ہم مودی کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے: عمران خان


پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں اپنے خطاب میں کہا ہے کہ وہ نریندر مودی کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ’آپ ایکشن لیں ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔‘ انھوں نے کہا کہ انڈیا کشمیر میں ہونے والے مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ’ایکشن‘ کر سکتا ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے سامنے مسئلہ کشمیر اٹھا رہا ہے اور اب یہ اقوامِ متحدہ پر ہے کہ وہ کشمیر سے متعلق قراردادوں پر کیسے عمل کرواتا ہے۔

یاد رہے کہ انڈین حکومت کی جانب سے کشمیر کی مخصوص آئینی حیثیت کے خاتمے کے بعد کشمیر میں گذشتہ دس روز سے لاک ڈاؤن جاری ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’نریندر مودی کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ آپ کشمیر پر قانون پاس کر کے کشمیریوں کو غلام بنا لیں گے۔‘ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ’نریندر مودی جو آپ کریں گے تو ہم مقابلے کے لیے آخر تک جائیں گے۔`

انھوں نے کہا کہ ’آر ایس ایس نے جرمنی کی نازی پارٹی سے سیکھا ہے کہ اگر تھوڑے لوگ منظم ہو جائیں تو پوری قوم پر غالب آ سکتے ہیں۔ بی جے پی نے انڈیا میں یہی کیا ہے۔‘ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان پورح طرح تیار ہے، فوج اور قوم ایک پیچ پر ہیں۔

عمران خان نے اقوامِ متحدہ کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’کشمیری آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔‘ انھوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے مسئلے کو لے کر دنیا کے ہر فورم پر جائے گا۔ ‘ہم عالمی عدالتِ انصاف میں جائیں گے۔ میں کشمیر کا سفیر بنوں گا۔’

اس خبر کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔۔۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp