انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی: ’پاکستان 370 کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا تھا‘


کشمیر

انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے سرکاری ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان 370 کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا تھا اور اس کے خاتمے کے ساتھ جموں و کشمیر اور لداخ میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔

ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے پیر کو آئین کی شق 370 اور 35 اے کے خاتمے کا متنازعہ اعلان کیا تھا۔

مودی کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اچانک نہیں بلکہ بہت سوچ بچار کے بعد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کیا آرٹیکل 370 کا خاتمہ چیلنج کیا جا سکتا ہے؟

آرٹیکل 370 تھا کیا اور اس کے خاتمے سے کیا بدلے گا؟

کشمیر کا مسئلہ کیا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ شق 370 کے خاتمے کے ساتھ جموں و کشمیر اور لداخ میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 370 اور 35 اے نے علیحدگی پسندی، دہشت گردی، اقربا پروری اوربڑے پیمانے پر بدعنوانی کے علاوہ کچھ نہیں دیا ہے اور یہ کہ ’عشروں سے خاندانی حکومتون نے جمون وکشمیر میں نوجوان قادت کو ابھرنے نہیں دیا۔‘

یاد رہے کہ انڈیا کی حکومت کی جانب سے اس اقدام سے پہلے کشمیر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا اور مختلف رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ کشمیر سے باہر کئی کشمیری افراد اب تک اپنے گھر والوں سے رابطہ نہیں کر پائے ہیں۔

قوم سے خطاب میں نریندر مودی کا مزید کہنا تھا ان شقوں کے ہوتے ہوئے خواتین اور مزدوروں کو بعض حقوق سے محروم رکھا گیا تھا۔

نریندر مودی نے وادی کی پولیس کا خاص طور سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور ان کے اہل خانہ کو وہی حقوق حاصل ہوں گے جو ملک کے دوسرے حصوں میں حاصل ہیں۔

نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب ان کے تعلیم، ملازمت اور کھیلوں کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

طلبہ کے لیے انھوں نے پرائم منسٹر سکالرشپ کا اعلان کیا۔

ان کے بقول وادی میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد بہت ترقی ہوئی ہے جس کا سلسلہ جاری رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ کشمیر کی خصوص حیثیت کا پاکستان نے فائدہ اٹھایا اور اسے وادی میں ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا اور اب خطے کو دہشتگردی سے پاک کر دیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp