تحریک عدم اعتماد: ناکامی کی تحقیقات کے لیے بلاول بھٹو نے کمیٹی قائم کر دی


بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پی پی پی، بلاول بھٹو، سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد کے دوران پارٹی ڈسپلین سے انحراف کرنے والے سینیٹرز کو بے نقاب کرنا چاہتے ہیں

سینیٹ کے چیئرمین کے خلاف اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کی ناکامی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹرز کے کردار کے بارے میں حقائق جاننے کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تحریک کی ناکامی کے بعد اپنے سینیٹرز کے کردار کے بارے میں انکوائری کا اعلان کیا تھا۔

حقائق کمیٹی منگل، 6 اگست کو اسلام آباد میں اپنی تحقیقات کا آغاز کرے گی جس کا اجلاس سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ پر ہو گا۔

پیپلز پارٹی کی ایک پریس ریلیز کے مطابق کمیٹی میں یوسف رضا گیلانی، نیّر حسین بخاری، سعید غنی، صابر بلوچ اور فرحت اللہ بابر شامل ہیں اور الگ الگ صوبوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔

صادق سنجرانی

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف متحدہ اپوزیشن کی حالیہ تحریک عدم اعتماد ناکام رہی

جمعرات کے روز چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف متحدہ اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی جس کی تائید چونسٹھ ارکان نے کی تاہم تحریک پر خفیہ رائے شماری میں اپوزیشن مطلوبہ 53 ووٹ حاصل نہ کر سکی۔

سنیچر کو پارٹی کے ایک رہنما فرحت اللہ بابر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سینیٹ میں ہونے والی ‘ہارس ٹریڈنگ’ سے چیئرمین بلاول بھٹو کو سخت مایوسی ہوئی ہے اس لیے انھوں نے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ متحدہ حزبِ اختلاف اکثریت کے باوجود صادق سنجرانی کو ہٹانے میں کیوں کامیاب نہ ہو سکی۔

فرحت اللہ بابر کے بقول ‘وہ گھناؤنا کردار ادا کرنے والے سینیٹرز کو بے نقاب، اور پارٹی نظم کی خلاف ورزی اور انحراف کرنے والوں کو سزا دینا چاہتے ہیں۔’

پریس ریلیز کے مطابق کمیٹی سینیٹرز کی جانب سے پارٹی چیئرمین کو موصول ہونے والے استعفوں کے بارے میں بھی سفارشات دے گی۔

تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ 26 جون کو اتفاق رائے سے اسلام آباد میں ہونے والی کثیرالجماعتی کانفرنس میں کیا گیا تھا۔

فرحت اللہ بابر نے توقع ظاہر کی ہے کہ اپوزیشن کی دوسری جماعتیں بھی اپنے سینیٹرز سے متعلق ایسا ہی کریں گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp