کوچ مکی آرتھر، سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق اور کپتان سرفراز احمد پیش ہوئے تھے۔

پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق اس ملاقات کے دوران پاکستان ٹیم کی ورلڈ کپ میں کارکردگی پر بات چیت ہوئی اور حاضرین نے اپنی سفارشات پیش کیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp