کشمیر میں آرٹیکل 370 کا خاتمہ: ’ایسا لگتا ہے کہ کچھ عرصے بعد لاوا پھٹے گا‘

زبیر احمد - بی بی سی، سری نگر

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

سری نگر

Getty Images
اگر مزید کچھ دن دکانیں نہ کھلیں تو شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے

’جب میں نے یہ خبر سنی تو مجھے دو بار ٹوائلٹ جانا پڑا‘

یہ کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک مسلم رہنما کا ردعمل تھا، جو آرٹیکل 370 کے بارے میں انڈین حکومت کے فیصلے کے اعلان سے قبل کافی گھبرائے ہوئے تھے۔

بی بی سی سے خصوصی بات چیت میں، انھوں نے کہا، ’میں ابھی مکمل صدمے میں ہوں۔ تمام کشمیری ایسے صدمے میں ہیں کہ وہ یہ سمجھنے کے قابل ہی نہیں ہیں کہ یہ کیسے ہو گیا۔ ایسا لگتا ہے کہ کچھ عرصے بعد لاوا پھٹنے والا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

کشمیر: ’کسی کو نہیں پتا کہ کیا چل رہا ہے، ہر جگہ خار دار تاریں لگی ہیں‘

’اب کشمیریوں کا انڈیا سے اعتبار اٹھ گیا ہے‘

محبوبہ مفتی:’پاکستان پر انڈیا کو ترجیح دینے میں غلط تھے‘

پیر کو پارلیمان میں وزیر داخلہ امت شاہ کے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے اعلان سے چند روز قبل وادی کشمیر میں کافی قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں اور ریاست کی تقسیم اور دفعہ 35 اے کے خاتمے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے۔

لیکن جموں و کشمیر کو خصوصی حقوق دینے والے آرٹیکل 370 کی تمام شقوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا، لوگوں کو اس کا خدشہ کم تھا۔

کشمیری عوام انڈین حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے فیصلے کو تسلیم کرنے پر تیار نظر نہیں آتے لیکن علاقے میں سکیورٹی لاک ڈاؤن کی وجہ سے تاحال یہ ردعمل سامنے نہیں آ سکا ہے۔

آرٹیکل 370 کے خاتمے کے اعلان کے تین دن بعد بھی کشمیر میں عوام کی زیادہ تر تعداد اپنے گھروں میں بند ہے اور کچھ ہڑتال کا سا سماں ہے۔

ایک سینیئر پولیس افسر کا کہنا ہے کہ تشدد کے چند واقعات کو چھوڑ کر ہر جگہ امن ہے تاہم پولیس اہلکار یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ لوگوں کا غصہ کسی بھی وقت پرتشدد شکل اختیار کرسکتا ہے۔

میں نے جتنے بھی عام لوگوں سے بات کی وہ فیصلے کے مخالف ہی نظر آئے اور ان کا کہنا تھا کہ اگر انڈین حکومت ریاست کی آبادیاتی شکل تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تو وہ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

سری نگر

Getty Images
سری نگر کسی بھی جنگی علاقے سے مختلف نظر نہیں آتا

ایسے ہی ایک کشمیری نوجوان نے بلاخوف و خطر کہا کہ وہ اس فیصلے کو قبول نہیں کرتا۔ انھوں نے دعوی کیا کہ ’عسکریت پسندی کے پیش نظر، لوگ یہاں آنے، جائیداد خریدنے اور انھیں آباد کرنے کی ہمت نہیں کریں گے۔

ایسے خیالات کا اظہار کرنے والوں کی تعداد کم نہیں تاہم چونکہ حکام نے وادی میں مرکزی سیاسی اور علیحدگی پسند قیادت کو حراست میں لیا ہوا ہے اور یا وہ نظربند ہیں، سو عوام ان کی رہائی کے منتظر ہیں تاکہ وہ مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں ان کی رہنمائی کر سکیں۔

راشد علی دوائیوں کی دکان چلاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ’پوری وادی کو کھلی جیل بنا دیا گیا ہے۔ رہنماؤں کو نظربند رکھا گیا ہے۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز کو ہر جگہ تعینات کردیا گیا ہے۔ ابھی ہر جگہ کرفیو نافذ ہے لہٰذا لوگوں کے لیے گھر چھوڑنا مشکل ہے۔ جب یہ سب ختم ہو جائے گا، لوگ سڑکوں پر آئیں گے۔‘

جموں و کشمیر کو مرکزی علاقہ بنانے کے فیصلے پر عوام کا کہنا ہے کہ ایک طرف تو انڈیا میں تلنگانہ جیسی نئی ریاستیں تشکیل دی جارہی ہیں تو دوسری جانب ریاست جموں وکشمیر کی حیثیت چھین لی گئی ہے۔

آج کا سری نگر کسی بھی جنگی علاقے سے مختلف نظر نہیں آتا۔ دکانیں اور بازار بند ہیں، سکول اور کالج بھی بند ہیں۔ لوگوں نے اپنے گھروں میں راشن اور دیگر اشیائے ضروریہ کا ذخیرہ تو کیا ہے لیکن اگر مزید کچھ دن دکانیں نہ کھلیں تو شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

آرٹیکل 370 کے بارے میں مزید جانیے

کیا آرٹیکل 370 کا خاتمہ چیلنج کیا جا سکتا ہے؟

آرٹیکل 370 تھا کیا اور اس کے خاتمے سے کیا بدلے گا؟

کشمیر: اقوام متحدہ کی قرارداوں کی حیثیت کیا ہے؟

وادی میں ٹیلیفون لائنز، موبائل کنکشن اور انٹرنیٹ براڈ بینڈ کی سہولیات بند کر دی گئی ہیں۔ ایک سینیئر پولیس افسر نے ہمیں بتایا کہ کچھ دن تک نہ تو کرفیو نرم کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی فون لائنوں اور موبائل فون کی سہولیات کو بحال کیا جا سکتا ہے۔

سری نگر بس سٹینڈ

Getty Images
سری نگر کے بس سٹینڈ پر مسافروں کی طویل قطاریں دیکھی جا سکتی ہیں

اس صورتحال میں لوگوں کی ایک قابلِ ذکر تعداد ایسی بھی ہے جو کشمیر سے نکلنا چاہتی ہے لیکن نقل و حمل کے مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے وہاں پھنسی ہوئی ہے۔

سری نگر کے بس سٹینڈ۔ پولیس ان کو کنٹرول کر رہی تھی لیکن بسوں کی شدید کمی کے باعث وہ پریشانی کا شکار تھے۔

اسی ہجوم میں ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے مزدور نے مجھے بتایا کہ وہ دو دن سے وادی سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن تاحال یہاں پھنسے ہوئے ہیں۔

ایک اور مسافر نے کہا ’ہم نے دو دن سے کھانا نہیں کھایا۔ گھر پر فون نہیں مل سکا کیونکہ موبائل فون نہیں چل رہے ہیں۔ ہم بہت پریشان ہیں۔‘

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 10840 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp