آرٹیکل 370: انڈیا سے سفارتی تعلقات محدود کرنے کا فیصلہ، پانچ نکاتی اعلامیہ جاری


انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کی صورتحال پر ردعمل ترتیب دینے کے لیے قائم کی گئی پاکستانی حکومت کی کمیٹی نے انڈیا سے سفارتی تعلقات محدود کرنے اور دو طرفہ تجارت معطل کرنے کے فیصلے سمیت پانچ نکات پر مشتمل اعلامیہ جاری کیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پرائم منسٹر آفس میں ہونے والی اس ملاقات میں کمیٹی نے سفارتی تعلقات محدود کرنے اور دو طرفہ تجارت معطل کرنے کے علاوہ تمام دو طرفہ معاہدوں کا ازسر نو جائزہ لینے، معاملے کو اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل لے جانے، 14 اگست کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منانے اور 15 اگست کو یوم سیاہ منانے کے فیصلے کیے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے علاوہ آج ہونے والی میٹنگ میں پاک فوج کے سربراہ، آئی ایس آئی کےسربراہ، وزیر قانون اور دیگر افراد شامل تھے۔

کمیٹی نے آج ملاقات میں انڈیا کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی صورتحال پر قانونی، سیاسی، سفارتی ردعمل سے متعلق تجاویز پر غور کیا اور انڈین حکومت کے فیصلے سے ابھرنے وال صورتحال اور ایل او سی کے حالات پر مشاورت کی۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان کی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں کشمیر کی صورتحال پر بحث کے بعد وزیراعظم عمران خان نے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کی صورتحال پر ردعمل ترتیب دینے کے لیے سات رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔

اعلامیہ کے مطابق اس کمیٹی میں وزیر خارجہ، سیکریٹری خارجہ، اٹارنی جنرل، عالمی قوانین کے ماہر وکیل اور وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی احمر بلال صوفی کے علاوہ ڈی جی آئی ایس آئی، ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز اور ڈی جی آئی ایس پی آر شامل تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp