سینٹرل کنٹریکٹ میں تبدیلیاں: شعیب ملک اور محمد حفیظ آؤٹ، محمد عامر ’سی کیٹیگری‘ میں منتقل


کرکٹ

کپتان سرفراز احمد کو کیٹگری اے اور شاہین شاہ آفریدی کو کیٹگری بی کے تحت سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے جبکہ شیعب ملک کا نام سینٹرل کنٹریکٹ سے غائب ہے (فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سیزن کے لیے قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے اور اس کے تحت کھلاڑیوں کی تعداد میں کمی لائی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس مرتبہ تعداد کے بجائے کارکردگی کو ترجیح دیتے ہوئے صرف 19 کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

گذشتہ سال 33 کرکٹرز کو پانچ کیٹگریز اے، بی، سی، ڈی اور ای کے تحت سینٹرل کنٹریکٹ دیے گئے تھے۔ تاہم اس مرتبہ ڈی اور ای کیٹگریز ختم کر دی گئی ہیں۔

اے کیٹگری میں اس بار صرف تین کرکٹرز شامل ہیں:

  • سرفراز احمد
  • بابر اعظم
  • یاسر شاہ

یہ بھی پڑھیے

مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

شعیب ملک نے ون ڈے انٹرنیشنل کو الوداع کہہ دیا

محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا

بی کیٹگری میں آٹھ کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ ملے ہیں:

  • اسد شفیق
  • اظہر علی
  • حارث سہیل
  • امام الحق
  • محمد عباس
  • شاداب خان
  • شاہین شاہ آفریدی
  • وہاب ریاض

سی کیٹگری میں آٹھ کرکٹرز شامل ہیں:

  • عابد علی
  • حسن علی
  • فخر زمان
  • عماد وسیم
  • محمد عامر
  • محمد رضوان
  • شان مسعود
  • عثمان شنواری

قابل ذکر نام سینٹرل کنٹریکٹ سے غائب

سینٹرل کنٹریکٹ میں اس بار جو دو اہم نام موجود نہیں وہ شعیب ملک اور محمد حفیظ کے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ نہ دیے جانے کے باوجود یہ دونوں کھلاڑی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔ یہ دونوں کرکٹرز ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے بعد ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں لیکن ورلڈ کپ میں ان دونوں کی جانب سے قابل ذکر کارکردگی نہ دکھائے جانے کے بعد اب ایسا نظر آ رہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ان کے مستقبل کا فیصلہ کر چکا ہے۔

حالانکہ شعیب ملک آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں لیکن دونوں کرکٹرز اب زیادہ آگے جاتے ہوئے نظر نہیں آ رہے۔

کرکٹ

ورلڈ کپ 2019 میں عمدہ کارکردگی دیکھانے والے بابر اعظم ان تین کرکٹرز میں شامل ہیں جنھیں کیٹگری اے کے تحت سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے (فائل فوٹو)

غور طلب بات یہ ہے کہ پچھلے سینٹرل کنٹریکٹ میں شعیب ملک ’اے‘ اور محمد حفیظ ’بی‘ کیٹگری میں شامل تھے۔

فاسٹ بولر جنید خان اور فہیم اشرف بھی نئے کنٹریکٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔

کرکٹرز کی تنزلی

نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں جو کھلاڑی اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں ان میں سب سے اہم نام فاسٹ بولر محمد عامر کا ہے۔ گذشتہ سینٹرل کنٹریکٹ میں وہ اے کیٹگری میں شامل تھے لیکن اب انھیں سی کیٹگری دی گئی ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ محمد عامر نے پچھلے دنوں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے خود کو لمیٹڈ اوورز کرکٹ تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اظہر علی گذشتہ سینٹرل کنٹریکٹ میں ’اے‘ کیٹگری میں شامل تھے لیکن نئے کنٹریکٹ میں وہ بی کیٹگری میں شامل ہیں۔

ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی دکھانے والے دو کرکٹرز حسن علی اور فخر زمان کی کیٹگریز میں بھی تنزلی ہوئی ہے اور یہ دونوں ’بی‘ سے ’سی‘ کیٹگری میں آ گئے ہیں۔

کرکٹرز کی ترقی

سینٹرل کنٹریکٹ میں جن کرکٹرز کی ترقی ہوئی ہے ان میں امام الحق، حارث سہیل، وہاب ریاض اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

کرکٹ

گذشتہ دنوں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے محمد عامر تنزلی کے بعد کیٹگری سی کنٹریکٹ میں جگہ بنا پائے ہیں (فائل فوٹو)

وہاب ریاض، امام الحق اور حارث سہیل ’سی‘ سے ’بی‘ کیٹگری میں آئے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی گذشتہ سال ’ای‘ کیٹگری میں تھے لیکن اس سال اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت اب وہ ’بی‘ کیٹگری میں شامل کیے گئے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ پر زیادہ توجہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس کی زیادہ توجہ اس وقت ٹیسٹ کرکٹ پر ہے کیونکہ آنے والے سیزن میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سری لنکا، آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے خلاف مجموعی طور پر چھ ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ کی مد میں دیے گئے معاوضوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔ گذشتہ سال ’اے‘ کیٹگری میں ایک کھلاڑی کو ماہانہ تقریباً آٹھ لاکھ روپے ملے تھے۔

اس بار یہ رقم بڑھا کر دس لاکھ روپے سے زیادہ کر دی گئی ہے جبکہ ’بی‘ کیٹگری کے کھلاڑی کو تقریباً آٹھ لاکھ روپے اور ’سی‘ کیٹگری کے کھلاڑی کو پانچ لاکھ روپے سے زیادہ ملیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp