کشمیر میں کشیدگی جاری، جبکہ پاکستان کا چینی حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

جموں و کشمیر

Getty Images
جموں و کشمیر میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو گشت کرتے دیکھا جا سکتا ہے

نریندر مودی کی حکومت کی جانب سے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے موقع پر کشمیر میں ہونے والا لاک ڈاؤن اور نافذ کیا گیا کرفیو سنیچر کو بھی جاری ہے اور ہزاروں انڈین فوجی وادی کی گلیوں اور شاہراؤں پر تعینات ہیں۔

ادھر پاکستان نے انڈیا کی جانب سے دنیا کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیے جانے کے بعد کہا ہے کہ چین نے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے پر پاکستان کے سلامتی کونسل میں جانے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

سری نگر میں موجود بی بی سی کے نمائندے عامر پیرزادہ نے بتایا ہے کہ شہر میں کرفیو کا سلسلہ بدستور جاری ہے اورعوام کے لیے تمام مواصلاتی ذرائع یعنی انٹرنیٹ اور ٹیلی فون بھی بند ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

کشمیر: انڈیا کا پاکستان پر دنیا کو گمراہ کرنے کا الزام

انڈیا کا کشمیر کی ’نیم خودمختار‘ حیثیت ختم کرنے کا اعلان

کشمیر کی صورتحال: ردعمل ترتیب دینے کے لیے کمیٹی قائم

محبوبہ مفتی:’پاکستان پر انڈیا کو ترجیح دینے میں غلط تھے‘

جموں و کشمیر

Getty Images

بعض اطلاعات کے مطابق سری نگر کے کچھ علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون کی سہولت دستیاب ہونا شروع ہوئی ہے لیکن اس کا معیار زیادہ اچھا نہیں ہے۔ نامہ نگار کے مطابق جمعے کو شہریوں کو اپنی مقامی مساجد میں نمازِ جمعہ ادا کرنے کی اجازت تو دی گئی تاہم سری نگر کی جامع مسجد کو بند رکھا گیا۔

نمازِ جمعہ کے بعد کئی علاقوں سے پتھراؤ، مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

بی بی سی کے نمائندے سری نگر کے مختلف ہسپتالوں میں گئے تو انھیں معلوم ہوا کہ مجموعی طور پر کم از کم 52 افراد کو چھرّوں سے زخمی ہونے کی وجہ سے ہسپتالوں میں لایا گیا ہے جن میں سے کم از کم تین افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

کشمیر میں نیم فوجی اہلکاروں کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ماضی میں بھی چھرّوں والے کارتوسوں کا استعمال کیا جاتا رہا ہے جس پر عالمی سطح پر تنقید بھی ہوتی رہی ہے۔

عامر پیرزادہ کے مطابق سری نگر کے مضافاتی علاقے بمنا میں شہریوں کو لے جانے والی ایک مقامی بس پتھراؤ کی وجہ سے بے قابو ہو کر پلٹ گئی جس سے تین افراد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر کارگل میں عوام نے لداخ کو مرکز کے زیرِانتظام علاقہ بنانے اور وہاں اسمبلی قائم نہ کرنے کے خلاف مظاہرے کیے ہیں جن کے بعد پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

جموں و کشمیر

Getty Images

کارگل میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار زبیر احمد کے مطابق انڈین حکومت کے فیصلے کے بعد سے علاقے میں ماحول شدید تناؤ کا شکار ہے اور کارگل کے لوگ مرکزی حکومت سے کافی ناراض دکھائی دیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عوام اس بات پر برہم ہیں کہ کارگل کو لداخ میں شامل کیا گیا ہے اور انھیں ایک قانون ساز اسمبلی بھی نہیں دی گئی جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ووٹ ڈالنے کے اہل بھی نہیں ہیں۔

نامہ نگار کے مطابق چار دن سے کارگل مکمل طور بند ہے اور لوگوں نے جمعے کو بھی احتجاجاً دکانیں بند کر رکھیں۔

زبیر احمد کا کہنا ہے کہ کارگل میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری تعینات ہے اور نوجوانوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کے واقعات کے بعد چند نوجوانوں کو پولیس نے حراست میں بھی لیا ہے۔

‘چین پاکستان کے سلامتی کونسل میں جانے کی حمایت کرتا ہے’

پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھی چینی ہم منصب سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ چین نے کشمیر کے معاملے پر پاکستان کے سلامتی کونسل میں جانے کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ژی سے ملاقات کے بعد جمعے کی شب اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران چین کے وزیرِ خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ انڈیا کے اس اقدام سے اس کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر کی حیثیت اور ہیئت میں تبدیلی واقع ہوئی ہے۔

شاہ محمود قریشی کے مطابق پاکستان نے اس معاملے پر سلامتی کونسل میں جانے کا جو فیصلہ کیا ہے، چین اس کی حمایت کرے گا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ اس بات پر بھی اتفاق ہوا ہے کہ انڈین اقدامات سے خطے کے امن و استحکام کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

وزیرِ خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور چین کا مشترکہ مؤقف ہے کہ جموں و کشمیر ایک متنازع علاقہ تھا اور ہے۔ ‘اقوام متحدہ نے اسے (متنازع علاقہ) تسلیم کیا ہے اور اس کا حل بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا چاہیے۔’

واضح رہے کہ پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی جمعرات کو رات گئے چین کے دورے پر روانہ ہوئے تھے۔

پاکستان انڈیا کی جانب سے انڈین آئین کی شق 370 کے تحت ریاست جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت کے خاتمے کے حوالے سے مختلف ممالک کے سفراء و مندوبین کو اپنی پوزیشن سے آگاہ کر رہا ہے۔

اسی تناظر میں پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے چند دن قبل ملائیشیا کے وزیرِ اعظم مہاتیر محمد اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان سے ٹیلی فون پر بات کی تھی۔

انڈیا کا پاکستان پر دنیا کو گمراہ کرنے کا الزام

اس سے قبل انڈیا نے پاکستان پر دنیا کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ انڈیا کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہے۔

انڈیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے جمعے کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق انڈیا کے فیصلے کی حقیقت کو تسلیم کرے۔

پاکستان نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے فیصلے کے بعد انڈیا کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات میں کمی کا اعلان کیا ہے اور انڈیا کے سفیر کو ملک سے چلے جانے اور اپنے نامزد سفیر کو دلی نہ بھیجنے کے علاوہ دونوں ملکوں کے ٹرین رابطوں اور تجارت کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انڈین وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے نیوز کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی حکومت نے دنیا کے کئی ملکوں کے سفیروں اور عالمی تنظیموں کے نمائندوں کو انڈیا کی پوزیشن سے روشناس کروایا ہے اور بتایا ہے کہ شق 370 سے متعلق تبدیلی انڈیا کا مکمل طور پر اندرونی معاملہ ہے اور اس کا تعلق انڈیا کے آئین سے ہے جو انڈیا کے اقتدار اعلیٰ کے دائرے میں ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان یکطرفہ قدم اٹھا کر اس اندرونی معاملے کو دنیا کے سامنے باہمی رشتے کی پریشان کن صورتحال کے طور پر پیش کر رہا ہے لیکن اسے ہر جگہ ناکامی ہوئی ہے۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 11123 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp