آرٹیکل 370 کی منسوخی: ’کشمیریوں کو دبایا جائے گا تو پلوامہ جیسا ردعمل آئے گا‘


عمران خان

عمران خان کا کہنا تھا کہ انھیں بشکیک میں اندازہ ہوگیا تھا کہ انڈیا کو پاکستان سے بات چیت میں کوئی دلچسپی نہیں

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے کشمیر کو انڈیا کا حصہ بنانے کی کوشش ان کے نسل پرستانہ رویے کا مظہر ہے۔

عمران خان نے یہ بات منگل کو اسلام آباد میں پاکستانی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہی۔

یہ اجلاس انڈیا کی جانب سے جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والی آئینی شق ختم کرنے اور اسے مرکز کے زیرِ انتظام علاقہ بنانے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستانی پارلیمان کا مشترکہ اجلاس: کب کیا ہوا

محبوبہ مفتی:’پاکستان پر انڈیا کو ترجیح دینے میں غلط تھے‘

آرٹیکل 370 تھا کیا اور اس کے خاتمے سے کیا بدلے گا؟

’اب کشمیریوں کا انڈیا سے اعتبار اٹھ گیا ہے‘

یہ مشترکہ اجلاس منگل کی صبح شروع ہونا تھا تاہم اس میں حکومت کی جانب سے پیش کی جانے والی قرارداد میں آرٹیکل 370 کا ذکر نہ ہونے پر اپوزیشن کے احتجاج کے بعد ملتوی کر دیا گیا تھا۔

منگل کی شام جب اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو اس میں ترمیم شدہ قرارداد پیش کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ انڈیا نے جو فیصلہ کیا اس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہو سکتے ہیں۔

پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ رواں برس جون میں بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں انڈیا کا رویہ دیکھ کر انھیں احساس ہو گیا تھا کہ ’وہ ہماری امن کی کوششوں کو غلط سمجھ رہے ہیں۔ اسے ہماری کمزوری سمجھ رہے ہیں، اس لیے ہم نے مزید بات چیت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔‘

’بشکیک میں اندازہ ہوگیا تھا کہ انڈیا کو ہم سے بات چیت میں کوئی دلچسپی نہیں اور اس حوالے سے مجھے جو شبہ تھا وہ کل سامنے آ گیا۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’ہمارا مقابلہ نسل پرست نظریے سے ہے۔ کشمیر کے بارے میں انھوں نے اپنے نظریے کے مطابق (فیصلہ) کیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ انڈیا نے آرٹیکل 370 کے خاتمے کا جو فیصلہ کیا وہ ’اچانک نہیں کیا گیا بلکہ یہ ان کے انتخابات کا منشور تھا اور یہ ان کا بنیادی نظریہ ہے جو آر ایس ایس کے نظریے پر مبنی ہے کہ مسلمانوں کو ہندوستان سے نکال دیں گے، یہ صرف ہندوؤں کا ملک ہو گا۔‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت نے آرٹیکل 370 کے خاتمے کا فیصلہ اپنے ملک کے آئین، اپنی سپریم کورٹ، جموں و کشمیر کی عدالتِ عالیہ کے فیصلوں،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی 17 قراردادوں اور شملہ معاہدے کے خلاف جا کر کیا ہے۔

وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا ’انڈین حکومت کشمیر کی آبادیاتی شکل تبدیل کرنا چاہتی ہے جو کہ جنیوا کنونشن کے آرٹیکل 49 کے خلاف ہے، اسے جنگی جرم سمجھا جاتا ہے۔‘

کشمیر

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ انڈیا کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کا ارادہ رکھتا ہے

ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت نے اپنے نظریے کے لیے اپنے آئین، قوانین اور تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

پاکستانی وزیراعظم نے سوال اٹھایا کہ کشمیری عوام جو ظلم کا سامنا کر رہے ہیں وہ اس قانون کی وجہ سے غلامی کے لیے تیار ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں کشمیری مزاحمت مزید شدت پکڑے گی اور ’ہم سب کو سمجھنا ہے کہ اب یہ مسئلہ مزید سنجیدہ صورتحال اختیار کر گیا ہے۔

’انڈیا نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو مزید دبانا ہے، وہ انھیں اپنے برابر نہیں سمجھتے کیونکہ اگر وہ کشمیریوں کو اپنے برابر سمجھتے تو وہ جمہوری طور پر کوئی کوشش کرتے۔‘

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ انڈین حکومت جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے خیال پر عمل پیرا ہیں۔ وہ کشمیریوں کو طاقت کے زور پر کچلنے کی کوشش کرے گی اور جب وہ ایسا کرے گی تو ردعمل آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں آج پیش گوئی کرتا ہوں کہ پھر پلوامہ کی طرز کا واقعہ ہو گا اور انڈیا پھر پاکستان پر الزام دھرے گا کہ پاکستان سے دہشت گرد آئے جبکہ اس میں ہمارا کوئی تعلق نہیں تھا۔‘

پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ انھیں ’خدشہ ہے کہ انڈین حکومت نے ’کشمیر میں نسل کشی کرنی ہے۔ اور جب یہ سب چیزیں کریں گے تو اس خوفناک نتائج برآمد ہوں گے۔‘

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ‘ہم امن کی بات اس لیے کرتے ہیں کیونکہ ہمارا مذہب ہمیں انسانیت کی تعلیم دیتا ہے اور اسی لیے ہمیں انسانوں کی فکر ہے۔’

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم آخری قطرے تک لڑیں گے تو یہ ایک ایسی جنگ ہو گی جس کو کوئی نہیں جیت پائے گا، جو کبھی ختم نہیں ہو گی اور اس میں سب ہاریں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ وہ نیوکلیئر بلیک میل نہیں کر رہے بلکہ عام فہم بات کر رہے ہیں۔

شہباز شریف

شہباز شریف نے کہا کہ واحد موقع ہے کہ چین اور سعودی عرب کی طرف سے کوئی ایک مذمتی لفظ پاکستان کی حمایت میں نہیں آیا

‘ہم دنیا کو اپیل کرتے ہیں کہ ایک ملک جو بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے اس سے اس حوالے سے پوچھا جائے۔ اگر اب دنیا نے کچھ نہیں کیا تو اس کے خطرناک نتائج ہوں گے اور بات وہاں جائے گی جس کو کوئی سنبھال نہیں پائے گا۔’

عمران خان نے کہا کہ پاکستان انڈیا کے اس اقدام کو عالی سطح پر اٹھائے گا۔ ’ہم ہر فورم میں جائیں گے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، بین الاقوامی کریمینل کورٹ جائیں گے اور دنیا کو بتائیں گے کہ مسئلہ کیا ہے۔‘

فیصلہ کر لیں کہ کام صرف باتوں سے نہیں چلے گا

وزیراعظم عمران خان کے بعد قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ مودی حکومت نے پاکستان کی عزت کو للکارا ہے اور اقوام متحدہ کے چہرے پر زناٹے دار تھپڑ رسید کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پارلیمان میں اس حوالے سے کافی گفتگو ہو گی، تقریریں کی جائیں گی اور تجاویز آئیں گی لیکن اب صرف پارلیمان کی ایک متفقہ قرارداد سے کام نہیں چلے گا بلکہ جرات مندانہ فیصلے کرنے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم امن ضرور چاہتے ہیں مگر وقار کے ساتھ بےتوقیری کے ساتھ نہیں۔ ہم افغانستان میں امن کے لیے کوشش کریں اور سٹیج سجائیں مگر دوسری طرف ہماری اس کوشش کا بدلہ اس طرح دیا جائے۔ کیا یہ صدر ٹرمپ کا ٹرمپ کارڈ تھا یا ٹریپ کارڈ تھا؟

شہباز شریف نے کہا کہ ‘میں پورے پارلیمان اور پاکستان کی عوام سے کہنا چاہتا ہوں کہ آج ہم دو راہے پر کھڑے ہیں۔ جھکنا ہمارا آپشن یقینا نہیں اور اگر ایسا نہیں تو فیصلہ کر لیں کہ کام صرف باتوں سے نہیں چلے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تاریخ کبھی حقائق مسخ نہیں کرتی۔ کوئی ایک مثال دیں کہ پاکستان کو کوئی مسئلہ درپیش ہوا ہو اور چین مدد کے لیے نہ آیا ہو۔ مگر ’یہ واحد موقع ہے کہ چین اور سعودی عرب کی طرف سے کوئی ایک مذمتی لفظ پاکستان کی حمایت میں نہیں آیا۔ کیا یہ ہماری خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے یا ہم دنیا میں اکیلے ہونے جا رہے ہیں؟‘

’پاکستانی فوج کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے‘

منگل کو ہی راولپنڈی میں پاکستانی فوج کے کورکمانڈرز کا اجلاس بھی منعقد ہوا جس کے بعد فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر پیغام میں بتایا کہ اجلاس میں حکومت کی جانب سے انڈین اقدامات کو مسترد کیے جانے کی مکمل حمایت کی گئی۔

انھوں نے ٹویٹ میں مزید کہا کہ پاکستان نے کبھی بھی انڈیا کی جانب سے آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35-A کی مدد سے کشمیر پر قبضے کو قانونی حیثیت دینے کی کوشش کو تسلیم نہیں کیا ہے۔

ٹویٹ میں انھوں نے لکھا کہ ‘پاکستانی فوج کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ آخری وقت تک کھڑی ہے۔ ہم اس بارے میں مکمل طور پر تیار ہیں اور اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32300 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp