جعلی اکاؤنٹس کیس: سابق صدر آصف زرداری کی بہن فریال تالپور اڈیالہ جیل منتقل


فریال تالپور

فریال تالپور علاج کی غرض سے وفاقی دارالحکومت کے پولی کلینک ہسپتال میں داخل تھیں

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرِ پاکستان آصف زرداری کی بہن اور سندھ اسمبلی کی رکن فریال تالپور کو اتوار کی شب اسلام آباد کے ایک مقامی ہسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

فریال تالپور کو 14 جون کو قومی احتساب بیورو نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار کیا تھا اور اس وقت وہ جوڈیشل حراست میں ہیں۔

فریال تالپور علاج کی غرض سے وفاقی دارالحکومت کے پولی کلینک ہسپتال میں داخل تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

’سب جیل‘ اور عام جیل میں کیا فرق ہے؟

فریال تالپور بھی گرفتار، زرداری ہاؤس سب جیل قرار

جعلی اکاؤنٹس سے اربوں روپے کس کس کو منتقل ہوئے؟

نیب کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فریال تالپور کو ڈاکٹروں نے ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا تھا جس کے بعد جیل حکام نے انھیں ہسپتال سے جیل منتقل کیا ہے۔

جمعے کے دن اسلام آباد کی احتساب عدالت نے فریال تالپور کا 10 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انھیں جیل بھیجنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

تاہم طبعیت کی خرابی کے باعث انھیں پولی کلینک ہسپتال میں رکھا گیا تھا اور جس وارڈ میں وہ موجود تھیں اسے سب جیل کا درجہ دیا گیا تھا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی پھوپھی کی جیل منتقلی پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’کون سا قانون اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ ڈاکٹروں کی ایڈوائس کے برخلاف ایک قیدی خاتون کو رات بارہ بجے جیل منتقل کر دیا جائے؟‘

بختاور بھٹو زرداری نے ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں فریال تالپور کی جیل منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ڈسچارج شیٹ رات گئے 11:10 منٹ پر تیار کی گئی۔

جون کے وسط میں گرفتاری کے بعد ابتدائی طور پر فریال تالپور کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں واقع زرداری ہاؤس میں رکھا گیا تھا جسے چیئرمین نیب نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے سب جیل قرار دیا تھا۔

زرداری

جون کے وسط میں گرفتاری کے بعد ابتدائی طور پر فریال تالپور کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں واقع زرداری ہاؤس میں رکھا گیا تھا

سنہ 1894 کے جیل قوانین کے تحت حکومت خصوصی احکامات کے ذریعے کسی بھی جگہ کو سب جیل قرار دے سکتی ہے۔ اگر یہ سمجھا جائے کہ کسی جیل میں مقررہ گنجائش سے زیادہ قیدی ہیں اور قیدی کو حفاظت میں وہاں نہیں رکھا جاسکتا، یا کسی جیل میں وبائی امراض پھیل سکتے ہیں یا کسی اور وجہ کے باعث کسی بھی ملزم کو عارضی شیلٹر یا محفوظ حراست میں رکھا جا سکتا ہے۔

جون کے وسط میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

آصف زرداری اور فریال تالپور 28 مارچ سے عبوری ضمانت پر تھے اور دونوں بہن بھائی کی گرفتاری سے قبل ضمانت میں پانچ، پانچ مرتبہ توسیع کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں ایک اکاؤنٹ سے مشکوک منتقلی کا مقدمہ درج کیا جس کے بعد کئی جعلی اکاؤنٹس سامنے آئے جن سے مشکوک منتقلیاں کی گئیں۔

ایف آئی اے کا دعویٰ ہے کہ ان مشکوک منتقلیوں سے مستفید ہونے والوں میں متحدہ عرب امارات کے نصیر عبداللہ لوطہ گروپ کے سربراہ عبداللہ لوطہ، آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور، اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید، ان کے بیٹے، بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض کے داماد ملک زین شامل ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32508 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp