نائجیریا: شیعہ رہنما شیخ ابراہیم الزکزکی رہائی کے بعد علاج کے لیے انڈیا روانہ


شیخ ابراہیم

شیخ ابراہیم الزکزکی سنہ 2015 سے ریاستی تحویل میں ہیں اور ان کی رہائی کے لیے گاہے بگاہے مظاہرے ہوتے رہتے ہیں

نائجیریا کے مشہور شیعہ رہنما شیخ ابراہیم الزکزکی چار سال کی قید کے بعد جیل سے رہا کر دیے گئے ہیں اور وہ اپنی اہلیے سمیت علاج کے لیے انڈیا روانہ ہو گئے ہیں۔

شیعہ تنظیم اسلامک موومنٹ کے بیان کے مطابق ایک سرکاری وفد بھی ان دونوں کے ہمراہ سفر کر رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ علاج مکمل ہونے کے بعد شیخ زکزاکی اور ان کی بیوی قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے نائجیریا واپس آئیں گے۔

شیخ ابراہیم الزکزکی کو سنہ 2015 میں ملک کی شمالی ریاست کاڈونا میں اپنے حامیوں اور فوج کے درمیان جھڑپ کے بعد اقدام قتل اور امن عامہ میں خلل ڈالنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ان جھڑپوں میں کلعدم شیعہ اسلامک موومنٹ کے 347 اراکین ہلاک ہوئے تھے جبکہ سیکڑوں مظاہرین کو گرفتار کیا گیا جن میں شیخ الزکزکی اور ان کی اہلیہ بھی شامل تھیں۔

زکزکی کے حامی ان کی رہائی کے لیے نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں باقاعدگی سے مظاہرے کرتے رہے ہیں جن میں پُرتشدد واقعات بھی پیش آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

نائجیریا: شیعہ رہنما کی عدالت میں پیشی

بحرین: ممتاز شیعہ عالم کی شہریت منسوخ

کشمیر میں شیعہ سنی اتحاد کا انوکھا مظاہرہ

نائجیریا کے چینلز ٹی وی نے پیر کو شیخ ابراہیم الزکزکی کی رہائی کی خبر نشر کی اور بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ زینت ابراہیم کے ہمراہ علاج کے لیے انڈیا روانہ ہو گئے ہیں۔

گذشتہ ماہ شمالی نائجیریا کے شہر کاڈونا کی ایک عدالت نے الزکزکی کو رہا کر کے علاج کے لیے ملک سے باہر جانے کی اجازت دی تھی۔

شیخ ابراہیم

ابوجا میں گذشتہ ہفتے میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں اسلامک موومنٹ آف نائجیریا سے منسلک متعدد مظاہرین ہلاک ہو گئے تھے

ان کے حامیوں کے مطابق شیخ الزکزکی نئی دہلی کے میڈانٹا ہسپتال میں زیرِ علاج رہیں گے۔

نائجیریا کی شیعہ اسلامک موومنٹ، جس کی قیادت شیخ زکزاکی کرتے ہیں، کو نائجیریا میں کلعدم قرار دیا جا چکا ہے اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کے مطابق سنہ 2015 سے نائجیریا کے حکام اسلامک موومنٹ کے خلاف بہت زیادہ طاقت کا استعمال کر رہے ہیں۔

شیخ ابراہیم الزکزکی کون ہیں؟

ابراہیم یعقوب الزکزکی 5 مئی 1953 کو زاریا، افریقہ میں ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئے۔ شیخ ابراہیم زکزاکی کا تعلق ملت جعفریہ نائیجیریا سے ہے۔ شیعہ و سنی مسلمان ان سے بلا تفریق عقیدت رکھتے ہیں، حتیٰ کہ مقامی عیسائی بھی انھیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

نائجیریا میں اکثریت اثنا عشری شیعہ مسلمانوں کی ہے۔ شیخ زکزاکی نے خود بھی امام خمینی کے افکار سے متاثر ہو کر شیعہ اثنا عشری ہوئے اور پھر اپنے افکار کی تبلیغ جاری رکھی۔ اس وقت ان کے پیروکاروں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ آیت اللہ شیخ براہیم زکزکی حافظ قرآن بھی ہیں۔ وہ یونیورسٹی دور سے ہی مبلغ ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32494 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp