جانیے! پارٹنر کی جنسی بے وفائی کے چودہ اہم اشارے


اگر آپ کے ساتھی کی جیب یا وینٹی بیگ میں ایسی اشیا رکھی ہیں جن کے بارے میں آپ کو معلوم ہے کہ انہیں آپ کے ساتھ استعمال نہیں کیا جا رہا تو شاید یہ جاننا مشکل نہیں رہتا کہ آپ کے تعلق میں کوئی تیسرا چہرا نمودار ہو چکا ہے۔ تاہم اس کے علاوہ بھی متعدد ایسی چھوٹی چھوٹی علامات موجود ہیں جنہیں اپنے ساتھی یا اپنی دوست کی بے وفائی کے اشارے سمجھنا چاہیے۔

  1. اگر آپ دونوں میں سے کوئی ایک مشترکہ طور ہر بڑی خریداری مثلاً کار خریدنا یا لمبی منصوبہ بندی مثلاً گھر بنانے کے لئے پلاٹ کی خریداری یا بیمہ پالیسی لینے سے کترانے لگے تو جان لیجئے کہ آپ کے تعلق میں دراڑ آ چکی ہے۔ ہوتا یہ ہے کہ اگر آپ دونوں مل کر کوئی ایسا مالی سودا کرتے ہیں جسے مکمل ہونے میں کچھ برس درکار ہیوں گے تو تعلق ختم ہونے کی صورت میں ایسی مالی ذمہ داری بوجھ بن جاتی ہے۔ سیدھی بات یہ کہ اگر آپ دونوں میں سے کوئی ایک ایسی کسی ذمہ داری سے کترانے لگے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ پرواز کی تیاری ہے یا کم از کم پرواز کا امکان مدنظر رکھا جا رہا ہے۔
  2. یہ تو ہو سکتا ہے کہ آپ کا ساتھی آپ کو دوستوں کے ساتھ شراب نوشی کی شام کے بارے میں بتانا بھول گیا یا آپ کی ساتھی کو اچانک اپنی دوستوں کے ساتھ کسی پارٹی پر جانا پڑ گیا جس کے بارے میں آپ کو پہلے سے خبر نہیں تھی۔ تاہم اگر ایسے بھلکڑ پن میں تسلسل آ جائے تو جان لیجئے بات محض شراب کے چند گلاس، شیشہ کلب میں ایک دو گھنٹےکی تفریح یا کسی پرانی دوست کی اچانک سالگرہ سے آگے بڑھ چکی ہے۔
  3. بے وفائی کرنے والے ساتھی کو اچانک ہر وقت فون اپنے ساتھ رکھنے کی عادت پڑ جاتی ہے۔ عام حالات میں بہت سے لوگ فون ایک عادت کے طور پر ہمراہ رکھتے ہیں لیکن اگر آپ دونوں میں سے کسی ایک میں یہ عادت اچانک سامنے آئی ہے اور اب واش روم میں بھی ٹیلی فون ہمراہ لے جایا جاتا ہے تو توجہ دیجئے۔ معاملہ اچانک کسی کی فون کال کا نہیں، بلکہ فون پر موجود شواہد سے خوف کھانے کا ہے۔
  4. اگر ایک پارٹنر کو اچانک ہر وقت فون پر ٹیکسٹ میسج کرنے کی عادت ہو گئی ہے اور آپ کو معلوم ہی نہیں کہ کس کے ساتھ اتنا تفصیلی تبادلہ خیال ہو رہا ہے تو دھیان رکھیے۔ ٹیکسٹ میسج پر صرف کاروبار، سیاست، فیشن اور فلموں کی بات ہی نہیں ہوتی۔ ٹیکسٹ میسج پر رومانی پیغامات روکنے کی کوئی آپشن موجود نہیں۔
  5. کاروبار میں پریشانی یا صحت کے مسائل یا بچوں کی تعلیم کے بارے میں الجھنوں سے اکثر پارٹنر کے موڈ میں تبدیلی آ جاتی ہے۔ لیکن ایک چھت تلے رہنے والوں کو عام طور پر معلوم ہوتا ہے کہ موڈ میں اس تبدیلی کا سبب کیا ہے۔ اگر آپ کو پارٹنر کے رویے میں تبدیلی کا سبب معلوم نہیں تو عین ممکن ہے کہ یہ تبدیلی کسی تیسرے امکان کے سبب رونما ہوئی ہے۔
  6. پارٹنر کی بدن بولی پر نظر رکھیے۔ اگر آپ ماضی میں گھنٹوں باتیں کیا کرتے تھے لیکن اب پارٹنر کے منہ پر آپ کو دیکھتے ہی بے زاری نمودار ہوتی ہے یا چند جملوں کے بعد اس کی توجہ ادھر ادھر بھٹکنے لگتی ہے تو جان لیجئے کہ محض توجہ نہیں بھٹکی، نیت بھی بھٹک رہی ہے۔
  7. سوتے وقت ہمارے بدن کے زاویے ہماری ذہنی کیفیت کے بارے میں بہت کچھ بتاتے ہیں۔ اگر آپ کو پارٹنر سوتے وقت گٹھری کی صورت گھٹنے سینے کی طرف کھینچے ہوئے نظر آئے تو جان لیجئے کہ دل کی بات چھپانے کی ناکام کوشش جا رہی ہے۔
  8. تحفے دینے سے محبت بڑھتی ہے۔ تاہم اگر تحفوں کی تعداد میں اچانک اضافہ ہو جائے تو سوچیے کہ تحفوں کی آڑ میں آپ کو بے خبر رکھنے کی کوشش تو نہیں ہو رہی۔
  9. اگر پارٹنر پر اچانک خوش دلی کا دورہ پڑا ہے، لطیفوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ آپ کی تعریفوں کے پل باندھے جا رہے ہیں تو خبردار ہو جائیے۔ اس مجلسی تبسم کی اوٹ میں رومانی سرگوشیوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
  10. اگر پارٹنر میں بننے سنورنے کا شوق اچانک بڑھ گیا ہے، کپڑوں پر توجہ بڑھ گئی ہے، اچانک جم جانے میں باقاعدگی آ گئی ہے، تو جاننے کی کوشش کیجئے کہ یکایک اپنا روپ نکھارنے کا جذبہ دراصل کس کے لئے بیدار ہوا ہے۔
  11. آپ نے یونہی پوچھا تھا کہ گزشتہ شام کی پارٹی کیسی رہی۔ اس کے جواب میں آپ کو مہمانوں کی پوری فہرست بتائی گئی، ایک ایک کھانے کی تفصیل بتائی گئی، معمولی سے معمولی چٹکلہ سنایا گیا۔ جان لیجئے کہ یہ ساری تفصیل کسی اہم ترین تفصیل کو چھپانے کے لئے بیان کی جا رہی ہے۔
  12. جس طرح غیر معمولی تفصیل کے پردے میں راز داری کا امکان ہوتا ہے اسی طرح یک لفظی جواب بھی بتاتا ہے کہ معاملہ لپیٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کل شام دوستوں کے ساتھ شاپنگ کیسی رہی؟ “ٹھیک تھی”۔ دورہ کیسا رہا؟ بس ہو گیا۔ خبردار رہیے کہ یہ محض اکتاہٹ نہیں، دلچسپی کہیں اور منتقل ہو چکی ہے۔
  13. پارٹنر کی بے وفائی کا ایک اہم نشان یہ ہے کہ وقت گزاری کے لئے بستر کی نسبت کمپیوٹر کی اسکرین یا موبائل فون زیادہ دلچسپ ہو جاتا ہے۔ سوشل میڈیا سے رغبت کا مطلب ہے کہ آپ دونوں کی باہم دوستی میں اب کشش ختم ہو چکی۔ مارے باندھے جو وقت ایک چھت تلے گزارنا پڑ رہا ہے، اسے سوشل میڈیا کی نذر کیا جا رہا ہے۔
  14. پارٹنر کے آے ٹی ایم کارڈ اور کریڈٹ کارڈ پر نظر رکھیں۔ اگر بینک کی اے ٹی ایم مشین کے پھیرے بڑھ گئے ہیں تو اس کا ایک ممکنہ مطلب یہ ہے کہ اخراجات کی کوئی ایسی مد پیدا ہو چکی ہے جو آپ کے علم میں نہیں۔

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).