اندرا گاندھی ماڈل


اب جبکہ کشمیر کا مسئلہ اجاگر ہو چکا ہے پاکستان کو اندرا گاندھی ماڈل کی کیس سٹڈی کرنی چاہیے اور کشمیر کی حمایت انہی خطوط پر کرنی چاہیے جن خطوط پر انڈیا نے مشرقی پاکستان پر کامیابی سے عمل کر کے ہمارا ملک دو لخت کیا تھا۔ سب سے پہلے تو عالمی سطح پر کشمیریوں پر کیے جانے والے غیر انسانی سلوک اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں پی آئی اے میں کشمیر فنڈ اور مسئلہ کشمیر کا بروشر ہر مسافر کو مہیا کیا جائے۔

چند پیلٹ گن کا شکار کشمیریوں کو کشمیر سے پاکستان لا کر علاج کی غرض سے یورپ اور امریکہ کے اہم ہسپتالوں میں سرکاری خرچ پر بھیجا جائے اور بین الاقوامی میڈیا میں اس کا خوب پروپیگنڈا کیا جائے ان کے انٹرویوز شائع کیے جائیں۔ ظلم آپ کے منہ سے سننا اور اپنی آنکھوں سے دیکھنا دو علیحدہ چیزیں ہیں اور کشمیریوں کی یورپی ہسپتالوں میں موجودگی بہر حال رائے عامہ کو جھنجھوڑے گی۔

اندرا گاندھی نے مشرقی پاکستان کی علیحدگی سے پہلے چوبیس ملکوں کے چھ ماہ میں دورے کیے اور پاکستان کے خلاف رائے عامہ ہموار کی اس موقع پر روابط مضبوط کرنے کی ضرورت ہے شاہ محمود قریشی کو ہنگامی صورت حال کا اعلان کر کے اسے خود لیڈ کرنا چاہیے۔

اکہتر میں بنگال کی جلاوطن حکومت کلکتہ میں بنائی گئی جو کہ جنگ کو کنٹرول کر رہی تھی۔ اگرچہ آزاد کشمیر میں کاغذی طور پر تقریباً ایسا ہی سیٹ اپ پہلے سے موجود ہے لیکن ستر سال پرانا ہونے کی وجہ سے وہ اپنی کریڈیبیلٹی کھو چکا ہے۔ اب ان کا شمار پاکستانیوں یا پاکستانی کشمیریوں میں ہوتا ہے مزید ان کی جدوجہد کو مشرف دور میں پاکستان دہشت گردی تسلیم کر چکا ہے۔ مرے کو مارے شاہ مدار کی طرح حافظ سعید کے انڈین علاقے میں حملے نے اس جدوجہد کو دہشت گردی کا درجہ دلا دیا ورنہ اس سے پہلے صرف کشمیری علاقوں میں کی گئی کارروائیوں کو عالمی سطح پر دہشت گردی نہیں مانا جاتا تھا۔

مقبوضہ کشمیر کی موجودہ قیادت کو پاکستانی کشمیر میں سیاسی پناہ دلوا کر ایک جلا وطن حکومت بنا کر مشرقی پاکستان کی طرز کی مسلح جدو جہد کا آغاز کرنا چاہیے۔ مشال ملک کی صورت میں ایک اہم سیاستدان تو پاکستان میں موجود ہے۔ بقیہ کو پاکستان لانا کوئی بہت مشکل کام نہیں کشمیر پہاڑی علاقہ ہے اور اسے کشمیری کراس کرتے رہتے ہیں۔

اب سب سے اہم اس علاقے میں اگر جنگ آزادی ہوتی ہے جسے پاکستان سپانسر اور سپورٹ کرتا نظر آتا ہے تو بڑی طاقتوں کی حمایت یا انہیں خاموش کیسے کروایا جائے اس ضمن میں امریکہ سے افغانستان پر سودے بازی کی جائے۔ دوبارہ پھر وہی بات لکھوں گا اس ضمن میں اندرا گاندھی ماڈل موجود ہے کیسے رائے عامہ کو بنگالی قتل عام کے پروپیگنڈے میں الجھا کر اتنا مشہور کر دیا کہ کسی ملک کی سر عام پاکستان کی حمایت کرنے کی اخلاقی جرات نہ رہی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).