بلوچستان: کوئٹہ کے قریب بلند و بالا پہاڑوں کے درمیان پکنک کا روایتی انداز


لنجو واٹر پارک، بلوچستان

لنجو واٹر پارک کے نام سے یہ تفریحی مقام کوئٹہ شہر سے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر جنوب مغرب میں صرف 15 سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے

بڑھتی ہوئی مصروفیات کے باعث لوگوں کے پاس دور دراز کے حسین قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے اول تو وقت نہیں ہوتا یا اگر وقت ہو تو سب کے پاس اتنے وسائل نہیں ہوتے کہ وہ وہاں جا کر ان سے لطف اندوز ہو سکیں۔

یہی وجہ ہے کہ دنیا کے بڑے شہروں میں ان قدرتی مناظر سے مشابہ مناظر قائم کیے گئے ہیں تاکہ لوگ آسانی کے ساتھ ان سے محظوظ ہوں۔

ایسی ہی ایک کوشش پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں کوہ چلتن کے دامن میں دشت کے علاقے میں کی گئی ہے جہاں قدرتی ماحول کو بلوچوں اور پشتونوں کے ثقافتی رنگ سے مزین کرنے کی بھی کوشش کی گئی ہے۔ دیگر علاقوں میں جدید قیام گاہیں اور ہٹس وغیرہ بنائے جاتے ہیں لیکن یہاں ایسا کرنے کے بجائے گدان یا کژدی (روایتی خیمے) لگائے گئے ہیں جن سے پرانے زمانے کی یاد تازہ ہوتی ہے۔

لنجو واٹر پارک، بلوچستان

یہاں پر روایتی انداز میں خیمے بنائے گئے ہیں جن کے اندر کھانا پکانے اور آرام کرنے کی سہولت دی گئی ہے

یہ بھی پڑھیے

بلوچستان کی آبشاروں اور جھرنوں میں گِھری جنت

‘سندھ کا مری’: جہاں گرمیوں میں بھی ٹھنڈ پڑتی ہے

وادئ کُمراٹ: ’یہاں تو پانی کا شور بھی سکون دیتا ہے‘

جب سمندر، پہاڑ اور صحرا ایک جگہ ہوں!

یہ پارک کہاں واقع ہے؟

لنجو واٹر پارک کے نام سے یہ تفریحی مقام کوئٹہ شہر سے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر جنوب مغرب میں صرف 15 سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

یہ علاقہ اگرچہ انتظامی لحاظ سے ضلع مستونگ کا حصہ ہے لیکن کوئٹہ اور مستونگ کے سنگم پر ہونے کے باعث یہاں موٹر سائیکل اور سائیکل پر بھی آسانی سے پہنچا جا سکتا ہے جبکہ مستونگ جانے والی بسوں میں بھی وہاں تک آسانی کے ساتھ جایا جاسکتا ہے۔

لنجو واٹر پارک، بلوچستان

سستانے کے لیے سائے، کرسیوں اور بینچز کا بھی انتظام کیا گیا ہے

اگر راستے میں ٹریفک جام کی وجہ سے کوئی مسئلہ نا ہو تو اس پارک تک پہنچنے میں موٹرسائیکل یا گاڑی میں زیادہ سے زیادہ 30 سے 40 منٹ لگ سکتے ہیں۔

اس پارک میں کیا کیا سہولیات ہیں؟

دشت میں قائم کیے جانے والے اس نئے پارک میں ایک سوئمنگ پول بنایا گیا ہے جہاں گرمیوں کے موسم میں تیراکی کا خوب لطف اٹھایا جاسکتا ہے۔ سیر و تفریح کے لیے جانے والے بچوں کو ہلے گلے کا موقع فراہم کرنے کے لیے کھیل کود اور جھولوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

لنجو واٹر پارک، بلوچستان

اس نئے پارک میں ایک سوئمنگ پول بنایا گیا ہے جہاں گرمیوں کے موسم میں تیراکی کا خوب لطف اٹھایا جاسکتا ہے

یہاں لوگوں کو اپنے لیے کھانا تیار کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، اس لیے یہاں آنے والے لوگ اپنا من پسند کھانا تیار کرنے کے ساتھ ساتھ روایتی ڈش سجی بھی بنا سکتے ہیں۔ ہم نے یہاں پکنک کے لیے آنے والے متعدد لوگوں کو روایتی خیموں کے اندر سجی اور دیگر پکوانوں سے لطف اندوز ہوتے دیکھا۔

کوہ چلتن کا شمار بلوچستان کے معروف پہاڑوں میں ہوتا ہے جو کہ مغرب میں کوئٹہ شہر کے ساتھ ساتھ ضلع مستونگ میں لکپاس کے علاقے تک پھیلا ہوا ہے۔ سردیوں میں بسا اوقات اس پہاڑ کے بہت سارے حصے برف سے ڈھک جاتے ہیں۔

لوگ برفباری اور اس کے بعد برف پگھلنے تک برف سے لطف اندوز ہونے کے لیے بھی اس علاقے کا رخ کرتے ہیں۔ برف پگھلنے کے بعد یہاں خودرو جڑی بوٹیوں میں کئی رنگ کے خوبصورت پھول بھی اگتے ہیں جن کی خوشبو کے ساتھ ساتھ ان جڑی بوٹیوں کی خوشبو بھی ماحول کو معطر کردیتی ہے۔

لنجو واٹر پارک، بلوچستان

سیاحوں کی رائے

اس پارک میں ہماری ملاقات شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے محمد ولی سے ہوئی۔ وہ گزشتہ 15 سال سے کوئٹہ میں مقیم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور، کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں خوبصورتی ہے لیکن یہاں نہ صرف قدرتی خوبصورتی ہے بلکہ اس کے حسن میں اضافے کے لیے ثقافتی رنگوں کا اضافہ کر کے اسے منفرد بنایا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ کوہ چلتن کے دامن میں خیموں کو بڑی تعداد میں دیکھ کر پہلے یہ احساس ہوا کہ یہاں کوئی آبادی ہے لیکن قریب آ کر معلوم ہوا کہ لوگوں نے اپنی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے خیمے لگائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ علاقہ شہر سے قریب ہے لیکن محفوظ ہونے کی وجہ سے یہاں رات کو بھی قیام کیا جاسکتا ہے۔

بلوچستان یونیورسٹی میں بی ایڈ کے طالب علم محمد نعیم مینگل بھی لنجو پارک میں اپنے دوستوں کے ساتھ لطف اندوز ہونے کے لیے آئے ہوئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں لوگوں کو اپنے بچوں اور خاندانوں کے ساتھ خوب لطف اندوز ہونے کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔

لنجو واٹر پارک، بلوچستان

یہاں لوگوں کو اپنے لیے کھانا تیار کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے

انھوں نے بتایا کہ شہروں میں لوگ پریشانی اور مختلف حالات کے باعث تناﺅ کا شکار ہوتے ہیں۔ وہ ان سے کچھ وقت کے لیے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے کسی مشکل کے بغیر ایک پرامن ماحول میں پکنک منا کر واپس جا سکتے ہیں۔

بلوچستان کے گرم ترین علاقے بھاگ ناڑی سے تعلق رکھنے والے حق نواز بھی کچھ دیر کے لیے لطف اندوز ہونے کے لیے یہاں آئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ موسم کے لحاظ سے یہ علاقہ بہت اچھا ہے جبکہ یہاں کے مناظر خوبصورت ہونے کی وجہ سے یہ علاقہ پکنک کے لیے ایک بہت موزوں مقام ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp